آصف زرداری ’بھٹو‘ کو چھوڑ کر اپنی پہچان خود بنائیں، حریم شاہ
ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو تجویز دی ہے کہ وہ مرحوم ’بھٹو‘ کو چھوڑ کر اپنی پہچان خود بنائیں۔
حریم شاہ حال ہی میں ڈان نیوز کے مارننگ شو’ چائے، ٹوسٹ اور ہوسٹ‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے مختلف سوالوں کے جوابات دینے سمیت اپنے کیریئر پر بھی بات کی اور سیاستدانوں کو تجاویز بھی دیں۔
حریم شاہ نے بتایا کہ انہیں اب یاد نہیں کہ ان کی پہلی کون سی ویڈیو تھی جو وائرل ہوئی تھی، تاہم ان کی ہزاروں ویڈیوز وائرل ہوئیں اور انہیں جلد مقبولیت ملی۔
انہوں نے اس بات پر فخر کیا کہ انہوں نے ہی پاکستان میں ٹیلی وژن اسکرین پر ’ٹک ٹاک‘ کو متعارف کرایا اور آج میڈیا میں مذکورہ ایپ کی جو بھی باتیں ہوتی ہیں، وہ ان کی وجہ سے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خود ’ٹک ٹاک‘ میں کوئی برائی یا خرابی نہیں، اسے استعمال کرنے والے افراد ہی مسئلے کا جڑ ہیں، غیر تعلیم یافتہ لوگ وہاں پر جہالت جب کہ پڑھے لکھے لوگ تعلیم پھیلا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حریم شاہ کو ہائی پروفائل شخصیات اور مقامات تک کون رسائی دلواتا ہے؟
انہوں نے ماہرہ خان، صبا قمر اور سجل علی کو اپنی پسندیدہ اداکارائیں قرار دیا اور کہا کہ اب وہ خود اتنی مشہور ہو چکی ہیں کہ اب انہیں کسی اداکار یا اداکارہ کے ساتھ ویڈیو یا تصویر بنانے کی خواہش نہیں ہے۔
پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ وہ شوہر سے کچھ نہیں لینا چاہیں گی جب کہ انہیں اپنی پوری زندگی دے سکتی ہیں اور یہ کہ وہ اپنے بچوں کو ہر چیز دیں گی، وہ انہیں موبائل فون سے بھی محروم نہیں رکھیں گی۔
پروگرام کے ایک سیگمنٹ کے دوران ٹک ٹاک اسٹار نے ’شاہ محمود قریشی، بلاول بھٹو زرداری اور شیخ رشید‘ کو اپنا پسندیدہ سیاستدان قرار دیا۔
سیگمنٹ میں پوچھے گئے سوالوں کے جوابات کے حریم شاہ نے بعض سیاستدانوں کو مشورے بھی دیے، تاہم انہوں نےبلاول بھٹو زرداری کو کوئی تجویز نہیں دی اور کہا کہ وہ تو ان کے پسندیدہ سیاستدان ہیں، وہ انہیں کیسے کوئی مشورہ دے سکتی ہیں؟
انہوں نے مریم نواز کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے انہیں تجویز دی کہ انہیں یوں ہی آگے بڑھنا چاہیے اور وہ ایک خاتون ہوکر سیاست کے اچھے مقام پر پہنچ چکی ہیں۔
مزید پڑھیں: حریم شاہ کی بلاول بھٹو کے لیے جاری کی گئی ویڈیو وائرل
حریم شاہ نے فردوش عاشق اعوان کو وزن کم کرنے کا مشورہ دیا جب کہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو تجویز دی کہ وہ کوئی بھی بات کرنے سے قبل سوچ لیا کریں۔
انہوں نے فواد چوہدری سے متعلق کہا کہ انہوں نے اپنی ہی ایک سائنس بنا رکھی ہیں اور وہ کچھ بھی بول دیتے ہیں۔
اسی دوران ٹک ٹاک اسٹار نے آصف علی زرداری کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ’کل بھی بھٹو زندہ تھا، آج بھی بھٹو زندہ ہے‘ کے نعرے کو چھوڑ کر وہ اپنی پہچان خود بنائیں اور خود ’بھٹو‘ جیسے بنیں۔
حریم شاہ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو بہادر شخص تھے لیکن اب وہ اس دنیا میں نہیں رہے اور ان کی بہادری کی تعریفیں عوام بھی کرتے ہیں مگر آصف زرداری کو ان کی بہادریوں کو گنوا کر خود کو کیش نہیں کروانا چاہیے۔
ٹک ٹاک اسٹار کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کو خود اپنی پہچان ’بھٹو‘ جیسی بنانی چاہیے اور اب انہیں ’بھٹو‘ کی پہچان بننا چاہیے۔