• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

او آئی سی اجلاس کے فیصلے افغان شہریوں کیلئے معاون ثابت ہوں گے، سیکریٹری جنرل

شائع December 20, 2021
سیکریٹری جنرل نے کہا کہ امید ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے علاوہ دیگر ممالک بھی اس فنڈ میں حصہ ڈالیں گے— فوٹو: ڈان نیوز
سیکریٹری جنرل نے کہا کہ امید ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے علاوہ دیگر ممالک بھی اس فنڈ میں حصہ ڈالیں گے— فوٹو: ڈان نیوز

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ نے افغانستان کے حوالے سے ہونے والے غیر معمولی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کو اجلاس کی اہم کامیابی قرار دیا۔

اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسین ابراہیم طحہٰ نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کی جانب سے افغانستان کے موجودہ حالات پر افغان عوام کی مدد کے لیے عالمی فنڈ کا قیام اور افغانستان کے لیے تنظیم کے خصوصی نمائندہ کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے علاوہ دیگر ممالک بھی اس فنڈ میں حصہ ڈالیں گے، غیر معمولی اجلاس کی کامیابی خوش آئند ہے اور توقع ہے کہ اس سے خطے بالخصوص افغانستان میں بہتری آئے گی۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم سے او آئی سی سیکریٹری جنرل سمیت کئی ممالک کے وزرا کی ملاقاتیں

سیکریٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کے عوام اور حکومت کے مشکور ہیں، یہ غیر معمولی اجلاس ایک بڑی کامیابی ہے جبکہ خطے میں ہونی والی پیش رفت کے حوالے سے یہ اجلاس اہم تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ اس اجلاس کی ایک اہم کامیابی یہ ہے کہ اجلاس میں او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکریٹری طارق بخیت کو نمائندہ خصوصی برائے افغانستان مقرر کیا گیا جنہوں نے اپنا کام بھی شروع کردیا ہے، وہ رابطہ کاری کا کام سرانجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ طارق بخیت نے اجلاس میں شریک طالبان کے نمائندے سے ملاقات بھی کی، امید ہے وہ مستقبل میں بھی متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہیں گے۔

دوسری بڑی کامیابی کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے عوام کے لیے خصوصی فنڈ کے قیام میں نہ صرف او آئی سی کے رکن ممالک بلکہ دیگر ممالک بھی تعاون کریں گے تاکہ 40 سال سے مصائب کا شکار افغانیوں کی مدد ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں: او آئی سی اجلاس میں امریکی مندوب کی شرکت بڑی پیش رفت ہے، وزیر خارجہ

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں افغانستان کے لیے حوصلہ افزا اعلانات کیے گئے ہیں، مستقبل قریب میں وزرائے خارجہ کی اس کانفرنس کے تاریخی اثرات مرتب ہوں گے۔

اس موقع پر فرخ حبیب نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ افغانستان کے بارے میں او آئی سی کے نمائندہ خصوصی فعال کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں انسانی المیہ جنم لے چکا جس کے سدباب کے لیے او آئی سی کے پلیٹ فارم سے بھرپور آواز اٹھائی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024