• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

چین میں 2 کووڈ ویکسینز کے امتزاج کے پہلے ٹرائل کے نتائج جاری

شائع September 7, 2021
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

چین میں 2 کووڈ ویکسینز کے امتزاج کے پہلے ٹرائل کے نتائج سامنے آگئے ہیں جس کے مطابق اس سے زیادہ طاقتور مدافعتی ردعمل پیدا پوتا ہے۔

اس تحقیق میں کین سائنو ویکسین کی ایک خوراک کو سائنو ویک ویکسین کی ایک یا 2 خوراک کے بعد بطور بوسٹر ڈوز استعمال کیا گیا تھا۔

یہ بات چین میں 2 مختلف ویکسینز کے امتزاج کی پہلی تحقیق ہے جس کے نتائج اس وقت سامنے آئے جب حکام کی جانب سے مخصوص گروپس میں ویکسین کی اضافی خوراک کے استعمال پر غور کیا جارہا ہے۔

تحقیق میں رضاکاروں کو سائنو ویک کی دوسری خوراک کے استعمال کے 3 سے 6 ماہ بعد کین سائنو ویکسین کی ایک خوراک استعمال کرائی گئی۔

کین سائنو بائیو اور دیگر چینی اداروں کی اس تحقیق میں شامل محققین نے دریافت کیا کہ اس اضافی خوراک کے استعمال کے 2 ہفتے بعد وائرس ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز کی تعداد میں اوسطاً 78 فیصد اضافہ ہوا۔

اس کے مقابلے میں جن افراد کو سائنو ویک کی ویکسین ہی تیسری خوراک کے طور پر استعمال کرائی گئی ان میں اینٹی باڈیز میں اضافے کی شرح 15.2 گنا تھی۔

اسی طرح سائنو ویک ویکسین کی پہلی خوراک کے بعد کین سائنو ویکسین کو ایک یا 2 ماہ کے وقفے سے استعمال کرانے سے اینٹی باڈیز کی سطح میں 25.7گنا اضافہ ہوا جبکہ سائنو ویک کی 2 خوراکوں سے 6.2 گنا اضافہ ہوا۔

اس تحقیق میں 300 صحت مند افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کی عمریں 18 سے 59 سال کے درمیان تھی۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اس ٹرائل میں ویکسین کی اضافی خوراک سے کووڈ 19 سے ملنے والے تحفظ کا تجزیہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی کورونا کی ڈیلٹا قسم پر اینٹی باڈیز کی آزمائش کی۔

اس سے قبل 6 ستمبر کو سائنو ویک کی بوسٹر ڈوز کے حوالے سے ایک تحقیق کے نتائج بھی سامنے آئے تھے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ سائنو ویک کی ویکسین کورونا ویک کی تیسری خوراک کورونا کی زیادہ متعدی قسم کے خلاف طویل المعیاد مدافعتی ردعمل کے حصول میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ سائنو ویک کی کووڈ ویکسین کی تیسری خوراک وائرس ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز کی تعداد میں نمایاں حد تک اضافہ کردیتی ہے۔

چائنیز اکیڈمی آف سائنسز، فیورن یونیورسٹی، سائنو ویک اور دیگر چینی اداروں کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ سائنو ویک کی 2 خوراکیں استعمال کرنے والے افراد کے نمونوں میں ڈیلٹا کے خلاف وائرس کو ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈی سرگرمیوں کو 6 ماہ بعد دریافت نہیں کیا جاسکا۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ جن افراد کو ویکسین کی تیسری خوراک استعمال کرائی گئی ان میں 4 ہفتوں بعد دوسری خوراک استعمال کرنے کے 4 ہفتوں کے بعد کے مقابلے میں ڈیلٹا کے خلاف وائرس ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز میں ڈھائی گنا اضافہ ہوا۔

تحقیق میں یہ وضاحت نہیں کی گئی اینٹی باڈی سرگرمیاں بڑھنے سے ڈیلٹا سے بیمار ہونے سے لوگوں کو کس حد تک تحفظ ملتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024