• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

پلاسٹک کی گڑیا نہیں کہ لوگوں کے کہنے پر خود کو تبدیل کروں، کرتی سینن

شائع January 21, 2022
چہرے کے علاوہ جسم کے دیگر حصوں کو بھی ٹھیک کرنے کا مشورہ دیا گیا، کرتی سینن
چہرے کے علاوہ جسم کے دیگر حصوں کو بھی ٹھیک کرنے کا مشورہ دیا گیا، کرتی سینن

’لکا چھپی، پتی، پتنی اور وہ، بیریلی کی برفی اور ہیرو پنتی‘ جیسی فلموں کی اداکارہ کرتی سینن نے کہا ہے کہ انہیں شوبز میں آنے کے بعد اپنی جسامت تبدیل کرنے کے مشورہ دیے گئے لیکن وہ پلاسٹک کی گڑیا نہیں کہ لوگوں کے کہنے پر خود کو تبدیل کریں۔

کرتی سینن نے حال ہی میں شوبز آؤٹ لیٹ ’بولی وڈ ببل‘ کو دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ کیریئر کے آغاز میں ان کے چہرے کی بناوٹ اور خصوصی طور پر مسکرانے پر اعتراض کیا گیا اور انہیں کئی طرح کے مشورے دیے گئے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں مشورہ دیا گیا کہ وہ ہونٹوں اور اس کے قریب چہرے کے حصے کی سرجری کروائیں تو وہ پرکشش لگیں گی۔

کرتی سینن کے مطابق انہیں دلیل دی گئی کہ جب وہ ہنستی ہیں تو وہ بری لگتی ہیں اور ان کے چہرے کے خدوخال اچھے نہیں لگتے، اس لیے وہ ہونٹوں اور ناک کی سرجری کروائیں۔

بولی وڈ اداکارہ کے مطابق اگرچہ انہیں کیریئر کے آغاز میں ایسے مشورے دیے گئے لیکن ایسی چیزیں اب بھی موجود ہیں اور سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کی جانب سے خوبصورتی بڑھانے والے فلٹرز متعارف کرانے کے بعد ان میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کرتی سینن پر تنقید

ان کا کہنا تھا کہ ایپلی کیشنز کے فلٹرز مصنوعی خوبصورتی کو بڑھاوا دے رہے ہیں اور اداکاراؤں پر جسامت تبدیل کرنے کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔

کرتی سینن نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہیں اپنی کمر اور اس کے ارد گرد کے جسم کے حوالے سے بھی مشورے دیے گئے۔

بولی وڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ لوگوں کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ وہ ان تمام چیزوں کے ساتھ پیدا ہوئیں اور ان کے ساتھ ہی بڑی ہوئیں۔

کرتی سینن نے کہا کہ وہ انسان ہیں، کوئی پلاسٹک کی گڑیا نہیں کہ لوگوں کی تجاویز اور کہنے پر اپنی جسامت کو تبدیل کریں۔

کرتی سینن نے انٹرویو میں شوبز انڈسٹری میں موجود دیگر رجحانات اور اپنے کیریئر پر بھی کھل کر باتیں کیں۔

کرتی سینن نے 2014 میں ’ہیرو پنتی‘ فلم سے بولی وڈ ڈیبیو کیا تھا، اس سے قبل وہ تیلگو اور تامل فلموں میں کام کر چکی تھیں۔

کرتی سینن اب تک ’ہیرو پنتی، دل والے، پتی، پتنی اور وہ، لکا چھپی، رابطہ، کلنک، ارجن پٹیالا، ہاؤس فل 4، پانی پت اور ممی‘ سمیت دیگر فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

کرتی سینن کو ان کے دراز قد کی وجہ سے بولی وڈ میں اہمیت حاصل ہے، ان کا شمار بھارت کی چند دراز قد اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024