• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

مسجد کا ’تقدس پامال‘ کرنے کا کیس: صبا قمر اور بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری

شائع September 8, 2021
دونوں کے خلاف گزشتہ برس اگست میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
دونوں کے خلاف گزشتہ برس اگست میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے جوڈیشل میجسٹریٹ نے مسجد کا ’تقدس پامال‘ کرنے کے کیس میں گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

دونوں کے خلاف گزشتہ برس اگست میں لاہور کی تاریخی مسجد وزیر علی خان میں گانے کی شوٹنگ کے دوران مسجد کا ’تقدس پامال‘ کرنے کا مقدمہ دائر کروایا گیا تھا۔

مذکورہ کیس میں سیشن کورٹ نے گزشتہ برس دونوں کی ضمانت میں توثیق بھی کردی تھی مگر تازہ سماعت میں پیش نہ ہونے پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔

جوڈیشل میجسٹریٹ کی عدالت میں دونوں کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں بلال سعید اور صبا قمر کو بھی پیش ہونا تھا مگر وہ پیش نہ ہوسکے۔

عدالت میں پیش نہ ہونے پر جوڈیشل میجسٹریٹ نے دونوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے لیکن ساتھ ہی انہیں گرفتاری سے بچنے کے لیے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: مسجد کا ’تقدس پامال‘ کرنے کا الزام، بلال سعید اور صبا قمر کے خلاف مقدمہ دائر

صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف پروسیکیوشن کی جانب سے مکمل چالان پیش کیے جانے کے بعد ان کے کیس کی تازہ سماعت ہوئی تھی۔

عدالت نے دونوں کی عدم پیشی کے باعث ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے لیکن ساتھ ہی دونوں کو گرفتاری سے بچنے کے لیے 30 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت بھی کی۔

قبول ہے نامی گانا جاری ہونے کے بعد ان پر مقدمہ دائر کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
قبول ہے نامی گانا جاری ہونے کے بعد ان پر مقدمہ دائر کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

عدالت نے دونوں کو ہدایت کی کہ وہ 6 اکتوبر کو ہونے والی سماعت سے قبل ضمانتی مچلکے جمع کروائیں۔

پروسیکیوشن کی جانب سے جمع کرائے گئے چالان میں بلال سعید اور صبا قمر پر مسجد وزیر علی خان میں ویڈیو شوٹ کرنے سمیت ’تقدس پامال‘ کرنے کے الزامات بھی لگائے گئے ہیں۔

دونوں کے خلاف ابتدائی طور پر دفعہ 295 پ کے تحت لاہور کے اکبری گیٹ تھانے میں عدالتی حکم کے بعد مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: عدالت نے بلال سعید، صبا قمر کو 3 ستمبر کو طلب کرلیا

دونوں کے خلاف ایڈووکیٹ سردار منظور چانڈیو کی مدعیت میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا اور انہوں نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

مقدمہ دائر ہونے کے بعد دونوں ملزمان کو عدالت نے طلب بھی کیا تھا اور دونوں ستمبر 2020 میں ہونے والی سماعتوں میں پیش بھی ہوئے تھے اور انہوں نے ضمانت حاصل کی تھی۔

گانے میں دونوں کا مسجد وزیر علی میں نکاح دکھایا گیا تھا—اسکرین شاٹ
گانے میں دونوں کا مسجد وزیر علی میں نکاح دکھایا گیا تھا—اسکرین شاٹ

دونوں کے خلاف اگست 2020 میں جاری کیے گئے گانے ’قبول‘ کو جاری کرنے کے بعد مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مسجد میں ویڈیو بنانے کا معاملہ: عدالت نے صبا قمر اور بلال سعید کی ضمانت کی توثیق کردی

’قبول‘ میں بلال سعید اور صبا قمر کو مسجد وزیر علی خان میں نکاح کی رسم ادا کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا لیکن ان پر اس وقت الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے مبینہ طور پر مسجد کی حدود میں رقص بھی کیا۔

دونوں اداکاروں نے مسجد کی حدود میں رقص کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے مسجد میں صرف نکاح کی رسم کی شوٹنگ کی تھی اور اس ضمن میں انتظامیہ سے باضابطہ طور پر اجازت بھی لی گئی تھی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Erum Siddiqui Sep 09, 2021 11:49am
مسجد انتظامیہ قصوروار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024