• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

دوسرا ٹی20: ویسٹ انڈیز کو9 رنز سے شکست، پاکستان کی سیریز میں فیصلہ کن برتری

شائع December 14, 2021 اپ ڈیٹ December 15, 2021
حارث رؤف نے آخری گیند پر وکٹ حاصل کی—فوٹو: پاکستان کرکٹ ٹوئٹر
حارث رؤف نے آخری گیند پر وکٹ حاصل کی—فوٹو: پاکستان کرکٹ ٹوئٹر
—فوٹو: اے پی
—فوٹو: اے پی
—فوٹو: پاکستان کرکٹ ٹوئٹر
—فوٹو: پاکستان کرکٹ ٹوئٹر
—فوٹو: اے پی
—فوٹو: اے پی

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی 20 میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 رنز سے فتح حاصل کرکے 3 میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میں بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو 14 کے اسکور پر کپتان بابراعظم صرف 7 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

فخرزمان بھی مسلسل دوسرے میچ میں ناکام ہوئے اور 5 گیندوں پر 10 رنز بنا کر اکیل حسین کا نشانہ بنے۔

رضوان نے دو اہم کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔

محمد رضوان نے ٹیم کا اسکور 86 رنز تک پہنچایا تھا کہ اسمتھ نے ان کی 38 رنز کی اننگز کا اختتام کردیا۔

حیدر علی اور افتخار احمد نے پاکستان کا اسکور 109 رنز تک پہنچایا ہی تھا کہ اسمتھ نے نوجوان بلے باز حیدر علی کو آؤٹ کردیا۔

نوجوان بلے باز نے 34 گیندوں کا سامنا کرکے 31 رنز بنائے تھے، جس میں 4 چوکے شامل تھے۔

آل راؤنڈر محمد نواز بھی صرف ایک رن کا اضافہ کرپائے اور 111 کے اسکور پر واش کو وکٹ دے گئے۔

آصف علی 7 گیندوں پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 17 ویں اوور میں 124 رنز تک پہنچ چکا تھا۔

افتخار احمد اور شاداب خان نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کی اور ایک اچھی شراکت قائم کرتے ہوئے پاکستان کا اسکور 141 رنز تک پہنچایا۔

افتخار احمد کی 19 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز میں ایک چوکا اور 2 چھکے شامل تھے۔

شاداب خان نے محمد وسیم کے ساتھ مل کر آٹھویں وکٹ کی شراکت میں ٹیم کو ایک معقول ہدف تک پہنچایا تاہم وسیم 20 ویں اوور کی پانچویں گیند پر رن آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں 172 رنز بنائے۔

شاداب خان ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ حارث رؤف کو بیٹنگ کا موقع نہیں مل سکا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوڈیئن اسمتھ کامیاب باؤلر رہے، جنہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو گزشتہ میچ میں شان دار باؤلنگ کرنے والے محمد وسیم نے 17 کے اسکور پر شے ہوپ کی قیمتی وکٹ حاصل کرلی۔

شےہوپ 6 گیندوں پر صرف ایک رن بنا سکے۔

ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ 31 رنز پر گری جب محمد نواز کی گیند پر شمار بروکس 10 رنز کی اننگز کھیل کر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

تیسری وکٹ کی شراکت میں کپتان نیکولس پوران نے برینڈن کنگ کے ساتھ مل کر اسکور 85 رنز تک پہنچایا اور 26 رنز کی اننگز کھیلی تاہم محمد نواز نے ان کو حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔

جس کے بعد رومن پاول نے کنگ کا ساتھ نبھاتے ہوئے اسکور 102 تک پہنچایا لیکن ان کی اننگز صرف 4 رنز پر مشتمل تھی۔

برینڈن کنگ آؤٹ ہونے والے پانچویں بلے باز تھے، جنہوں نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا اور اپنی نصف سنچری بھی بنائی تاہم حارچ رؤف نے ان کی 67 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اوڈین اسمتھ نے بھی مزاحمت کی اور 6 گیندوں پر 12 رنز بنائے، محمد وسیم نے ان کی وکٹ حاصل کی، جس کے بعد ڈومینک بریکس صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

ویسٹ انڈیز کا اسکور 17 اوورز میں 131 رنز پر پہنچا تھا کہ ہیڈن واش بھی مزاحمت میں ناکام ثابت ہوئے اور صفر پر شاہین شاہ آفریدی گیند پر وکٹیں گنوا بیٹھے۔

دوسرےاینڈ سےروماریو شیفرڈ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کو سنسنی خیز بنادیا تھا تاہم اکیل حسین دو رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

آخری اوور میں ایک چھکا اور چوکا لگا کر میچ میں ویسٹ انڈیز کی امیدیں بحال کردی تھیں لیکن باؤنڈری پر موجودی آصف علی نے زبردست فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے باؤنڈری بچائی۔

حارث رؤف نے میچ کی آخری گیند پر اوشانے تھامس کو بولڈ کردیا اور پاکستان کو 9 رنز سے کامیابی دلائی۔

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم آخری اوور کی آخری گیند پر 163 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور میچ میں 9 رنز سے شکست کھاگئی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد نواز، محمد وسیم اور حارث رؤف نے2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

پاکستان نے دوسرے میچ میں 9 رنز سے کامیابی کےساتھ سیریز میں بھی فیصلہ کن برتری حاصل کی۔

شادابخان کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں پاکستان نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ ویسٹ انڈیز نے ایک تبدیلی کردی تھی۔

گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 63 رنز سے باآسانی شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، فخر زمان، حیدر علی، افتخار احمد، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی

ویسٹ انڈیز: نیکولس پوران (کپتان)، برینڈن کنگ، شے ہوپ، شمرابروکس، رومین پاول، اوڈیئن اسمتھ، ڈومینیک ڈریکس، ہیڈن واش، روماریو شیفرڈ، اکیل حسین، اوشانے تھامس

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024