• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

نیوزی لینڈ سے سیریز کیلئے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت

شائع August 30, 2021
25 فیصد شائقین اسٹیڈیم میں میچ سے لطف اندوز ہو سکیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی
25 فیصد شائقین اسٹیڈیم میں میچ سے لطف اندوز ہو سکیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی20 اور ون ڈے سیریز کے لیے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیمز میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔

پی سی بی سے جاری اعلامیے کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم 3 ون ڈے اور 5 ٹی20 میچز پر مشتمل دوطرفہ سیریز میں شرکت کے لیے 11 ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گی۔

مزید پڑھیں: دورہ پاکستان کیلئے نیوزی لینڈ کے اسکواڈ کا اعلان، اہم کھلاڑی دستبردار

فیصلے کے مطابق پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول تینوں ایک روزہ بین الاقوامی میچز کے لیے کُل 4500 جبکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول پانچ ٹی20 انٹرنیشنل میچز کے لیے کُل 5500 تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

سیریز کے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 17, 19 اور 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ پانچ ٹی20 انٹرنیشنل میچز 25، 26 اور 29 ستمبر، یکم اور تین اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

تاہم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے شرط عائد کی ہے کہ صرف کووڈ-19 ویکسین کی خوراکیں مکمل کرنے والے تماشائیوں کو ہی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہو گی۔

این سی او سی کی جانب سے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دیے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی ٹکٹنگ پالیسی کا اعلان بھی جلد کردے گا۔

یہ بھی پڑھیں: 'نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان میں شائقین کی اسٹیڈیم واپسی کی کوشش کریں گے'

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ تماشائیوں کو کھیلوں کے کسی بھی ایونٹ کا حقیقی اثاثہ مانا جاتا ہے اور ان کی محدود تعداد میں بھی اسٹیڈیم آمد ایونٹ کو چار چاند لگا دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ این سی او سی نے پاکستان اور نیوزی لینڈ سیریز کے درمیان آٹھ میچز کے لیے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ اب کرکٹ فینز دونوں ٹیموں کو 18 سال بعد پاکستان میں مدمقابل دیکھنے کے لیے کووڈ-19 ویکسنیشن کے عمل کو بھی تیزی سے مکمل کریں گے اور تماشائیوں کو اعلیٰ معیار کے کرکٹ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے جہاں وہ اپنی پسندیدہ ٹیم کو سپورٹ کرسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں، سیریز میں شرکت کے لیے پاکستان کا اسکواڈ 8 ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گا جہاں ایک روزہ قرنطینہ کے بعد قومی اسکواڈ 10 ستمبر کو ٹریننگ کا آغاز کردے گا۔

پی سی بی نے نیوزی لینڈ سے سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کو فیملیز اپنے ہمراہ لانے کی اجازت دے دی ہے۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا 18 سال بعد دورہ پاکستان، شیڈول جاری

سیریز میں شامل ون ڈے انٹرنیشنل میچز کا ٹاس دوپہر 2 بجے ہوگا اور میچ کی پہلی اننگز دوپہر ڈھائی بجے اور دوسری اننگز شام ساڑھے چھ بجے شروع ہو گی جبکہ ٹی20 میچز کا ٹاس شام ساڑھے چھ بجے ہو گا۔

یہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کا 2002 کے بعد پہلا دورہ پاکستان ہے جہاں اس سے قبل 2002 میں ٹیم ہوٹل کے قریب بم دھماکے میں 14 افراد کی ہلاکت کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم وطن واپس لوٹ گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024