• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے اپنے اختیارات وسیع کر لیے

شائع August 9, 2021
آئی او سی نے ویٹ لفٹنگ اور باکسنگ کی قیادت کے ساتھ طویل تنازعات کے باعث نئے اختیارات کے لیے ووٹنگ کی — فوٹو: اے ایف پی
آئی او سی نے ویٹ لفٹنگ اور باکسنگ کی قیادت کے ساتھ طویل تنازعات کے باعث نئے اختیارات کے لیے ووٹنگ کی — فوٹو: اے ایف پی

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے اپنے اختیارات میں وسیع کرتے ہوئے اولمپک پروگرام سے چند کھیلوں کو ہٹا دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آئی او سی نے ویٹ لفٹنگ اور باکسنگ کی قیادت کے ساتھ طویل تنازعات کے باعث نئے اختیارات کے لیے ووٹنگ کی، 2024 کے پیرس اولمپکس میں دونوں کھیلوں کے لیے ایتھلیٹس کا کوٹہ پہلے ہی کم کردیا گیا تھا اور اب ویٹ لفٹنگ کو مکمل طور پر ختم کیا جاسکتا ہے۔

اولمپک منشور میں کی گئی ترمیم کے مطابق اگر گورننگ باڈی، آئی او سی کے ایگزیکٹو بورڈ کے فیصلے کی تعمیل نہیں کرتی یا اس کے عمل سے اولمپک کی ساکھ کو کوئی نقصان پہنچتا ہے تو آئی او سی اس کھیل کو اولمپک سے ہٹا سکتی ہے۔

آئی او سی نے ایک شق 'لیکن اس تک محدود نہیں ہے' کا اضافہ کر کے اپنے اختیارات کو وسیع کرلیا ہے جس کے بعد کسی کھیل کو ہٹانے کی وجہ بتانا ضروری نہیں ہوگا۔

آئی او سی کے صدر تھومس بیچ سربراہی میں ایگزیکٹو بورڈ کو یہ اختیار بھی حاصل ہو گیا ہے کہ اگر کسی کھیل کی گورننگ باڈی فیصلے کی تعمیل نہیں کرتی تو اس کھیل کو اولمپکس سے معطل کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹوکیو اولمپکس: ویمنز ہاکی کے سیمی فائنل میں بھارت کو شکست

نئے قواعد کی ضرورت آئی او سی کے نائب صدر جان کوٹس نے ظاہر کی جو اولمپک باڈی کے قانونی کمیشن کی قیادت کرنے کے ساتھ تھومس بیچ کے قریبی ساتھی بھی ہیں۔

کھیلوں سے متعلق اجلاس کے آخر میں جان کوٹس نے کہا کہ 'ماضی قریب میں آئی او سی کو چند بین الاقوامی فیڈریشنز کی گورننس کے حوالے سے ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جس نے سنگین خدشات کو جنم دیا۔

طویل عرصے سے ڈوپ کیسز اور گورننس کے مسائل بشمول مالی کرپشن کے باعث پیرس اولمپکس سے ویٹ لفٹنگ کے کھیل کو ختم کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

ٹوکیو گیمز میں باکسنگ کا کنٹرول دو سال قبل بین الاقوامی باکسنگ ایسوسی ایشن سے واپس لے لیا گیا تھا اور اس کی وجہ 2016 کے ریو ڈی جنیرو اولمپکس میں باکسنگ کے مقابلوں کی ایمانداری پر شکوک اور ایسوسی ایشن کے صدارتی انتخاب پر آئی او سی کے خدشات تھے۔

مزید پڑھیں: کوئی پلان بی نہیں، اولمپکس اسی سال منعقد ہوں گے، تھامس باک

آئی او سی اب ٹوکیو اولمپکس میں باکسنگ کی پرفارمنس اور صدر عمر کریملے کے تحت اے آئی بی اے کی جاری اصلاحات کو دیکھے گی اور اس کے بعد کھیل کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرے گی۔

باکسنگ اور ویٹ لفٹنگ سمیت 28 کھیل اولمپک پروگرام میں شامل ہیں جبکہ میزبان شہر مقامی مارکیٹ کے من پسند کھیل شامل کرنے کی درخواست بھی کر سکتے ہیں۔

اس سال کے مقابلوں میں ٹوکیو نے بیس بال، سافٹ بال اور کراٹے شامل کیے جبکہ اسکیٹ بورڈنگ، اسپورٹ کلائمبنگ اور سرفنگ کو بھی متعارف کرایا، جو آئی او سی کی نوجوان ناظرین کی توجہ حاصل کرنے کی کوششوں کے مطابق ہے۔

بریک ڈانسنگ کا آغاز پیرس سے کیا جائے گا جبکہ اسکیٹ بورڈنگ، کلائمبنگ اور سرفنگ کو برقرار رکھا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024