• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

افغانستان میں ‘جبری قبضہ’ قبول نہیں کریں گے، معید یوسف

شائع August 5, 2021
معید یوسف نے امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں پریس کانفرنس کی—فائل/فوٹو: معید یوسف ٹوئٹر
معید یوسف نے امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں پریس کانفرنس کی—فائل/فوٹو: معید یوسف ٹوئٹر

قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان میں ‘جبری قبضہ’ قبول نہیں کرے گا اور جنگ زدہ ملک میں صرف سیاسی حل کی حمایت کرتا ہے۔

سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق معید یوسف نے امریکی انتظامیہ کے ساتھ ہفتہ بھر سے جاری مذاکرات کو سمیٹتے ہوئے واشنگٹن ڈی سی میں قائم پاکستان کے سفارت خانے میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ‘ہم طاقت کے بل بوتے پر قبضہ قبول نہیں کریں گے’۔

مزید پڑھیں: امریکا کا پاکستان سے افغان مہاجرین کیلئے سرحدیں کھولنے کا مطالبہ

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا واحد حل ‘سیاسی’ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے یہ واضح کردیا ہے کہ ہم اس معاملے میں عالمی برادری کے ساتھ ہیں وہ جہاں جانا چاہے لیکن دنیا کو بھی واضح ہونے کی ضرورت ہے کہ امریکا سیاسی حل کے لیے کام کرتا ہے’۔

معید یوسف نے بتایا کہ پاکستان کے خلاف افغان حکومت کے اشتعال انگیز رویے سے ہمسائیوں کے درمیان اچھے تعلقات قائم رکھنا ناممکن ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہمیں اس بات پر بہت تشویش ہے کہ افغان حکومت جان بوجھ کر پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کر رہی ہے’، افغانستان اپنی تمام ناکامیوں کو اسلام آباد پر ڈالنا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغان حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں لیکن بدقسمتی سے وہاں سے ہونے والی اشتعال انگیزی سے یہ ناممکن ہو رہا ہے۔

افغان حکومت اور طالبان پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں فریق لچک دکھائیں اور پرامن حل پر متفق ہوجائیں جیسا کہ امریکی فوجی انخلا سے انتہاپسند تیزی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ کابل کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کو عسکری فتح کی تلاش سے گریز کرنے کی ضرورت ہے اور مستقبل میں کسی قسم کے مذاکرات میں وسیع پیمانے پر افغانوں کو شامل کرے۔

انہوں نے کہا کہ ‘زمینی حقائق کے مطابق کچھ سمجھوتا کرنا ہوگا لیکن کشیدگی روک دینی ہوگی’۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا، پاکستانی قیادت کو نظر انداز کرتا رہا تو دوسرے آپشنز بھی ہیں، معید یوسف

معید یوسف نے بتایا کہ ان کے امریکی ہم منصب جیک سولیوین اور صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ کے دیگر عہدیداروں نے پاکستان نے کوئی خاص درخواست نہیں کی لیکن اس معاملے پر بات کی کہ ‘کس قدر جلدی ہم ان تمام فریقین کو دیانت دارانہ مذاکرات کے لیے ایک کمرے میں بٹھا سکتےہیں’۔

انہوں نے اس تاثر کو بھی رد کردیا کہ اسلام آباد کا مذاکرات میں طالبان کی طرف جھکاؤ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے پاس جتنا اثر و رسوخ تھا اس کو استعمال کرچکے ہیں’ اور اشارہ دیا کہ پاکستان طالبان کو دوحہ میں افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘اب فوج کے انخلا کے بعد منطقی طور پر مزید اثر ختم ہوچکا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مزید افغان مہاجرین کی میزبانی کی پوزیشن میں نہیں ہیں جبکہ اس وقت 35 لاکھ مہاجرین ملک میں موجود ہیں۔

معید یوسف کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے لیے افغانستان میں امن پر کوئی سمجھوتا نہیں، ہم کسی صورت عدم استحکام نہیں دیکھ سکتے کیونکہ ماضی میں اس کا ملبہ پاکستان پر پڑا ہے’۔

مشیر قومی سلامتی کا بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکا نے پاکستان سے افغان مہاجرین کے لیے سرحدیں کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا میں مقیم پاکستانی ’افغانستان صورتحال‘ کے پیش نظر تعلقات مستحکم کرنے کیلئے کوشاں

محکمہ خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار نے افغان شہریوں کے لیے نئی امریکی مہاجرین پالیسی کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ ضروری ہوگا کہ پاکستان اپنی سرحدیں (افغان مہاجرین) کے لیے کھلی رکھے‘۔

معید یوسف اسے قبل رواں ہفتے واشنگٹن میں ایک بریفنگ میں کہہ چکے ہیں کہ افغان مہاجرین کو پاکستان کی طرف دھکیلنے کے بجائے ملک کے اندر ہی بسانے کا انتظام کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ‘انہیں کیونکہ دبدر کر رہے ہیں، ان کے لیے اپنے ہی ملک میں انتظامات کریں، پاکستان کے پاس مزید مہاجرین رکھنے کی استطاعت نہیں ہے’۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024