• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

سلور کیٹیگری میں انتخاب پر ناراض کامران اکمل پی ایس ایل7 سے دستبردار

شائع December 12, 2021
کامران اکمل نے پی ایس ایل کے تمام چھ سیزن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی— فائل فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
کامران اکمل نے پی ایس ایل کے تمام چھ سیزن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی— فائل فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے لیے پشاور زلمی کی جانب سے سلور کیٹیگری میں منتخب کیے جانے پر بطور احتجاج لیگ کے اگلے ایڈیشن سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔

پاکستان سپر لیگ کے ڈرافٹ کا عمل آج مکمل ہو گیا ہے اور پشاور زلمی نے کامران اکمل کو سلور کیٹیگری میں منتخب کیا ہے۔

کامران اکمل نے اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی فرنچائز اور کوچ محمد اکرم سمیت مینجمنٹ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے بہت محنت سے ٹیم بنائی اور لڑکوں کو بہت سپورٹ کیا ہے۔

انہوں نے کپتان وہاب ریاض کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے سال لیگ کے پہلے مرحلے میں پرفارم نہیں کر سکا تھا لیکن اس کے باوجود فرنچائز نے مجھ پر اعتماد برقرار رکھا۔

اگلے ماہ 40ویں سالگرہ منانے والے کرکٹر نے کہا کہ مجھ سے کہا گیا تھا کہ ڈرافٹ میں مجھے سلور کیٹیگری میں منتخب کیا جائے گا لیکن پیسے ڈائمنڈ کیٹیگری کے ملیں گے لیکن میں نے جتنی کرکٹ کھیلی ہے اور پی ایس ایل کے چھ سیزن کھیلنے کے بعد مجھے نہیں لگتا کہ میں اس کیٹیگری کا مستحق ہوں۔

انہوں نے سلور کیٹیگری میں تنزلی کو بے عزتی قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ اپنی لیگ میں کھلاڑی کی کوئی قدر ہوتی ہے لہٰذا مجھے نہیں لگتا کہ مجھے اس لیگ میں کھیلنا چاہیے اور اسی لیے میں یہ ویڈیو بنا رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میری ٹیم میری جگہ کسی اور کو لے لے تو زیادہ بہتر ہو گا، پہلے بھی میں نے گولڈ میں کھیلنے کے لیے خود کو بہت زیادہ تیار کیا تھا کیونکہ ایک دم پانچ سال بعد مجھ جیسے کھلاڑی کے لیے پلاٹینیم سے گولڈ کیٹیگری میں آنا مشکل ہوتا ہے۔

کامران اکمل نے کہا کہ یہ سلور کیٹیگری ان کھلاڑیوں کے لیے مناسب ہے جو مستقل نہیں کھیل رہے ہوں یا جو ٹیم سے اندر بار ہوتے رہتے ہیں، مجھ جیسے پانچ ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے والے کھلاڑی کے لیے سی کیٹیگری میں کھیلنا مناسب نہیں، میں عزت و احترام کے ساتھ کھیلنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے واضح کیا کہ میرے پشاور زلمی کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ مجھے اس کیٹیگری میں یہ سیزن کھیلنا چاہیے۔

53 ٹیسٹ، 157 ون ڈے اور 58 ٹی20 انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے وکٹ کیپر بلے باز نے تمام ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری دعا ہے کہ یہ لیگ کامیاب ہو اور پشاور زلمی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ میں اس لیگ کو مس ضرور کروں گا لیکن کسی کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں پی ایس ایل کے تمام سیزن بہت عزت اور پرفارمنس دے کر کھیلا ہوں لہٰذا میں نہیں سمجھتا کہ میں اس کیٹیگری میں کھیلنے کا مستحق ہوں۔

واضح رہے کہ کامران اکمل نے پی ایس ایل کے تمام چھ سیزن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی اور وہ لیگ میں ایک ہزار 820 رنز کے ساتھ دوسرے کامیاب ترین بلے باز بھی ہیں۔

پی ایس ایل کے ساتویں سیزن کا آغاز آئندہ سال 27 جنوری سے کراچی میں ہوگا اور پہلا میچ دفاعی چمپیئن ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے مابین کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024