• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

اب سے ٹی ایل پی کو عسکریت پسند تنظیم کے طور پر دیکھا جائے گا، فواد چوہدری

شائع October 27, 2021
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیم کو شکست دی ہے—فوٹو: ڈان نیوز
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیم کو شکست دی ہے—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں عسکری قیادت بھی شامل تھی اور متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اب سے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو ایک عسکریت پسند تنظیم کے طور پر دیکھا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے مزید بتایا کہ آج ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں بھی حتمی فیصلہ لیا گیا کہ کسی بھی صورت میں ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

’ٹی ایل پی کو بھارت کی معاونت حاصل ہے‘

وفاقی وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ کالعدم تحریک لیبک پاکستان (ٹی ایل پی) کو بھارت کی مالی معاونت حاصل ہے اور کوئی ریاست پاکستان کو کمزور نہ سمجھے۔

مزید پڑھیں: ٹی ایل پی کا اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیم کو شکست دی ہے، پہلے بھی ریاست کو کمزور سمجھنے کی غلطی کی انہیں بعد میں احساس ہوا۔

فواد چوہدری نے ٹی ایل پی کا حوالہ دے کر کہا کہ اس تنظیم کی کوئی حیثیت نہیں ہے، ان کے پاس دہشت گرد تنظیموں کی طرح ہتھیار نہیں ہیں اس لیے کسی مائی کے لال میں جرات نہیں کہ وہ ریاست کو بلیک میل کرے۔

’ریاست نے بہت صبر کا مظاہرہ کیا‘

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہلے 6 مرتبہ تماشہ لگ چکا ہے اور ہم نے بڑے صبر کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ صاف ظاہر ہے کہ لوگوں کو نقصان پہنچے جبکہ ٹی ایل پی کی قیادت چاہتی ہے کہ لوگوں کا خون سڑکوں پر نظر آئے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ٹی ایل پی کے ساتھ جھڑپ میں 3 پولیس اہلکار شہید اور 49 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، ٹی ایل پی کے ساتھ 27 کلاشنکوف بردار مل چکے ہیں اس لیے کوئی غیر قانونی احتجاج برداشت نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں: ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دینے کا معاملہ، نظر ثانی درخواست پر کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹی ایل پی کو ایک عسکریت پسند تنظیم کے طور پر لیا جائے گا، ہم انہیں سیاسی جماعت نہیں سمجھیں گے۔

’سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلانے والے باز آجائیں ’

وفاقی وزیر اطلاعات نے خبردار کیا کہ یوٹیوب سمیت سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والے اپنے رویے پر نظر ثانی کریں، ان میں کچھ لوگوں کا تعلق میڈیا سے ہے، ریاست جعلی خبریں پھیلانے والوں کو بالکل برداشت نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پی ٹی اے کو واضح ہدایت کردی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ ٹی ایل پی نے فرانسیسی سفارتکار کو بے دخل کرنے سے متعلق 6 ماہ قبل ہونے والے معاہدے میں کوئی پیش رفت نہ ہونے اور سعد رضوی کی رہائی کے لیے اسلام آباد میں لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا۔

حکومت کی جانب سے باقاعدہ مذاکراتی ٹیم کے اعلان سے قبل تک کئی شہروں میں ٹی ایل پی اور پولیس کے مابین جھڑپیں ہوئی جس میں پولیس اہلکاروں سمیت ٹی ایل پی کے کارکن بھی جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔

’لاہور کا ضمنی الیکشن ای وی ایم پر کرانے کیلئے مراسلہ لکھیں گے‘

کابینہ میں زیر بحث آنے والے امور پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں لاہور کے ضمنی الیکشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پر کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کو مراسلہ لکھا جائے گا۔

انہوں نے اشیا ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول میں حکومت سندھ کو ناکام قرار دیا۔

مزیدپڑھیں: ٹی ایل پی پر سے پابندی ختم ہوجائے گی، علی محمد خان

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب کے مقابلے میں سندھ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 380 روپے مہنگا ہے، سندھ نے تاحال گندم ریلیز نہیں کی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب میں اشیا ضرویہ کی قیمتیں سب سے کم ہیں جبکہ سندھ میں اشیا کی قیمتیں سب سے زیادہ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گندم کی امدادی قیمت سے متعلق فیصلے کو سوموار تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سی ایس ایس امتحان کے حتمی نتائج تک 18 ماہ لگ جاتے ہیں اس لیے ایک اسکریننگ ٹیسٹ لیا جائے گا تاکہ صرف شوقیہ طور پر سی ایس ایس کے امتحان دینے والے پہلے مرحلے میں فارغ ہوجائیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024