• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بلوچستان: ہرنائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی، کمانڈر سمیت 6ہلاک

شائع October 23, 2021
سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع پر کارروائی کی—فائل/فوٹو: ڈان
سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع پر کارروائی کی—فائل/فوٹو: ڈان

سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ خفیہ اطلاع پر بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں کارروائی کرتے ہوئے لوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے کمانڈر سمیت 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق ‘بلوچستان میں ہرنائی کےعلاقے جامبورو کے نزدیک ایک ٹھکانے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی’۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 9 مبینہ دہشت گرد ہلاک

بیان میں کہا گیا کہ ‘سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان میں امن کے خلاف کرنے والے غیرملکی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا’۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ‘اہلکار جب علاقے کو گھیرےمیں لے رہے تھے تو دہشت گردوں نے ٹھکانے سے بھاگنے کی کوشش کی اور اندھادھند فائرنگ کی’۔

بیان کے مطابق ‘دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ بڑی دیر تک جاری رہا’۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ‘فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں بی ایل اے کے کمانڈر طارق عرف ناصر سمیت 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے’۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ‘دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد کیا گیا’۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: ایف سی کی خاران میں کارروائی، 2 کمانڈرز سمیت 6 دہشت گرد ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ اس طرح کی کارروائیاں پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے مرتکب افراد کے خاتمےکے لیے جاری رہیں گی اور انہیں بلوچستان کے عوام کے لیے بڑی محنت سے خوشحالی اور معاشی بہتری کے لیے حاصل کیا گیا موقع سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گا۔

قبل ازیں بلوچستان پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ضلع مستونگ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 9 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا تھا کہ مستونگ کے علاقے روشی میں محکمے نے آپریشن کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 9 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کا تعلق بلوچستان لبریشن آرمی، بلوچستان لبریشن فرنٹ اور یونائیٹڈ بلوچستان آرمی سے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا جس میں 9 ایس ایم جی گنز بمعہ 350 راؤنڈز، 20 کلو گرام دھماکا خیز مواد، ڈیٹونیٹرز اور آر پی جی بمعہ 2 شیلز برآمد ہوئے۔

انہوں نے کہا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے ٹھکانوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے منصوبہ بندی کی جاتی تھی اور کوئٹہ سمیت بلوچستان میں دہشت گردوں کو یہاں سے تیار کر کے بھیجا جاتا تھا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: مستونگ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، داعش کا کمانڈر ہلاک

واضح رہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران بلوچستان میں مختلف دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ ان کی کارروائیوں کے جواب میں ملک کی سیکیورٹی فورسز نے آپریشنز کرکے ان کی بیخ کنی کی کوشش کی ہے۔

ان حملوں اور اس کے جواب میں کی جانے والی سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں سیکڑوں سیکیورٹی فورسز اہلکار و افسران اور شہری شہید جبکہ ایک بڑی تعداد میں دہشت گرد ہلاک و گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024