• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 29 فیصد تک کمی

شائع July 17, 2021
گزشتہ مالی سال کے مئی کے مقابلے میں رواں مالی سال مئی میں سرمایہ کاری میں 63 فیصد اضافہ ہوا — فائل فوٹو: اے ایف پی
گزشتہ مالی سال کے مئی کے مقابلے میں رواں مالی سال مئی میں سرمایہ کاری میں 63 فیصد اضافہ ہوا — فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی: مالی سال 2021 کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 29 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کو مالی سال 2021 میں ایک ارب 84 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی مجموعی ایف ڈی آئی حاصل ہوئی جو مالی سال 2020 میں 2 ارب 59 کروڑ 70 لاکھ ڈالر پر تھی، جس میں 28.9 فیصد کی کمی آئی ہے۔

مزید پڑھیں: براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 27 فیصد تک کمی

گزشتہ کئی برس سے پاکستان مزید ایف ڈی آئی کو راغب کرنے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے لیکن سرمایہ کاری 2 ارب 70 کروڑ ڈالر سے تجاوز نہیں کر سکی جو مالی سال 2018 میں ریکارڈ کی گئی تھی۔

جون کے دوران سرمایہ کاری 22.7 فیصد تنزلی کا شکار رہی جو مالی سال 2020 کے اسی عرصے میں 17 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھی۔

علاوہ ازیں گزشتہ مالی سال کے مئی کے مقابلے میں رواں مالی سال کے مئی میں سرمایہ کاری میں 63 فیصد اضافہ ہوا لیکن جون میں کم آمدنی نے منظر کو تبدیل کردیا کیونکہ اس سال اپریل اور مئی میں ایف ڈی آئی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری مئی میں بڑھ کر 19 کروڑ 83 لاکھ ڈالر ہوگئی تھی جو مالی سال 2020 میں اسی عرصے میں 12 کروڑ 14 لاکھ ڈالر تھی۔

یہ بھی پڑھیں: 25 ماہ بعد براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں منفی رجحان

تاہم جون 2021 میں پورٹ فولیو کی سرمایہ کاری کے ذریعے آنے والی آمدنی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جس نے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی مجموعی صورتحال میں مدد کی ہے۔

جون میں مالی سال 2020 میں 4 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں ملک میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری 49 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہی۔

مالی سال 21 میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں 21 کروڑ 15 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا جو مالی سال 20 میں 28 کروڑ 18 لاکھ ڈالر تھا، جس میں 175 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

مالی سال 2020 میں 2 ارب 31 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں مالی سال 2021 میں مجموعی طور پر غیر ملکی نجی سرمایہ کاری 11 فیصد کی کمی سے 2 ارب 5 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہی۔

مزید پڑھیں: براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 4 سال کی کم ترین سطح پر آگئی

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 21 کے دوران سب سے بڑا سرمایہ کار چین تھا کیونکہ مالی سال کے دوران اس ملک کی سرمایہ کاری 75 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تھی۔

تاہم ملک کی مجموعی سرمایہ کاری میں کمی آئی کیونکہ مالی سال 20 میں چین کی جانب سے سرمایہ کاری 84 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھی۔

گزشتہ کئی برس سے چین، پاکستان میں سرمایہ کاروں کی فہرست میں سرفہرست رہا ہے۔

ہانگ کانگ، پاکستان میں دوسرا سب سے بڑا سرمایہ کار تھا اگرچہ گزشتہ برس کے 19 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں کمی واقع ہوئی ہے۔

گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں سال امریکا اور برطانیہ سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں بہتری آئی ہے۔

گزشتہ برس بالترتیب 9 کروڑ 90 لاکھ ڈالر اور 11 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں امریکا اور برطانیہ سے آنے والی سرمایہ کاری 15 کروڑ 55 لاکھ ڈالر اور 14 کروڑ 35 لاکھ ڈالر رہی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024