• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا کی نئی لہر کے آغاز کے واضح شواہد نظر آرہے ہیں، اسد عمر

شائع January 2, 2022
—تصویر: ڈان نیوز
—تصویر: ڈان نیوز

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی نئی لہر کے آغاز کے واضح شواہد نظر آرہے ہیں۔

اپنی ایک ٹوئٹ میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ مثبت نمونوں کی جینوم سیکوئنسنگ سے کورونا کی اومیکرون قسم میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور ایسا خاص طور پر سے کراچی میں ہورہا ہے۔

اسد عمر نے عوام کو یاددہانی کروائی کہ وہ وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ 3 روز سے ملک میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح ایک فیصد سے زائد رہی ہے۔ این سی او سی کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے کل 45 ہزار 585 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 594 ٹیسٹ مثبت آئے یوں مثبت کیسز کی شرح 1.30 فیصد رہی۔

گزشتہ روز سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے کل 51 ہزار 141 ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں سے 556 ٹیسٹ مثبت آئے اور مثبت کیسز کا تناسب 1.08 فیصد رہا، جمعے کے روز جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق بھی ملک میں 516 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پاکستان میں اومیکرون ویرینٹ کا پہلا ’مشتبہ‘ کیس رپورٹ

ڈان اخبار کی خبر کے مطابق ملک بھر سے کورونا وائرس کی اومیکرون قسم کے مقامی منتقلی کے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی شرح مسلسل 3 روز سے ایک فیصد سے زائد ہے۔

اس سے قبل ملک میں تقریباً 2 ماہ تک کورونا کیسز کی شرح ایک فیصد سے کم رہی تھی اور یہ خیال کیا جارہا تھا کہ شاید ملک کو دربارہ وائرس سے متعلق بندشوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پاکستان میں مارچ 2020 میں کورونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار جاری ہونا شروع ہوئے تھے اور اس وقت سے مثبت کیسز کی شرح ایک فیصد سے زیادہ ہی تھی، تاہم 8 نومبر 2020 کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) نے اعلان کیا تھا ملک میں کورونا کے مثبت آنے کی شرح پہلی مرتبہ ایک فیصد سے کم ہوگئی ہے۔

اس کے بعد سے ملک میں مثبت کیسز کی شرح ایک فیصد سے کم ہی رہی جبکہ 25 دسمبر کو یہ شرح 0.69 فیصد ہی تھی۔

مزید پڑھیے: ملک میں ڈیڑھ ماہ بعد کورونا کیسز 500 سے متجاوز

یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر کے اواخر میں اسد عمر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا اومیکرون وائرس پاکستان بھی آئے گا، ان کا کہنا تھا کہ تمام تر اقدامات کر کے وائرس کی آمد کو کچھ وقت کے لیے ٹالا جاسکتا ہے لیکن اسے ساری دنیا میں پھیلنا ہی ہے کیوں کہ دنیا ایک دوسرے کے ساتھ اس طرح ملی ہوئی ہے کہ اسے روکنا ممکن نہیں ہے۔

کورونا وائرس کے سامنے آنے کے بعد سے اب تک ملک میں 12 لاکھ 96 ہزار 527 افراد اس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے 12 لاکھ 57 ہزار 24 افراد اس سے صحت یاب ہوئے جبکہ 28 ہزار 941 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024