• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پی او ایف واہ میں دھماکا، 3 ملازمین جاں بحق، آئی ایس پی آر

شائع August 12, 2021
—فوٹو:ڈان نیوز
—فوٹو:ڈان نیوز

راولپنڈی: پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (پی او ایف) واہ کینٹ کے ایک پلانٹ میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں 3 ملازمین جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کے جاری بیان کے مطابق ‘پی او ایف واہ کے ایک پلانٹ میں حادثاتی دھماکا فنی خرابی کی وجہ سے ہوا’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘دھماکے سے 3 ملازمین جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے’۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: تھانہ گنج منڈی کے قریب دھماکا، 25 افراد زخمی

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ‘زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور جائے وقوع کو کلیئر کردیا گیا ہے جبکہ پی او ایف کی ٹیکنیکل ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے صورت حال پر قابو پالیا ہے’۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق واہ کینٹ کے علاقے لالہ رخ کے قریب ہونے والے دھماکے سے قریبی گھروں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور شہری خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ دھماکے سے اب تک 3 افراد جاں بحق اور دیگر 7 زخمی ہوئے اور پاک فوج کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو، فائر بریگیڈ اور سیکیورٹی اداروں کی گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکا واہ کینٹ فیکٹری کے اندر ایکسپلوزیو سیکشن میں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں فیکٹری میں زوردار دھماکا

خیال رہے کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹریز ملک کا سب سے بڑا صنعتی کمپلیکس ہے اور وزارت دفاعی پیداوار کے تحت کام کرتا ہے جہاں جنگی ہتھیار اور اسلحہ تیار ہوتا ہے۔

پی او ایف بورڈ کا ہیڈکورٹرز بھی واہ کینٹ میں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024