ویٹیکن: کارڈینل سمیت 10 افراد پر بدعنوانی کا الزام
ویٹیکن نے بد عنوانی، غبن، منی لانڈرنگ، فراڈ، بھتہ خوری اور عہدے کے ناجائز استعمال کے کیس میں اٹلی کے معروف کارڈینل سمیت 10 افراد کو نامزد کردیا۔
ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کارڈینل انیگلو بیٹیو ویٹیکن میں اہم انتظامی افسر کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے، اس کے علاوہ مالی یونٹ کی جانب سے ویٹیکن کے دو مزید افسران پر لندن میں ایک عمارت کی خریداری سے متعلق کروڑوں یورو کے اسیکنڈل میں ملوث ہونے پر 27 جولائی کو مقدمہ چلایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: پولینڈ: تین سال میں پادریوں کی جانب سے 368 بچوں کے ساتھ بدسلوکی کا انکشاف
اس ٹرائل کے باعث روم کے عقب میں واقع چھوٹے سے شہر میں میڈیا کی دلچسپی بڑھ رہی ہے اور اس معاملے میں پوپ فرانسس کا عزم ظاہر کرتا ہے کہ وہ ویٹیکن کے مالی امور کو ٹھیک کرنے پر زور دے رہے ہیں، چاہے ایسے امور کی سماعت عوامی سطح پر ہی کیوں نہ کی جائے۔
یاد رہے کہ پوپ فرانسس گزشتہ سال کارڈینل انیگلو بیٹیو کو مبینہ اقربا پروری الزامات کے باعث عہدے سے ہٹا چکے ہیں، جو دو سالہ تفتیش کے دوران ہمیشہ خود کو بے گناہ ظاہر کرتے رہے ہیں، وہ مالی جرائم کے الزامات کا سامنا کرنے والے ویٹیکن کے سب سے سینئر افسر ہیں۔
پوپ فرانسس نے گزشتہ ہفتے ذاتی طور پر کارڈینل انیگلو بیٹیو پر مطلوبہ الزامات کے تحت نامزد کیے جانے سے متعلق اجازت دی تھی، یہ اجازت 487 صفحات پر مشتمل فرد جرم کی دستاویزات میں نشاندہی کے بعد دی گئی تھی، ویٹیکن کی جانب فرد جرم عائد کیے جانے کا اعلان 2 صفات پر مشتمل ایک جاری بیان میں دیا گیا۔
کارڈینل انیگلو بیٹیو پر غبن اور عہدے کے ناجائز استعمال کے الزامات ہیں، ان کے ساتھ کام کرنے والی ایک خاتون پر غبن جبکہ کارڈینل کے سابقہ سیکریٹری، جو پادری ہیں، پر بھتہ خوری کے الزامات ہیں۔
کارڈینل انیگلو بیٹیو نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں سازش کے تحت پھنسایا گیا ہے جبکہ انہوں نے ایک مرتبہ پھر خود کو معصوم قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق امریکی پادری جنسی جرائم ثابت ہونے پر برطرف
اٹلی سے تعلق رکھنے والے دو بروکرز گیانلوئیگی ٹورزی اور رافیل میکونی پر بھی غبن، فراڈ اور منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
گیانلوئیگی ٹورزی کے لیے اطالوی مجسٹریٹ نے اپریل میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے تھے ان پر بھتہ خوری کا الزام بھی تھا۔
اس حوالے سے فوری طور پر ان کے وکلا کا رد عمل سامنے نہیں آیا لیکن دونوں نے ملزمان نے الزامات کو مسترد کردیا۔