• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

والدہ کے ڈیٹا پر بچوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کے عدالتی فیصلے پر حدیقہ کیانی خوش

شائع November 23, 2021
حدیقہ کیانی نے بیٹے کو گود لے رکھا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
حدیقہ کیانی نے بیٹے کو گود لے رکھا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی نے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے والد کی معلومات کے بغیر تنہا والدہ کی معلومات پر بچوں کو شناخت کارڈ جاری کرنے کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اس پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

حدیقہ کیانی نے 23 نومبر کو انسٹاگرام پر سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے سے متعلق پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ عدالتی فیصلے کی اہمیت کو صرف تنہا مائیں اور والد ہی سمجھ سکتے ہیں۔

انہوں نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے لکھا کہ آج پاکستان ایک قدم آگے بڑھ چکا۔

حدیقہ کیانی نے لکھا کہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے نے انہیں ان کی ثمینہ پیرزادہ کو دیے گئے انٹرویو کی باتیں یاد دلادیں اور ساتھ ہی انہوں نے ان تمام مرد و خواتین کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے عدالت میں قانونی جنگ لڑی کہ جن بچوں کے والد نہیں ہیں انہیں والدہ کی معلومات پر ہی شناختی کارڈ جاری کیا جائے۔

سندھ ہائی کورٹ نے 21 نومبر کو کراچی کی ایک معذور بچی کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو حکم دیا تھا کہ جن بچوں کی پرورش تنہا والد یا والدہ نے کی ہے، انہیں ان کے خاتون یا مرد سرپرست کی معلومات پر ہی شناختی کارڈ جاری کیے جائیں۔

عدالت نے واضح حکم دیا کہ والدہ یا خاتون سرپرست کی معلومات کی بنیاد پر بھی بچوں کے شناختی کارڈ جاری کیے جائیں۔

اس سے قبل نادرا میں کسی بھی بچے کو شناختی کارڈ ان کے والد یا مرد سرپرست کی معلومات پر جاری کیا جاتا تھا۔

حدیقہ کیانی نے ایک بیٹا ناد علی گود لے رکھا ہے جو اب 16 سال کی عمر تک پہنچ چکا ہے اور گلوکارہ نے 2018 میں ثمینہ پیرزادہ کو دیے گئے انٹرویو میں بیٹے کو گود لینے کے بعد ان کے قانونی دستاویزات جاری نہ ہونےکی مشکلات پر بات کی تھی۔

حدیقہ کیانی نے ثمینہ پیرزادہ کو بتایا تھا کہ انہوں نے بیٹے کو گود لے رکھا ہے، تاہم انہوں نے بیٹے کے قانونی دستاویزات بنوانے کے لیے ہی افغان نژاد برطانوی کاروباری شخص سے دوسری شادی کی۔

گلوکارہ ماضی میں بتا چکی ہیں کہ انہوں نے گود لیے بیٹے کی شناخت کے لیے ہی دوسری شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
گلوکارہ ماضی میں بتا چکی ہیں کہ انہوں نے گود لیے بیٹے کی شناخت کے لیے ہی دوسری شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے دوسرے شوہر کو شادی سے قبل ہی بتایا تھا کہ وہ بیٹے کو گود لینا چاہتی ہیں اور انہیں ان کا سرپرست بننا ہوگا۔

حدیقہ کیانی نے مذکورہ انٹرویو میں شکوہ کیا تھا کہ نادرا ان کی معلومات اور ان کی سرپرستی میں گود لیے بیٹے کو قانونی دستاویزات جاری نہیں کر رہا۔

مذکورہ انٹرویو میں حدیقہ کیانی نے اپنی ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی تھی اور بتایا تھا کہ ان کی پہلی شادی بھی طلاق پر ختم ہوئی تھی اور دوسری شادی سے قبل انہوں نے بچے کو گود لیا اور انہیں توقع تھی کہ دوسری شادی کامیاب جائے گی مگر ایسا نہیں ہوا۔

حدیقہ کیانی نے بتایا تھا کہ دوسری شادی کے چند ماہ بعد ہی ان کی والدہ مفلوج بن گئیں اور انہیں ان کی دیکھ بھال کے لیے پاکستان میں ہی رہنا پڑا، چوں کہ ان کے دوسرے شوہر افغان نژاد برطانوی کاروباری شخص تھے، اس لیے وہ انگلینڈ نہیں جا سکیں اور جلد ہی ان کی دوسری طلاق بھی ہوگئی۔

حدیقہ کیانی نے اکتوبر 2018 میں بھی انسٹاگرام پوسٹس کے ذریعے ایسے لوگوں پر سخت تنقید کی تھی، جو خواتین کو طلاق یافتہ ہونے پر طعنے دیتے رہتے ہیں یا انہیں تنہا سمجھ کر انہیں شادی کی پیش کش کرتے رہتے ہیں۔

گلوکارہ نے انسٹاگرام پوسٹس میں بتایا تھا کہ انہیں بہت سارے لوگ شادی کی پیش کش کر رہے ہیں مگر انہیں یہ طعنہ دیا جا رہا ہے کہ ان کے پاس ایک بیٹا ہے، جس کی پرورش کے لیے انہیں مرد ساتھی کی ضرورت پڑے گی۔

حدیقہ کیانی نے شادی کی پیش کش کرنے والے افراد پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے لوگ بچوں کو بہانا بنا کر خواتین کی تضحیک نہ کریں اور عورتیں تنہا بھی بچوں کی پرورش کر سکتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024