• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات: وزیراعظم کا پنجاب میں پی ٹی آئی کی شکست پر اظہار ناراضی

شائع September 15, 2021
کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کو چار بڑے شہروں سے شکست ہوئی — فائل فوٹو: اے پی پی
کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کو چار بڑے شہروں سے شکست ہوئی — فائل فوٹو: اے پی پی

وزیر اعظم عمران خان نے حالیہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں چار بڑے شہروں راولپنڈی، لاہور، پشاور، اور ملتان میں حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی شکست پر ناراضی کا اظہار کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ وزیر اعظم نے معاملے پر ہنگامی اجلاس میں پی ٹی آئی کے اعلیٰ عہدیداران کو ہدایت دی کہ وہ اہم شہروں میں برسر اقتدار جماعت کی شکست کی وجوہات معلوم کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے رابطہ کرنے پر ڈان کو بتایا کہ 'اگرچہ وزیر اعظم نے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں پی ٹی آئی کی مجموعی فتح پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی اور سیکریٹری جنرل عامر محمود کیانی کو معاملے کا تجزیہ کرنے کا ٹاسک سونپا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: غیر سرکاری نتائج: پی ٹی آئی کنٹونمنٹ انتخابات میں پہلے نمبر پر

گزشتہ اتوار کو 41 بورڈز میں ہونے والے کنٹونمنٹ انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 63 وارڈز میں کامیابی کے ساتھ سب سے آگے ہے، اس کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) 59 وارڈز کے ساتھ دوسرے نمبر پر، آزاد امیدوار 51 وارڈز کے ساتھ تیسرے، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) 17 وارڈز کے ساتھ چوتھے، متحدہ قومی موومنٹ 10 وارڈز کے ساتھ پانچویں، جماعت اسلامی 7 وارڈز کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) 3 اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) 2 وارڈز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔

وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حکام کو پنجاب میں فوری بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا اسد عمر، فواد چوہدری، شفقت محمود، مخدوم خسرو بختیار، غلام سرور خان، چوہدری طارق بشیر چیمہ اور مونس الہٰی کے علاوہ پنجاب کے صوبائی وزیر عبدالعلیم خان اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے، حکومت پنجاب نے وزیر اعظم کو صوبے میں نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: حکومتِ پنجاب نے بلدیاتی اداروں کو تحلیل کرکے رائے دہندگان کے حقوق ضبط کیے، سپریم کورٹ

وزیر اعظم عمران خان نے اس بات پر زور دیا کہ بلدیاتی حکومت، جمہوریت کا بنیادی ڈھانچہ ہے اور مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے۔

انہوں نے متعلقہ عہدیداران کو کہا کہ وہ بلدیاتی نمائندوں کے براہ راست انتخابات کو یقینی بنائیں۔

نجکاری میں شفافیت

ایک الگ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اسٹیل ملز اور جناح کنونشن سینٹر سمیت دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل مکمل کرنے میں شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: نجکاری فہرست میں پی آئی اے شامل نہیں، ہمیں اس کی تشکیلِ نو کرنی ہے، غلام سرور

وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو نے وزیر اعظم کو مختلف اداروں کی نجکاری کی حالیہ صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیراعظم کو 13 سے 21 ستمبر تک منعقد ہونے والے روڈ شوز کے حوصلہ افزا نتائج پر بھی اپ ڈیٹ کیا گیا جس کا مقصد پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024