• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

ٹی ایل پی مظاہرین نے جی ٹی روڈ کھول دیا، سعد رضوی کی رہائی تک وزیر آباد میں دھرنا جاری

شائع November 1, 2021
حکومت سے معاہدے کے بعد ٹی ایل پی کارکنوں نے روڈ بحال کردیا—فوٹو: رپورٹر
حکومت سے معاہدے کے بعد ٹی ایل پی کارکنوں نے روڈ بحال کردیا—فوٹو: رپورٹر

کالعدم تحریک لیبک پاکستان (ٹی ایل پی) کے کارکنوں نے قیادت کا حکومت سے معاہدے کے بعد اسلام آباد کی طرف مارچ مؤخر کردیا لیکن وزیرآباد میں دھرنا جاری ہے۔

حکومت سے معاہدے کے بعد ٹی ایل پی کے کاکرنوں نے گرینڈ ٹرنک(جی ٹی) روڈ اور اللہ والا چوک خالی کردیا تاہم انہوں نے قریبی ریلوے گراؤنڈ میں خیمے لگا دیے ہیں اور کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک دھرنا دیں گے جب تک سعد رضوی کو رہا نہیں کیا جاتا۔

مزید پڑھیں: ’حکومت، ٹی ایل پی کے درمیان معاہدہ طے پاگیا، نگرانی کیلئے کمیٹی قائم‘

راستےکھولنے سے اندرون وزیر آباد سے سیالکوٹ اور گجرات جانے والی ٹریفک بحال ہو گئی اور چناب ٹول پلازہ کے دونوں اطراف پولیس اور رینجرز تعینات ہیں اور راستہ تاحال بحال نہ ہوسکا۔

سیکیورٹی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ اعلیٰ حکام کی اجازت کےبعد جی ٹی روڈ چناب ٹول پلازہ پر بنائی گئیں خندقیں بند کریں گے اور رکاوٹوں کو ہٹادیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تاحال جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی بالکل معطل ہے اور مسافر و مال بردار گاڑیاں روڈ پر پھنسی ہوئی ہیں گجرات اور وزیرآباد کا زمینی رابطہ بالکل منقطع ہے اور انٹرنیٹ سروس بھی تاحال بحال نہ ہوسکی۔

دوسری جانب لاہور میں وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی سربراہی میں معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں علی محمد خان نے کہا کہ جی ٹی روڈ کلیئر کردی گئی ہے اور ٹی ایل پی کے کارکن معاہدے کے مطابق راستہ ٹریفک کے لیے کھولتے ہوئے وزیر آباد میں قریبی گراؤنڈ پر منتقل ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ایل پی سے ’امن‘ معاہدہ کن شرائط پر؟ تفصیلات ظاہر نہ کرنے پر سیاستدانوں، صحافیوں کی تنقید

انہوں نے کہا کہ ‘میں ٹی ایل پی کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنے وعدے پر عمل کیا اور حکومت بھی گزشتہ رات سے اپنی طرف سے معاہدے پر عمل کر رہی ہے’۔

علی محمد خان نے ٹوئٹر پر مزید کہا کہ ظفرعلی خان چوک سے اللہ ہو چوک تک روڑ کھول دیا گیا ہے اور ‘اب ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق ہےاور روڈ بلاک کرنے کی اب کوئی وجہ نہیں ہے کیونکہ احتجاج ایک کھلے اور خالی گراؤنڈ منتقل ہوگیا ہے’۔

حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان معاہدہ

گزشتہ روز حکومتی مذاکراتی ٹیم کے اراکین نے دعویٰ کیا تھا کہ کالعدم تنظیم کے ساتھ ان کا معاہدہ ہو گیا ہے جو تقربیاً 2 ہفتوں سے جاری تھا لیکن معاہدے کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا تھا۔

اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مفتی منیب الرحمٰن نے کہا تھا کہ معاہدے کی تفصیلات آئندہ ہفتے سامنے آجائیں گی جبکہ معاملات کی نگرانی کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی سربراہی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور کریں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ٹی ایل پی کی وجہ سے رونما ہونے والی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے 3 رکنی کمیٹی قائم کی اور انہوں نے کمیٹی کو بااختیار بنایا اور اعتماد کا اظہار کیا۔

مفتی منیب الرحمٰن نے کہا تھا کہ حکومتی کمیٹی اور ٹی ایل پی کے مابین معاہدہ طے پایا گیا ہے اور اس کو سربراہ سعد رضوی کی تائید بھی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ کسی قوم کی فتح نہیں بلکہ محب الوطنی اور انسانی جان کی فتح ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت کی نئی ٹیم کے کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات

مفتی منیب الرحمٰن نے کہا تھا کہ یہ مذاکرات کسی جبر کے ماحول میں نہیں ہوئے بلکہ سنجیدہ ماحول میں ہوئے، سب کی مشترکہ کاوششوں کا نتیجہ ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے علما کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ملک کو ایک امتحان سے بچایا ہے، قومی سلامتی کمیٹی میں مسئلے کو حل کرنے کی ترجیح دینی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ مذاکرات کے دوران امن اور بہتری کا راستہ تلاش کیا گیا کیونکہ سب جانتے ہیں کہ انتشار میں پاکستان کا فائدہ نہیں ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ ملک کو عدم استحکام کرنے والی طاقتیں یقینی طور پر متفرق ہوں گی، اللہ نے سرخرو کیا ہے اور اب یہ معاملہ تکمیل تک پہنچ چکا ہے۔

ساتھ ہی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے صحافیوں سے سوال لینے سے گریز کیا اور پریس کانفرنس کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے دیگر شرکا کے ساتھ رخصت ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024