• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

مہمند ڈیم، کووڈ 19 سپورٹ کیلئے 25 کروڑ ڈالر کا آئی ڈی بی قرض منظور

شائع December 21, 2021
بینک نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 18 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کی بھی منظوری دی ہے — فوٹو: آئی ڈی بی
بینک نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 18 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کی بھی منظوری دی ہے — فوٹو: آئی ڈی بی

اسلام آباد: اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) نے دو منصوبوں خیبر پختونخوا میں مہمند ڈیم کی تعمیر اور ملک میں انسداد کووڈ ویکسین سپورٹ کے لیے پاکستان کو 25 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت نے بتایا کہ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے منظوری سے متعلق آئی ڈی بی کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان نے وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان کو اسلام آباد میں ایک اجلاس میں آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: اسلامی ترقیاتی بینک نے پولیو کے خاتمے کیلئے 6 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی

جدہ میں قائم بینک اور وزارت اقتصادیات کے مابین کووڈ 19 ویکسینز کے حصول کے لیے 7 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کے مالیاتی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

ڈاکٹر محمد سلیمان نے وزیر اقتصادی امور کو صورتحال سے اپ ڈیٹ کیا کہ بینک نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 18 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کی بھی منظوری دی ہے۔

صدر آئی ڈی بی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین بھی ہیں اور اس وقت افغانستان میں انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کی نئی حکومت کو 4 ارب ڈالر قرض دینے کیلئے تیار

ان دونوں منصوبوں کا مقصد توانائی کے شعبے میں ملک کے گرین ایجنڈے کے ساتھ کووڈ 19 وبائی امراض کے منفی اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔

دونوں اطراف نے پاکستان اور آئی ڈی بی کے درمیان جاری اقتصادی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

آئی ڈی بی کے صدر نے کہا کہ ان کا بینک پاکستان کے اہم ترقیاتی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور انفرااسٹرکچر کی ترقی، سماجی شعبے کی بہتری اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے مزید مالی وسائل کو متحرک کرتا رہے گا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ آئی ڈی بی، پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد سمیت تجارتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نجی فنانسنگ کا فائدہ اٹھاتا رہے گا۔

پاکستان آئی ڈی بی کا بانی رکن ہے، پاکستان بینک کی فنانسنگ سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والوں میں سے ایک ہے اور اپنے قیام کے بعد سے بینک نے ملک کے لیے 13.6 ارب ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دی ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت نے مالی سال 21 میں 15.32 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضوں کے معاہدے کیے، رپورٹ

وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان نے آئی ڈی بی کے صدر کا اسلام آباد کا دورہ کرنے اور پاکستان کے لیے ان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیر نے مستقبل میں ملک کی مالیاتی ضروریات کی حمایت کرنے کے عزم پر ڈاکٹر محمد سلیمان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سمیت سبز اور صاف توانائی کے ترقیاتی منصوبوں میں آئی ڈی بی کے تعاون کو سراہا، جس سے نہ صرف 800 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی بلکہ ملک کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں ایک ارب سے زائد ایکڑ فٹ اضافہ ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024