• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

صرف وفاقی حکومت نہیں، پنجاب حکومت اور جیالا وزیر اعلیٰ بھی چاہیے، بلاول

شائع September 7, 2021
چیئرمین پیپلز پارٹی صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی کی تحصیل میلسی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز
چیئرمین پیپلز پارٹی صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی کی تحصیل میلسی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان اور صوبہ پنجاب کی قسمت بدلنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں صرف وفاقی حکومت اور جیالا وزیر اعظم نہیں چاہتا بلکہ مجھے پنجاب حکومت اور جیالا وزیر اعلیٰ چاہیے۔

صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی کی تحصیل میلسی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ ہمارا آپ سے آج سے نہیں بلکہ تین نسلوں سے رشتہ ہے، آپ نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کا ساتھ دیا تو تاریخ رقم کی اور اس ملک کی قسمت بدل دی، آپ نے مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کو دو دفعہ منتخب کر کے دکھایا، آپ نے صدر زرداری کا ساتھ دے کر تاریخ رقم کی اور آج میں ایک بار پھر وہاڑی عوام کے سے ان کا ساتھ اور مدد مانگنے آیا ہوں۔

مزید پڑھیں: سلیکٹڈ حکومت ایک بار پھر ہر طرف سے حملہ آور ہے، بلاول

ان کا کہنا تھا کہ میں اس ملک کی قسمت بدلنا چاہتا ہوں، جو وعدے قائد عوام اور شہید محترم بھٹو نے اس ملک کے عوام کے ساتھ کیے تھے، میں ان کو پورا کرنا چاہتا ہوں، یہ میری جدوجہد ہے لیکن میں اکیلا کچھ نہیں کر سکتا اور آپ میرا ساتھ دیں اور دیکھیں گے ہم پاکستان اور پنجاب کی قسمت تبدیل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت آپ کو اپنے حقوق سے محروم، پنجاب کے غریب عوام کے حقوق سلب کرنے اور جمہوریت کو ڈبونے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کو اس صوبے میں نقصان پہنچایا گیا لیکن میں اور آپ مل کر وہ پاکستان پیپلز پارٹی بنا کر رہیں گے جو قائد عوام کی ہے، جو بے نظیر بھٹو اور میرے جیالوں کی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ قائد عوام کے خلاف مہم چلائی گئی، انہیں کافر کہا گیا لیکن کس نے اسلام کی زیادہ خدمت کی ہے، قائد عوام نے یا انہوں نے جو کفر کے فتوے بانٹتے پھرتے ہیں، اگر یہ ملک آج بھی اسلامی وفاقی جمہوری نظام پر چلتا ہے تو قائد عوام کی وجہ سے چلتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کردار کشی کرتے، غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹتے پھرتے ہیں، قائد عوام کو غدار کہا گیا، شہید بینظیر بھٹؤ کو سیکیورٹی رسک کہا گیا لیکن میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ کون زیادہ محب وطن تھے، ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو یا وہ جو غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں جیالا وزیراعلیٰ لاکر دکھائیں گے، بلاول بھٹو زرداری

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع اگر کسی نے کیا ہے تو قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے کیا ہے، اگر آج یوم دفاع ہے تو ہم اس لیے سکون سے سو سکتے ہیں کہ قائد عوام نے ملک کو جوہری طاقت بنایا اور بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی دلوائی۔

بلاول نے کہا کہ بے نظیر بھٹو اور صدر زرداری کو چور چور کہہ کر ان کی کردار کشی کی مہم چلاتے تھے اور جو چور چور کہتے تھے آج وہ خود سرٹیفائیڈ چور ہیں اور صدر زرداری باعزت بری ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی جو برسر اقتدار ہیں وہ ہمیں چور کہہ رہے ہیں، خود چینی چور، آٹا چور، تیل چور نکلے ہیں اور آب روزگار چور بھی بن چکے ہیں لیکن پیپلز پارٹی ان کو نہیں چھوڑے گی، عمران خان نے آپ کے ووٹ، پیٹ اور جیب پر جو ڈاکا مارا ہے ہم اس سے حساب لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس ظالم حکومت کو عوام سے روزگار چوری کرنے نہیں دیں گے، اگر آپ ہمیں موقع دیں گے تو ہمارا پہلا کام یہی ہو گا کہ جو نوجوان بے روزگار ہیں ان کے لیے روزگار تلاش کرنا میری حکومت کا کام ہو گا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ صدر زرداری کے دور میں انقلابی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع ہوا اور ہم نے عورتوں کی جیب تک مالی مدد پہنچا، لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ اس پروگرام کا نام اور تصویر تبدیل کر کے آ کے دلوں سے بے نظیر شہید کی محبت نکال سکتے ہیں لیکن آپ کو پتہ ہے کہ جو آج احساس احساس کہتے ہیں ان کو کوئی احساس نہیں، یہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ہے اور جیالوں کی حکومت میں ہم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بھی اضافہ کریں گے۔

مزید پڑھیں: حکومت کے نشانے پر صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہے، بلاول

ان کا کہنا تھا کہ اگر اس ملک میں کوئی ظالم، آمر آیا اور ہمارے عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا تو صف اول کا کردار پیپلز پارٹی کا تھا، مقابلہ کیا تو صرف پیپلز پارٹی نے کیا، آپ نے دیکھا کہ کس خوبصورتی سے صدر زرداری نے غدار مپرویز مشرف کو بھگایا اور ہم آپ کی مدد سے ہم اس سلیکٹڈ کو بھی بھگائیں گے اور عوامی راج قائم کریں گے۔

انہوں نے پنجاب کے عوام سے جدوجہد تیز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جل رہا ہے اور آپ ہی اسے بچا سکتے ہیں، آپ نے پہلے جس طرح آمر ضیاالحق اور مشرف کو شکست دی، آپ اسی طرح ان سب کو بھی شکست دے کر مجھے عوامی حکومت بنا کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں صرف وفاقی حکومت نہیں چاہتا، میں صرف جیالا وزیر اعظم منتخب نہیں کرنا چاہتا بلکہ مجھے پنجاب حکومت اور جیالا وزیر اعلیٰ چاہیے لہٰذا اس کام کے لیے پورے پنجاب کے جیالوں کو جاگنا پڑے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024