• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

جوانی میں اچھے کردار نہ ملنے پر بولی وڈ سے دور ہوئی، عائشہ جھلکا

شائع October 2, 2021
عائشہ جھلکا 2000 کے بعد فلموں میں مہمان اداکار کے طور پر دکھائی دیتی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک/ اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
عائشہ جھلکا 2000 کے بعد فلموں میں مہمان اداکار کے طور پر دکھائی دیتی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک/ اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

ماضی کی مقبول بولی وڈ ہیروئن عائشہ جھلکا نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں جوانی میں اچھے کردار نہیں دیے اور ان کی صلاحیتوں سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا، جس وجہ سے انہوں نے فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کی۔

عائشہ جھلکا نے 16 برس کی عمر میں 1990 میں سلمان خان کے ساتھ ’قربان‘ فلم سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور دیکھتے ہی دیکھتے مقبول ہوگئی تھیں۔

خوبصورت چہرے اور جوانی کی وجہ سے عائشہ جھلکا کو ایک کے بعد ایک اچھی فلموں کی پیش کش ہوئی اور ماضی میں ان کی ایک ہی سال میں پانچ پانچ فلمیں بھی ریلیز ہو چکی ہیں، تاہم اب وہ طویل عرصے سے اسکرین سے دور ہیں۔

حال ہی میں ’ہندوستان ٹائمز‘ کو دیے گئے انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ انہیں بچپن سے فلمیں پسند تھیں اور وہ زمانہ طالب علمی میں اداکاراؤں کی طرح سجتی سنورتی تھیں، تاہم انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ اتنی بڑی اداکارہ بنیں گی۔

عائشہ جھلکا کے مطابق جب 16 برس کی عمر میں انہیں پہلی فلم کی پیش کش ہوئی تو انہوں نے اپنا شوق پورا کرنے کے لیے اس میں کام کیا، تاہم ان کی خوبصورتی اور اداکاری کی وجہ سے انہیں یکے بعد دیگرے فلموں کی پیش کش ہونے لگی۔

زیادہ تر رومانوی کردار دیے گئے، اداکارہ—اسکرین شاٹ
زیادہ تر رومانوی کردار دیے گئے، اداکارہ—اسکرین شاٹ

اداکارہ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر کم عمری کی وجہ سے انہیں اپنے کردار سمجھ نہیں آئے، انہیں تقریبا تمام فلموں میں ہیروئن کے رومانوی کردار دیے گئے اور انہیں ہیروز کے ساتھ درختوں، پھولوں، پہاڑوں اور جنگل میں رقص اور پیار کرتے دکھایا گیا۔

ان کے مطابق گزرتی عمر کے ساتھ انہیں احساس ہوا کہ انہیں صرف رومانوی کردار نہیں کرنے چاہئیں، انہیں اداکاری سے بھرپور روپ بھی دھارنے چاہئے مگر افسوس انہیں ایسے کردار نہیں ملے۔

عائشہ جھلکا کہنا تھا کہ اس وقت اچھے اور لوگوں کے دلوں میں گھر کر جانے والے کردار ان سے سینیئر اداکاروں کو دیے جاتے تھے، جس وجہ سے انہوں نے 1999 میں فلم انڈسٹری کو دانستہ طور پر خیرباد کہا۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ ان کی صلاحیتوں سے فلم سازوں نے فائدہ نہیں اٹھایا اور انہیں صرف رومانس کرنی والی ہیروئن کے طور پر پیش کیا گیا اور اسی وجہ سے ہی انہوں نے فلم انڈسٹری کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ فلم انڈسٹری سے دوری کے بعد بھی انہیں کام کی پیش کش ہوئی جب کہ انہیں ٹی وی پر بھی اچھے منصوبوں کی آفرز ہوئیں مگر انہوں نے انکار کیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان سے اب بھی اچھے منصوبوں میں کام کرنے کے لیے رابطہ کیا جا رہا ہے اور وہ بعض ویب سیریز کے اسکرپٹس کو دیکھ رہی ہیں، جن میں ممکنہ طور پر وہ ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

عائشہ جھلکا کی 1999 کے بعد بھی اگرچہ ایک درجن سے زائد فلمیں آئیں، تاہم ان میں انہوں نے مرکزی اور اہم کردار ادا نہیں کیے۔

اداکارہ نے فلموں سے بریک لینے کے بعد 2003 میں صنعت کار سمیر واشی سے شادی کی، انہیں کوئی اولاد نہیں ہے۔

عائشہ جھلکا نے سلمان خان، عامر خان، سنجے دت اور متھن چکروتی سمیت اس دور کے تقریبا تمام بڑے ہیروز کے ساتھ فلمیں کیں۔

اداکارہ کے مطابق کم عمری کی وجہ سے انہیں اس وقت اپنے کردار سمجھ میں نہیں آئے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
اداکارہ کے مطابق کم عمری کی وجہ سے انہیں اس وقت اپنے کردار سمجھ میں نہیں آئے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024