• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

ای وی ایم کے استعمال سے متعلق ای سی پی وفد کی برازیل کے سفیر سے ملاقات

شائع January 5, 2022
سیکریٹری نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے موروثی چیلنجوں کا مقابلہ کرنا ہوگا — فائل فوٹو: اے ایف پی
سیکریٹری نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے موروثی چیلنجوں کا مقابلہ کرنا ہوگا — فائل فوٹو: اے ایف پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے وفد نے پاکستان میں برازیل کے سفیر اولینتھو ویرا سے ملاقات کی جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور انٹرنیٹ ووٹنگ کے بارے میں برازیل کے تجربے کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سیکریٹری عمر حمید خان کی سربراہی میں ای سی پی کے وفد نے اولینتھو ویرا کو قانون میں حالیہ ترامیم کی روشنی میں انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال، ای وی ایم/بائیو میٹرک ووٹنگ مشینوں (بی وی ایم) سے متعلق منصوبے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے آئی ووٹنگ کے بارے میں بتایا۔

عمر حمید خان نے وضاحت دی کہ ای سی پی نئی ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے ٹھوس کوششیں کر رہا ہے اور اس کے لیے بین الاقوامی بہترین طریقوں اور معیارات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے موروثی چیلنجوں کا مقابلہ کرنا ہوگا جن سے برازیل جیسے ممالک نے کامیابی سے نمٹا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن سے ای وی ایم سے متعلق قانون کے نفاذ کیلئے ٹائم لائن مقرر کرنے کا مطالبہ

انہوں نے مزید کہا کہ 'ای سی پی، پاکستان کے ساتھ متعدد انتخابی اور آبادیاتی مماثلت رکھنے والے ملک برازیل کے تجربات سے مستفید ہونا چاہے گا'۔

ملاقات کے دوران ای سی پی کے عہدیداروں کے تکنیکی دوروں، ماہرین کے تبادلے، ٹیکنالوجی کا اشتراک، تربیت اور استعداد کار بڑھانے جیسے شعبوں کی نشاندہی کی گئی۔

برازیل کے سفیر نے ای سی پی کے وفد کے ساتھ برازیل میں انتخابی عمل میں ٹیکنالوجی بتدریج متعارف بالخصوص ای وی ایم کے استعمال کے بارے میں گفتگو کی۔

برازیل میں ای وی ایم 30 سال کے عرصے میں تیار ہوئی اور انتخابات کے دوران اس میں آپریشن کے خاص فیچرز شامل کیے گئے۔

انہوں نے الیکشن میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کے انتخاب، تربیت اور ماہرین کی فراہمی کے شعبوں میں ای سی پی کو تعاون کی پیشکش کی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ووٹ ڈالنے کا عملی مظاہرہ

انہوں نے کہا کہ برازیل میں 70 سال تک کی عمر کے لوگوں کے لیے ووٹ ڈالنا لازمی ہے، الیکشن میں حصہ نہ لینے پر ان پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

ای سی پی کے سیکریٹری اور برازیل کے سفیر نے ٹیکنالوجی کے استعمال پر مل کر کام کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان اس معاملے پر تعلقات کو باقاعدہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے ای وی ایم اور بی وی ایم کے مختلف حصوں کو ادارہ جاتی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ برازیل میں 1996 میں ای وی ایم پہلی بار متعارف کرائی گئی تھی، جس کا پہلا ٹیسٹ ریاست سانتا کاتارینا میں کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024