• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ایشز سیریز: انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 275رنز سے شکست

شائع December 20, 2021 اپ ڈیٹ December 21, 2021
نیتھن لائن نے پہلی اننگز میں تین اور دوسری اننگز میں دو وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی
نیتھن لائن نے پہلی اننگز میں تین اور دوسری اننگز میں دو وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا نے مارنس لبوشین کی شان دار بیٹنگ اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 275رنز سے شکست دے دی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے تاریخی ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

آسٹریلیا کی جانب سے مارنس لبوشین نے ڈراپ کیچز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 103رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 95، اسٹیو اسمتھ نے 93 جبکہ ایلکس کیری نے 51رنز کی اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا نے پہلی اننگز 473رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی، انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس نے تین اور جیمز اینڈرسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 12 رنز پر دو وکٹوں سے محروم ہو گئی تھی لیکن ایک مرتبہ پھر ڈیوڈ ملان اور کپتان جو روٹ کی جوڑی نے 138رنز کی شراکت قائم کی۔

دونوں کھلاڑیوں کی نصف سنچریوں کے باوجود پوری ٹیم صرف 236رنز پر ڈھیر ہوگئی، آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 4 اور نیتھن لائن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

پہلی اننگز میں بھاری برتری کے باوجود آسٹریلیا نے فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور دوسری اننگز میں لبوشین اور ٹریوس ہیڈ کی نصف سنچریوں کی بدولت 230رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی۔

انگلینڈ نے 468 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو حسیب حمید ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہوئے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

جب میچ کے چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز بنائے تھے۔

میچ کے پانچویں دن انگلینڈ کو ابتدا میں ہی اولی پوپ کی وکٹ گنوانا پڑی جبکہ 105 کے مجموعے پر بین اسٹوکس بھی 12 رنز بنانے کے بعد لائن کی وکٹ بن گئے۔

جوز بٹلر کا ساتھ دینے کرس ووکس آئے اور دونوں نے مل کر اسکور 166 تک پہنچایا، کرس ووکس 44 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور اس کے بعد اولی رابنسن بھی 8 رنز بنا کر چلتے بنے۔

بٹلر نے 35 اوورز کھیلتے ہوئے مزاحمت کی اور 26رنز کی اننگز کھیلی لیکن رچرڈسن کی گیند پر ہٹ وکٹ ہو کر وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔

192 کے مجموعی اسکور پر رچرڈسن نے جیمز اینڈرسن کو بھی چلتا کردیا جس کے ساتھ ہی انگلینڈ کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی۔

آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں جھائے رچرڈسن نے 5 جبکہ نیتھن لائن اور اسٹارک نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا نے دوسرے میچ میں 275 رنز سے فتح حاصل کر کے سیریز میں بھی 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔

پہلی اننگز میں 103 اور دوسری اننگز میں 51 رنز کی اننگز کھیلنے پر مارنس لبوشین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024