کراچی میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری
کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ کل تک جاری رہ سکتا ہے۔
کراچی شہر صبح سے ہی بادلوں اور تیز ہواؤں کی لیپٹ میں ہے اور گڈاپ، بحریہ ٹاؤن، سپر ہائی وے، گلشن معمار، اسکیم 33، پی ای سی ایچ ایس، ناظم آباد، سائٹ ایریا، صدر اور آئی آئی چندریگر روڈ سمیت مختلف علاقوں میں ایک بار پھر بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو وقفے وقفے سے جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن بھر شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔
ایڈوائزری میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جمعہ کو بھی شہر میں مطلع ابر آلود رہے گا اور شہر میں ہلکی بارش متوقع ہے جبکہ ہفتے سے شہر میں مطلع صاف ہوجائے گا، اس دوران رات کے وقت نسبتاً زیادہ ٹھنڈ اور صبح کے وقت دھند متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں موسم سرما کی دوسری بارش، سردی میں اضافہ
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والے موجودہ سسٹم کے زیر اثر کراچی، حیدر آباد، شہید بےنظیر آباد، جیکب آباد، سانگھڑ، بدین، ٹھٹہ، میرپور خاص، ٹنڈو الہٰ یار، ٹنڈو محمد خان، عمر کوٹ اور تھر پارکر میں کل تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں تیز بارش متوقع ہے۔
اسی طرح ضلع دادو، جامشورو، شکار پور، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ میں بھی تیز بارشیں متوقع ہیں۔
بارش سے ہونے والی ہلاکتیں
کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے نتیجے میں 2 افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے۔
موچکو پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او چوہدری شاہد کا کہنا تھا کہ بدھ کی صبح تیز بارش سے مواچھ گوٹھ میں ایک گھر کی چھت گر گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ چھت گرنے سے 42 سالہ عبدالستار جاں بحق ہوا اور 12 سالہ رستم زخمی ہوگیا، دونوں کو رتھ فاؤ سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسرے واقعے میں کراچی کے علاقے کورنگی میں فیکٹری ملازم کرنٹ لگنے سے دم توڑ گیا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 30 سالہ عدنان رزاق ایک ریسٹورنٹ میں کھانے کی چیزیں لینے کے لیے کھڑا ہوا تھا جہاں اس نے ریسٹورنٹ کے ایک شیڈ پر ہاتھ رکھا جس میں کرنٹ تھا۔
ملک بھر میں موسم کی صورتحال
محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ موسمی سسٹم کل ملک کے بالائی علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔
مزید پڑھیں: ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں، برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ
اس کے نتیجے میں کوئٹہ، زیارت، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ، نوکنڈی، دالبندین، نوشکی، تربت، پنجگور، گوادر، پسنی، جیوانی، لسبیلہ، قلات، خضدار، مستونگ، نصیر آباد، جعفرآباد، جھل مگسی، بولان، سبّی، کوہلو اور بارکھان میں آج اور کل بارش اور برف باری کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، باجوڑ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، خوشاب، بھکر، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، ڈیرہ غازی خان، لیہ، راجن پور، ملتان، خانیوال، ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں جمعرات کی شام سے اتوار کی صبح تک بارش اور پہاڑی علاقوں پر برف باری متوقع ہے۔
اس کے علاوہ جمعرات سے اتوار تک مری، گلیات، وادی نیلم، باغ، حویلی، راولاکوٹ، ناران، کاغان، ہنزہ، گلگت، اسکردو، استور، چترال، دیر، سوات اور مالم جبہ میں شدید برف باری کا امکان ہے۔