• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

این سی او سی نے کورونا سے متعلق پابندیوں کا نفاذ 27 شہروں تک بڑھا دیا

شائع August 29, 2021
ملک میں اس وقت کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 93 ہزار 504 ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں اس وقت کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 93 ہزار 504 ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے دوران یومیہ کیسز کی تعداد 4 ہزار کے آس پاس ہے اور اس میں واضح کمی سامنے نہیں آرہی۔

چنانچہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے وبا کی موجودہ صورتحال اور طبی سہولیات پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر کورونا ایس او پیز کے اطلاق کا دائرہ کار 27 شہروں تک بڑھا دیا۔

قبل ازیں یہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) 13 شہروں میں نافذ تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بلا تحقیق بوسٹر شاٹس کی اجازت دینے پر ماہرین صحت کو تحفظات

ان27 شہروں میں اسلام آباد، پنجاب کے 11 شہر بشمول خانیوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، بہاولپور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی، لاہور، اور رحیم یار خان، سندھ میں حیدر آباد اور کراچی، آزاد کشمیر میں مظفر آباد اور میرپور، گلگت بلتستان میں گلگت اور اسکردو جبکہ خیبر پختونخوا میں پشاور، سوات، ہری پور، مانسہرہ، لوئر دیر، صوابی، ایبٹ آباد، سوات، اور چترال زیریں شامل ہیں۔

ملک میں اس وقت کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 93 ہزار 504 تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 ہزار 909 کیسز اور 69 اموات رپورٹ ہوئیں۔

این سی او سی کی عائد کردہ پابندیاں

  • تمام تجارتی سرگرمیاں (ماسوائے ضروری خدمات) رات 8 بجے بند کر دی جائیں گی۔

  • ہفتے میں 2 دن تمام مارکیٹس بند رہیں گی، دنوں کا تعین صوبوں کی صوابدید رہے گا۔

  • ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی جبکہ آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت رات 10 بجے تک ہوگی البتہ ٹیک اوے کی سروس 24 گھنٹے کھلی رہے گی۔

  • اِن ڈور شادیوں کی تقریبات پر مکمل پابندی، 300 مہمانوں کے ساتھ آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات کی اجازت ہوگی اور آؤٹ ڈور شادیوں کی تقریبات کے اوقات رات 10 بجے تک برقرار رہیں گے۔

  • مزارت پر زائرین کی آمد کے علاوہ سینما گھروں پر بھی پابندی جاری رہے گی۔

  • کنٹیکٹ کھیلوں مثلاً کراٹے، باکسنگ، مارشل آرٹس، رگبی، واٹر پولو، کبڈی اور ریسلنگ وغیرہ پر عائد پابندی جاری رہے گی، جبکہ صرف ویکسینیٹڈ افراد ہی ان ڈور جِم جاسکیں گے۔

  • سرکاری اور نجی دفاتر عام دفتری اوقات کار میں ملازمین کی 50 فیصد تعداد کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔

  • پبلک ٹرانسپورٹ پر سواریوں کی شرح 50 فیصد جبکہ ریل سروس 70 فیصد سواریوں کے ساتھ جاری رہے گی۔

  • تفریحی پارکوں اور سوئمنگ پولز کی بندش برقرار رہے گی، عوامی پارکوں میں کورونا پروٹوکول کے ساتھ داخلے کی اجازت ہوگی۔

  • ملک بھر میں تعلیمی ادارے 50 فیصد تعداد اور تعطل کے ساتھ ہفتہ میں تین روز کھلے رہیں گے۔

مزید پڑھیں: حکومت سندھ نے بھی مختلف شعبہ سے وابستہ افراد کیلئے ویکسین لگوانے کی ڈیڈ لائن دے دی

این سی او سی سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سینٹر اپنی نافذ کردہ ایس او پیز پر 13 ستمبر کو نظر ثانی کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک مجموعی طور پر 11 لاکھ 52 ہزار 481 کورونا کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے 10 لاکھ 33 ہزار 373 صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے جبکہ 25 ہزار 604 لقمہ اجل بنے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024