• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

آزاد کشمیر کے صدر کا انتخاب 17 اگست کو ہوگا

شائع August 10, 2021
صدارتی دفتر کے لیے کاغذات نامزدگی 12 اگست کو جمع کرائے جائیں گے — فائل فوٹو / آئی این پی
صدارتی دفتر کے لیے کاغذات نامزدگی 12 اگست کو جمع کرائے جائیں گے — فائل فوٹو / آئی این پی

آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن کمیشن نے خطے میں صدارتی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کردیا اور پولنگ کے لیے 17 اگست کی تاریخ مقرر کردی۔

شیڈول کے مطابق صدارتی دفتر کے لیے کاغذات نامزدگی 12 اگست کو چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) کو مظفر آباد میں ان کے دفتر میں صبح 10 سے 12 بجے تک جمع کرائے جائیں گے، کمیشن اسی روز کاغذات کی جانچ پڑتال کرے گا۔

کاغذات نامزدگی 16 اگست کو صبح ساڑھے 11 بجے تک واپس لیے جاسکیں گے جبکہ ووٹنگ 17 اگست کو صبح 10 سے 2 بجے تک ہوگی۔

سال 2018 میں مسلم لیگ (ن) کی اکثریتی اسمبلی کی جانب سے 13ویں آئینی ترمیم کی منظوری سے قبل آزاد کشمیر کے صدر کے لیے الیکٹورل کالج آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور آزاد کشمیر کونسل کے اراکین پر مشتمل تھا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد جموں و کشمیر انتخابات: پی ٹی آئی کی 25 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت

تاہم آئینی ترمیم کے تحت کونسل سے نہ صرف اس کے مالی و ایگزیکٹو اختیارات واپس لے لیے گئے تھے بلکہ 6 بالواسطہ طور پر منتخب کونسل اراکین سے صدر کا الیکٹورل کالج بھی ختم کردیا گیا تھا۔

اس کے نتیجے میں ریاست کے نئے رسمی سربراہ کا انتخاب 17 اگست کو صرف اسمبلی کے اراکین کریں گے، جن میں سے 2 نے اب تک حلف نہیں اٹھایا ہے۔

آزاد کشمیر کونسل کے انتخابات

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے آزاد جموں و کشمیر کونسل کی 4 خالی نشستوں پر انتخابات کا شیڈول بھی جاری کردیا۔

یہ نشستیں رواں سال مئی میں 4 اراکین پرویز ملک، اختر پرویز اعوان، میر محمد یونس اور مختار عباسی کی پانچ سالہ مدت پوری ہونے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔

کونسل اراکین کا انتخاب قانون ساز اسمبلی کے اراکین متناسب نمائندگی کے نظام کے تحت کریں گے۔

شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسر کو کاغذات نامزدگی 14 اگست کی صبح 9 سے 2 بجے تک جمع کرائے جائیں گے، جن کی جانچ پڑتال اسی روز دوپہر 2 بجے کے بعد ہوگی۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: پی ٹی آئی نے مزید 3 مخصوص نشستیں حاصل کرلیں

کاغذات منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں الیکشن کمیشن میں 16 اگست کو صبح 9 سے ساڑھے 12 بجے تک دائر کی جاسکیں گی، جن کی سماعت 21 اگست کو صبح 9 سے ساڑھے 12 بجے تک ہوگی اور فیصلے اسی روز دوپہر 1 سے 4 بجے کے دوران سنائے جائیں گے۔

امیدوار 22 اگست کو صبح ساڑھے 11 بجے سے قبل اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے، جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست 2 بجے سے قبل جاری کردی جائے گی۔

ووٹنگ 23 اگست کو اسمبلی ہال میں صبح 10 بجے سے 2 تک ہوگی اور پولنگ کے فوری بعد ہی ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔


یہ خبر 10 اگست 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024