• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستان، چین کی عالمی برادری سے افغان عوام کی مدد کی اپیل

شائع October 26, 2021
وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر سے ٹیلیفونک گفتگو کی—فائل فوٹو: اے ایف پی
وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر سے ٹیلیفونک گفتگو کی—فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیراعظم عمران خان اور چین کے صدر شی جن پنگ نے عالمی برادری سے افغان عوام کو فوری انسانی اور معاشی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے چینی صدر سے ٹیلیفونک گفتگو کی اس دوران دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے عالمی برادری سے افغان عوام کی مدد کی اپیل کی تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آئے اور عدم استحکام کے علاوہ باہمی لڑائی کی روک تھام ہوسکے، اس کے ساتھ ساتھ ملک کی تعمیر نو میں تعاون کیا جائے۔

وزیر اعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ٹیلی فون پر بات چیت میں کمیونسٹ پارٹی کی 100 ویں سالگرہ اور چینی عوام کی غربت کے خاتمے کے لیے بے مثال کامیابیوں پر مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی عوام چینی صدر کے دورے کے منتظر ہیں، وزیراعظم

بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے متعلقہ شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط اور سی پیک گرین ڈیولپمنٹ کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے اعلیٰ معیار کے مطابق فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر ایک دوسرے کو مبارکباد بھی دی، اس موقع پر علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے چین کے اقدامات اور ترقی پذیر ممالک کے لیے چین کی امداد اور پاکستان کو کورونا وائرس کی ویکسین فراہم کرنے کے تعاون کو سراہا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا چینی صدر کو فون، کورونا وائرس سے نمٹنے میں مدد کی پیشکش

کورونا وائرس کی وبا کے عالمی معیشت پر منفی اثرات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے معاشی مشکلات کو کم کرنے، چین-پاکستان آزادانہ تجارت کے دوسرے مرحلے سے بھرپور فائدہ اٹھانے، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اتفاق کیا۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم نے سی پیک کے منصوبوں کی کامیابی، بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق ان منصوبوں پر عملدرآمد کو سراہا اور سی پیک خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا۔

وزیر اعظم نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے خاتمے کے لیے چین کے قائدانہ کردار کی بھی تعریف کی۔

بیان کے مطابق وزیر اعظم نے چینی صدر کو موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کے لیے پاکستان کے بلین ٹری سونامی منصوبے سمیت دیگر اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر سے ملاقات، باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مین لائن ( ایم ایل) ون ریلوے منصوبے کے فوری آغاز سے پاکستان کے قومی اور علاقائی ترقی کے جیو اکنامکس وژن میں اہم پیش رفت ہوگی۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی شراکت داری کو مزید متنوع بنانے کے لیے اعلیٰ سطح پر تبادلوں کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر چین کے صدر کو ایک مرتبہ پھر دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024