• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ہماری حکومت کشمیر میں دو ریفرنڈم کروائے گی، وزیر اعظم

شائع July 23, 2021
انہوں نے کہا کہ ابھی سے ہی انتخابات میں دھاندلی سے متعلق بیانات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
انہوں نے کہا کہ ابھی سے ہی انتخابات میں دھاندلی سے متعلق بیانات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں 2 ریفرنڈم کرانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ریفرنڈم میں کشمیری عوام پاکستان یا بھارت کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کریں گے جبکہ ہماری حکومت میں ہونے والے دوسرے ریفرنڈم میں وہ پاکستان کے ساتھ الحاق یا آزاد ریاست کے طور پر رہنے کا فیصلہ کریں گے۔

آزاد کشمیر کے علاقے تراڑ کھل میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کشمیر کے لوگوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی، یہ بہت پرانی جدوجہد ہے اور وہ اپنے حق کے لیے بار بار کھڑے ہوئے ہیں۔

’مسلم لیگ (ن) نے آج تک کوئی چیز ایمانداری سے نہیں کی ‘

وزیراعظم نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی سے متعلق بیانات کا سلسلہ شروع ہوگیا، مسلم لیگ (ن) نے آج تک کوئی چیز ایمانداری سے نہیں کی اور اب وہ انتخابات سے قبل ہی شروع ہوگئے ہیں کہ دھاندلی ہوگی۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: 43 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار امن و امان یقینی بنائیں گے

وزیر اعظم عمران خان نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ’حکومت آپ کی، عملہ آپ کا، الیکشن کمیشن آپ کی پسند کا اور دھاندلی ہم کریں گے؟

انہوں نے ماضی میں لاہور کے جم خانہ میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی آمد سے متعلق بتایا کہ ’جب نواز شریف وزیر خزانہ بننے اور جم خانہ آئے تو اپنے ساتھ دو امپائر لاتے تھے، ایک کمشنر اور دوسرا ڈپٹی کمشنر اور جب نواز شریف آؤٹ ہوتے تھے تب دونوں میں سے ایک امپائر نو بال قرار دے دیتا تھا'۔

وزیر اعظم نے کہا کہ تب سے مسلم لیگ (ن) کو صرف ان امپائرز کے فیصلے پسند ہوتے ہیں جو ان کی منشا کے مطابق ہوں اور اب انتخابات میں الیکٹرانک مشن کے استعمال پر اپوزیشن لچک کا مظاہرہ نہیں کررہی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ انتخابات میں ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے، یہ ایک ایسا فیصلہ ہے جس کی بنیاد پر کوئی کسی پر دھاندلی کا الزام نہیں لگا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک سال ہوگیا لیکن اپوزیشن نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا، ایسے حالات پیدا کیے جارہے ہیں جو انتخابی عمل کو مزید مشکل بنادیا جائے گا۔

’پاکستان اور کشمیر کے 40 فیصد نیم متوسط طبقے کو سبسڈی پر ضروری اشیا ملیں گی‘

علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا میں اپنی حکومتی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 2013 میں خیبرپختونخوا تنہا ہوچکا تھا، ہم جب حکومت میں آئے تب 500 پولیس اہلکار دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہوچکے تھے، روزگار ختم ہوگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا آزاد کشمیر کے انتخابات میں مہاجرین کے نام پر 'بلیک میلنگ' ہوتی ہے؟

عمران خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 2013 اور 2018 کے دوران سب سے زیادہ خیبرپختونخوا میں غربت کی شرح کم ہوئی تھی، امیر غریب میں فرق کم ہوا اور ہیومن ڈیولپمنٹ میں سب سے زیادہ خرچ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے 40 فیصد نیم متوسط طبقے کو سبسڈی پر مشتمل ضروری اشیا میسر ہوں گی اور دسمبر تک تمام ڈیٹا بیس اور سافٹ ویئر تیار ہوجائے گا۔

’نریندر مودی نے کشمیریوں پر ظلم کیا، نواز شریف نے شادی میں شرکت کیلئے دعوت دی‘

وزیر اعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ (ن) کے قائد پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’بھارت پاکستانیوں اور کشمیریوں پر ظلم کررہا تھا اور نواز شریف، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو شادی میں شرکت کے لیے دعوت دے رہا تھا اور بھارت جاتے ہیں تو حریت رہنماؤں سے ملاقات نہیں کرتے تھے تاکہ مودی سرکار ناراض نہ ہوجائے‘۔

مزید پڑھیں: انتخابات میں مداخلت پر وزیر اعظم آزاد کشمیر کی اسلام آباد میں دھرنے کی دھمکی

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تو بات ہی نہیں کریں، سابق صدر آصف علی زرداری کو پیسے گنے سے فرصت ملتی تو وہ کشمیر کی بات کرتا۔

انہوں نے کشمیری رہنماؤں کو مخاطب کرکے کہا کہ وہ ہمت نہ ہاریں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر مشکل میں ساتھ کھڑے رہیں گے۔

’میں ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑتا رہوں گا‘

بعدازاں آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دو سیاسی جماعتیں (مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی) جلسے کررہی ہیں، ان سے صرف یہ سوال کرنا ہے کہ آپ نے کشمیریوں کی زندگی بہتر کرنے کے لیے کیا کیا؟ دوسرا سوال یہ پوچھنا ہے کہ دونوں جماعتوں کو 5-5 سال ملے تو انہوں نے دنیا میں جا کر کشمیریوں کا مقدمہ کتنا لڑا؟

وزیر اعظم نے کہا کہ ’میں ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑتا رہوں گا کیونکہ کشمیری وہاں جدوجہد کررہے ہیں اور یہاں بطور کشمیر کے سفیر جدوجہد جاری رکھوں گا‘۔

انہوں نے کہا کہ جب سے نریندر مودی کا دور آیا ہے سب سے زیادہ کشمیریوں پر ظلم کیا گیا، نام نہاد آپریشن کا نام دے کر کشمیریوں کو شہید کیا گیا، پیلٹ گن کا استعمال کیا گیا، گائے کا گوشت کھانے پر مسلمانوں کو قتل کیا گیا اور دیگر اقلیتوں پر بھی آر ایس ایس کے غنڈوں نے ظلم کیے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کتنی مرتبہ آصف علی زرداری اور نواز شریف نے آر ایس ایس کا نام لیا؟ بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی کتنی مذمت کی گئی؟ اور کتنی مرتبہ عالمی فورم پر آر ایس ایس کے نظریے کے خلاف اپنی آواز بلند کی؟

عمران خان نے سابق سیکریٹری خارجہ کا حوالہ دے کر کہا کہ انہوں نے اپنے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ہمیں حکم تھا کہ بھارت پر تنقید نہیں کرنی۔

انہوں نے تصنیف The Way of World کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے مصنف نے انکشاف کیا کہ 2007 میں بے نظیر بھٹو نے بلاول بھٹو زرداری کو بذریعہ فون بیرون ملک بینک اکاؤنٹس کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا اور اس وقت کی ایجنسیوں نے تمام ریکارڈنگ محفوظ کرلی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جب پیسہ بیرون ملک میں موجود ہو تو مغربی ممالک انہی معلومات کی بنیاد پر حکمرانوں کو کنٹرول کرتی ہیں اور اسی پر بے نظیر اور سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے مابین سمجھوتا ہوا۔

'نواز شریف، آصف زرداری نے ڈرون حملوں کی اجازت دی تھی'

ان کا کہنا تھا کہ 2008 میں ہم ساری جماعتیں چیف جسٹس کو بحال کرنے کے لیے متحد تھیں، ہمارے ساتھ نواز شریف بھی تھا، تین مرتبہ الیکشن کا بائیکاٹ کیا، یہ سب ریکارڈ پر ہے پھر اس کے بعد باہر سے اس کو حکم آیا کہ الیکشن لڑو اور اس نے ہم سب کو نہر کے پل پر کھڑا کر خود جا کر الیکشن لڑ لیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا میں بھارت کی لابی اسرائیل کے ساتھ مل کر کام کرتی ہیں، نواز شریف، نریندر مودی سے اس لیے دوستی کرنا چاہتا تھا کہ بیرون ملک اثاثے کی حفاظت کی جا سکے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کے دور میں ملک کے اندر اتحادی ملک (امریکا) ڈرون حملے کرتا تھا، دونوں حکومتیں مذمت کرتی تھیں لیکن اندر سے اجازت دی ہوئی تھی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ میرے ہوتے ہوئے ڈرون حملہ کیوں نہیں ہوتا؟ امریکا کو برا نہ کہوں کیونکہ ہمارے اپنے لوگوں نے اجازت دی ہوئی تھی۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم نے ایک اور تصنیف کا حوالہ دے کر کہا کہ آصف علی زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ڈرون حملوں میں اگر دہشت گردوں کے ساتھ معصوم شہری بھی نشانہ بن جائیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح نواز شریف اور آصف علی زرداری، آر ایس ایس کا نام نہیں لیتے اسی طرح دونوں اسرائیل کا نام بھی نہیں لیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024