• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

وکیلوں کے دلائل مکمل نہ ہونے پر آریان خان کی ضمانت کا فیصلہ نہ ہوسکا

شائع October 27, 2021
آریان خان ماڈل منمن دھمیچا اور ارباز مرچنٹ کے ہمراہ جیل میں ہیں—فائل فوٹو: ٹوئٹر
آریان خان ماڈل منمن دھمیچا اور ارباز مرچنٹ کے ہمراہ جیل میں ہیں—فائل فوٹو: ٹوئٹر

منشیات رکھنے اور اسے استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو 27 اکتوبر کو بھی ضمانت نہ مل سکی، عدالت ان کی درخواست پر 28 اکتوبر کو سماعت جاری رکھے گی۔

آریان خان کی درخواستِ ضمانت پر ممبئی ہائی کورٹ کا جسٹس سامبرے کی سربراہی میں سنگل بینچ 26 اکتوبر سے سماعت کر رہا ہے۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق آریان خان سمیت دیگر ملزمان کی درخواستوں پر دوسرے روز 27 اکتوبر کو ہونے والی سماعت میں بھی وکلا کے دلائل مکمل نہ ہوسکے، جس کی وجہ سے عدالت نے 28 اکتوبر تک سماعت ملتوی کردی۔

سنگل بیچ 26 اکتوبر سے آریان خان سمیت گرفتار دیگر ملزمان کی درخواستوں پر سماعت کر رہا ہے اور 27 اکتوبر کو بھی شاہ رخ خان کے بیٹے سمیت ان کے دیگر ساتھیوں کے وکلا نے دلائل دیے۔

عدالت کی سماعت دوپہر کو شروع ہوئی اور شام گئے تک جاری رہی مگر وکلا کے دلائل مکمل نہ ہونے پر سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔

اس حوالے سے خبر رساں ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) نے بتایا کہ آریان خان ان کی ساتھی ماڈل منمن دھمیچا اور ساتھی ارباز مرچنٹ کے وکلا 28 اکتوبر کو مزید دلائل دیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 28 اکتوبر کو عدالت سہ پہر 3 بجے سماعت شروع کرے گا اور امکان ہے کہ کل شام تک تمام وکلا کے دلائل مکمل ہوجائیں گے۔

گزشتہ دو دن سے جاری سماعتوں کے دوران انسداد منشیات فورس (نارکوٹکس فورس) کے وکلا نے آریان خان سمیت تمام ملزمان کی ضمانت کی مخالفت کی ہے۔

آج ہونے والی سماعت سے قبل ماڈل منمن دھمیچا کے وکیل کاشف خان نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی موکل تو ماڈلنگ شو کے سلسلے میں اپنے ایک صارف سے بات کرنے کے لیے کروز پارٹی میں گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: آریان خان کو ضمانت نہ مل سکی، کل پھر عدالت سماعت کرے گی

منمن دھمیچا کے وکیل کی طرح آریان خان کے وکلا بھی عدالت کو بتا چکے ہیں کہ ان کے موکل کو نارکوٹکس فورس نے کروز میں داخل ہونے سے قبل گیٹ پر ہی گرفتار کرلیا تھا اور ان کے پاس سے کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی، بس انہیں شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔

آریان خان کی ضمانت کے لیے ان کے وکلا نے 20 اکتوبر کو ممبئی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس پر 21 اکتوبر کو سماعت ہونے کا امکان تھا لیکن 21 اکتوبر کو سماعت نہ ہوسکی، جس کے بعد 26 اکتوبر کو کیس کی سماعت ہوئی۔

اس سے قبل ممبئی کی سیشن کورٹ نے 20 اکتوبر کو آریان خان کی ضمانت درخواست مسترد کردی تھی، جب کہ اس سے قبل میٹروپولیٹن کورٹ نے ان کی درخواست 7 اکتوبر کو مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 دن کے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

آریان خان کا عدالتی ریمانڈ 21 اکتوبر کو مکمل ہوا تھا، جس کے بعد عدالت نے ان کے ریمانڈ میں 9 دن کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 30 اکتوبر تک جیل میں رکھنے کا حکم دیا تھا۔

شاہ رخ خان کے بیٹے کو 3 اکتوبر کو ساتھیوں سمیت ممبئی کے ساحل سمندر پر ایک کروز شپ سے گرفتار کیا گیا تھا، ان پر الزام ہے کہ وہ ساتھیوں سمیت مذکورہ کروز میں ڈرگ پارٹی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

انہیں انسداد منشیات فورس یعنی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے دوستوں ارباز مرچنٹ، منمن دھمیچا، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چوکر اور گومت چوپڑا سمیت کروز پارٹی سے گرفتار کیا تھا۔

والد اور والدہ نے حال ہی میں آریان خان سے جیل میں ملاقات کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک/ پریس ٹرسٹ آف انڈیا
والد اور والدہ نے حال ہی میں آریان خان سے جیل میں ملاقات کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک/ پریس ٹرسٹ آف انڈیا

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024