• KHI: Zuhr 12:28pm Asr 4:55pm
  • LHR: Zuhr 11:58am Asr 4:26pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 4:31pm
  • KHI: Zuhr 12:28pm Asr 4:55pm
  • LHR: Zuhr 11:58am Asr 4:26pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 4:31pm

عثمان مختار، صنم سعید اور فاران طاہر ’عمرو عیار‘ میں ایکشن دکھانے کو تیار

شائع November 17, 2021
ابھی یہ واضح نہیں کہ عمرو عیار کا کردار کون ادا کرے گا—فوٹو: انسٹاگرام
ابھی یہ واضح نہیں کہ عمرو عیار کا کردار کون ادا کرے گا—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی فلمی شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ جلد ہی بڑے پردے پر پہلی بار جادوئی کردار ’عمرو عیار‘ کو دیکھ سکیں گے۔

جی ہاں، جلد ہی فلمی شائقین قدیم جادوئی داستان ’عمرو عیار‘ کے کردار پر بننے والی فنٹیسی ہارر فکشن فلم کو سینماؤں میں دیکھ سکیں گے۔

اداکار عثمان مختار، فاران طاہر اور صنم سعید نے آنے والی فلم ’عمرو عیار‘ کا موشن پرومو ٹیزر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ جلد ہی تینوں اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

’عمرو عیار‘ فلم کی کہانی ہزار سالہ قدیم مسلم ادب ’داستان امیر حمزہ‘ میں شامل اسی نام کے کردار کی کہانی پر مبنی ہے۔

’داستان امیر حمزہ‘ کو ایک ہزار سال پرانا اسلامی ادبی نسخہ مانا جاتا ہے جو کہ عربی اور فارسی کے بعد مغل بادشاہوں کے دور میں اردو ادب میں ترجمے کی صورت میں شامل ہوا۔

’داستان امیر حمزہ‘ میں متعدد فکشنل جادوئی کرداروں کی کہانیاں شامل ہیں، جن میں ’عمرو عیار‘ کا قصہ بھی شامل ہے۔

’عمرو عیار‘ کے کردار کو متعدد ڈراموں اور فلموں میں پیش کیا جا چکا ہے، تاہم پہلا موقع ہے کہ اسی کردار پر پاکستانی فلم بنائی جا رہی ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’عمرو عیار‘ کا کردار کون ادا کرے گا اور فلم میں دیگر کون سے جادوئی کردار شامل ہوں گے۔

تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی ’عمرو عیار‘ کا ٹریلر اور اس کی کہانی سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

’عمرو عیار‘ کی ہدایات اظفر جعفری نے دی ہیں، جنہوں نے ڈان امیجز کو بتایا کہ فلم کی مرکزی کہانی ایک ہزار سال پرانے جادوئی کردار کے گرد گھومتی ہے، تاہم فی الحال کہانی کی مزید تفصیلات نہیں بتائی جا سکتیں۔

انہوں نے فلم کا موشن پوسٹر ٹیزر شیئر کیا، جسے عثمان مختار، صنم سعید اور ہولی وڈ امریکی نژاد پاکستانی اداکار فاران طاہر نے بھی شیئر کیا۔

’عمرو عیار‘ کی کاسٹ میں تینوں اداکاروں کے علاوہ علی قاضی، عدنان صدیقی، سیمی راحیل، ثنا فخر، منظر صہبائی، دانیال راحیل اور سلمان شوکت سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

ٹیزر کو جاری کرتے ہوئے تصدیق کی گئی کہ فلم کو آئندہ سال 2022 میں ریلیز کیا جائے گا، تاہم اس کی نمائش کی تاریخ نہیں بتائی گئی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ ’عمرو عیار‘ کو 2022 کی پہلی سہ ماہی میں ہی ریلیز کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 13 ستمبر 2024
کارٹون : 12 ستمبر 2024