• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

کووڈ 19 سے تحفظ کے لیے ویکسینیشن کا ایک اور فائدہ دریافت

شائع October 14, 2021
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

کووڈ 19 سے بچاؤ کے لیے اگر آپ ویکسینیشن کراتے ہیں تو اس کا فائدہ صرف آپ کو ہی نہیں بلکہ گھر کے ایسے افراد کو بھی ہوتا ہے جن کی ویکسنیشن نہیں ہوتی۔

یہ بات سوئیڈن میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

اومیو یونیورسٹی کے گیریاٹرک میڈیسین یونٹ کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ ویکسینز سے دور رہنے والے خاندان کا ایک فرد بھی اگر ویکسینیشن کرالیتا ہے تو دیگر افراد میں کووڈ 19 سے متاثر ہونے یا ہسپتال میں داخلے کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ تحقیق کا پیغام عوامی صحت کے لیے بہت اہم ہے اور وہ یہ ہے کہ جب آپ ویکسینیشن کراتے ہیں تو نہ صرف خود بلکہ اپنے پیاروں کو بھی تحفظ فراہم کررہے ہوتے ہیں۔

اس تحقیق میں سوئیڈن کے 8 لاکھ 14 ہزار 806 خاندانوں کے 17 لاکھ 89 ہزار 728 افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔

ان سب افراد میں کووڈ 19 کے خلاف مدافعت بیماری کے باعث یا ویکسینیشن (موڈرنا، فائزر یا ایسٹرازینیکا ویکسینز) مکمل ہونے سے پیدا ہوئی تھی۔

ہر فرد میں بیماری کے خلاف پیدا ہونے والی مزاحمت کا موازنہ ایسے افراد کے خاندانوں سے کیا گیا جن میں بیماری کے خلاف مدافعت پیدا نہیں ہوئی تھی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ خاندان میں ایک فرد کی ویکسینیشن سے گھر کے دیگر افراد میں کووڈ 19 سے متاثر ہونے کا خطرہ 45 سے 61 فیصد تک کم ہوگیا۔

تحقیق کے مطابق یہ خطرہ اس وقت 75 سے 86 فیصد تک گھٹ گیا جب خاندان کے 2 افراد میں بیماری کے خلاف مدافعت پیدا ہوگئی جبکہ 3 افراد میں مدافعت پیدا ہونے سے یہ شرح 91 سے 94 فیصد اور 4 افراد سے 97 فیصد تک بڑھ گئی۔

محققین نے بتایا کہ ویکسینیشن کا ایسا ہی اثر ویکسینیشن نہ کرانے والے گھر کے افراد میں بیماری کی کم شدت یا ہسپتال میں داخلے کے خطرے میں کمی کی شکل میں دریافت کیا گیا۔

مثال کے طور پر اگر ایک خاندان میں 3 افراد ہیں اور 2 کی ویکسینیشن ہوچکی ہیں تو باقی بچ جانے والے فرد میں بیماری سے ہسپتال میں داخلے کا خطرہ 80 فیصد تک کم ہوجائے گا۔

محققین کے مطابق خاندان میں ویکسینیشن سے ملنے والے تحفظ کی جانچ پڑتال اس لیے کی گئی کیونکہ یہ زیادہ آسانی سے قابل شناخت عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر بہت کم افراد کی ویکسینیشن ہوئی ہے اور ایسا نظر آتا ہے کہ کم آمدنی والے ممالک میں 2021 میں ویکسینز کی دستیابی ممکن نہیں ہوگی اور موجودہ شرح سے عندیہ ملتا ہے کہ عالمی سطح پر 70 سے 85 فیصد آبادی کی ویکسینیشن ہونے پر 5 سال لگ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج سے کم وسائل والے علاقوں میں چھوٹے پیمانے پر آغاز کرنے کا عزم پیدا کرنے میں مدد مل سکے گی۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ تحقیق کسی حد تک محدود تھی کیونکہ جب تحقیق پر کام ہورہا تھا تو کورونا کی قسم ڈیلٹا سوئیڈن میں عام نہیں تھی تو یہ واضح نہیں کہ موجودہ نتائج ڈیلٹا کی زیادہ شرح کا سامنا کرنے والے خطوں میں بیماری کے خلاف مدافعت کے حوالے سے کس حد تک مطابقت رکھتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جاما انٹرنل میڈیسین میں شائع ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024