• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کوئٹہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، ’داعش کے 6 دہشت گرد‘ مارے گئے

شائع January 10, 2022
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد کوئٹہ میں حساس تنصیب پر حملہ کرنے والے تھے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد کوئٹہ میں حساس تنصیب پر حملہ کرنے والے تھے—فائل فوٹو: اے ایف پی

کوئٹہ: مشرقی بائی پاس کے علاقے میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی جانب سے کی گئی کارروائی کے دوران شدت پسند گروپ داعش (آئی ایس) سے تعلق رکھنے والے کم از کم 6 مشتبہ دہشت گرد مارے گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں سی ٹی ڈی کے ترجمان نے کہا کہ عسکریت پسندوں کی علاقے میں موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

بیان میں بتایا گیا کہ آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی نے ایک گھر سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا جو کالعدم تنظیم کے ارکان کے ٹھکانے کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: پولیس مقابلے میں داعش کمانڈر سمیت 3 دہشت گرد ہلاک

ترجمان نے کہا کہ کوئٹہ میں داعش کا ایک ’بہت بڑا دہشت گردی کا منصوبہ‘ ناکام بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ آپریشن بلوچستان کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے ضلع کوئٹہ کے منظور شہید تھانے کی حدود میں کیا۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ اس نے ذرائع کی جانب سے یہ معلومات ملنے پر کارروائی کی کہ داعش کا ایک رکن اصغر سمالانی، جس کے سر کی قیمت ڈپارٹمنٹ کی ریڈ بک میں 20 لاکھ روپے مقرر ہے، دیگر عسکریت پسندوں کے ساتھ کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر واقع کیو ڈی اے قبرستان کے علاقے میں موجود تھا۔

ترجمان نے کہا کہ وہ کوئٹہ میں ایک حساس تنصیب پر حملہ کرنے والے تھے، اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور دہشت گردوں کو روک دیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 9 مبینہ دہشت گرد ہلاک

بیان کے مطابق سی ٹی ڈی اہلکاروں نے عسکریت پسندوں کو ہتھیار ڈالنے کو کہا لیکن انہوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی اور دستی بم پھینکے۔

اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں اصغر سمالانی سمیت داعش کے 6 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 4 سے 5 اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ترجمان نے کہا کہ داعش کے باقی اراکین کی شناخت کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں اور اس سلسلے میں کوئٹہ کے سی ٹی ڈی تھانے میں ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہے۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے برآمد ہونے والی چیزوں میں ایک دیسی ساختہ بم، 200 راؤنڈز والی تین سب مشین گن، 47 راؤنڈز والی دو 9 ایم ایم پستول، ایک دستی بم اور دو موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024