• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

سرینا عیسیٰ کو اہم معاملے پر سماعت کا پورا حق نہیں دیا گیا، نظرثانی کیس کا تحریری فیصلہ

شائع January 29, 2022
جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نظرثانی کیس کا تحریری فیصلہ 9 ماہ اور 2 دن بعد جاری کیا گیا — فائل فوٹو: سپریم کورٹ ویب سائٹ
جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نظرثانی کیس کا تحریری فیصلہ 9 ماہ اور 2 دن بعد جاری کیا گیا — فائل فوٹو: سپریم کورٹ ویب سائٹ

سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نظرثانی کیس کے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ کیس ایف بی آر کو بھجوانے پر سرینا عیسیٰ کا مؤقف نہیں سنا گیا تھا اور انہیں اہم ترین معاملے پر سماعت کا پورا حق نہیں دیا گیا۔

عدالت نے 9 ماہ 2 دن بعد نظرثانی درخواستوں کا تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں جسٹس یحییٰ آفریدی نے اضافی نوٹ تحریر کیا ہے۔

سپریم کورٹ کے دس رکنی لارجر بینچ نے 26 اپریل 2021 کو مختصر فیصلہ سنایا تھا جو چھ، چار کے تناسب سے سرینا عیسیٰ کے حق میں دیا گیا تھا۔

45 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جسٹس مقبول باقر، جسٹس مظہر عالم، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس امین الدین نے تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ سرینا عیسیٰ کی نظر ثانی درخواستیں اکثریت سے منظور کی جاتی ہیں۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ واضح الفاظ کے ساتھ سنایا جاتا ہے کہ اس عدالت کے جج سمیت کوئی قانون سے بالاتر نہیں، دوسری طرف کوئی بھی شخص چاہے وہ اس عدالت کا جج کیوں نہ ہو اس کو قانونی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا، قانون کے مطابق فیصلوں سے ہی عوام کا عدلیہ پر اعتماد بڑھے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس کالعدم قرار دے دیا

اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ جج سمیت کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، عدلیہ کا احتساب ضروری ہے لیکن ہونا قانون کے مطابق چاہیے، کھلی عدالت شیشے کے گھر جیسی ہے، ججز بڑے بڑے عہدوں پر موجود افراد کے خلاف کھل کر فیصلے دیتے ہیں، اس عدالت کے جج سمیت کوئی شخص بھی قانون سے بالاتر نہیں، ہر شہری اپنی زندگی، آزادی، ساکھ، جائیداد سے متعلق قانون کے مطابق سلوک کا حق رکھتا ہے۔

سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 9 سے 28 ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرتے ہیں، اگر کوئی شہری پبلک آفس ہولڈر ہے تو اسے بھی قانون کا تحفظ حاصل ہے، قطع نظر کسی عہدے یا پوزیشن کے ہر پاکستانی قانون کے مطابق سلوک کا حقدار ہے۔

فیصلے میں تحریر کیا گیا ہے کہ کیس ایف بی آر کو بھجوانے پر سرینا عیسیٰ کا مؤقف نہیں سنا گیا تھا، سرینا عیسیٰ کو اہم ترین معاملے پر سماعت کا پورا حق نہیں دیا گیا، جبکہ آئین کے تحت شفاف ٹرائل ہر خاص و عام کا بنیادی حق ہے، صرف جج کی اہلیہ ہونے پر سرینا عیسیٰ کو آئینی حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

مزید پڑھیں: جسٹس عیسیٰ کیس میں فیصلے کے خلاف درخواستیں، رجسٹرار نے اعتراض لگا کر واپس کردیں

عدالت عظمیٰ نے فیصلے میں مزید کہا کہ سرینا عیسیٰ اور ان کے بچے عام شہری ہیں، ان کے ٹیکس کے معاملات کا 184/3 سے کوئی تعلق نہیں، سرینا عیسیٰ کے ٹیکس کا کیس سپریم جوڈیشل کونسل کو نہیں بھیجا جاسکتا، سپریم جوڈیشل کونسل کا دائرہ اختیار صرف ججز تک محدود ہے، جوڈیشل کونسل کی کارروائی پر ایف بی آر کے خلاف اپیل اثر انداز نہیں ہوگی۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایسا بھی ممکن تھا کہ چیئرمین ایف بی آر کی رپورٹ پر جسٹس فائز عیسیٰ برطرف ہوجاتے، جج کی برطرفی کے بعد ایف بی آر کے خلاف اپیل سرینا عیسیٰ کے حق میں بھی آسکتی تھی، لیکن برطرفی کے بعد اپیل میں کامیابی کا فیصلہ ہونے تک جسٹس فائز عیسیٰ ریٹائر ہوچکے ہوتے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ازخود نوٹس لینے کی ہدایت دینا سپریم جوڈیشل کونسل کی آزادی کے خلاف ہے، آئین کے تحت سرکاری افسران ججز کے خلاف شکایت درج نہیں کروا سکتے، چیئرمین ایف بی آر کی رپورٹ دراصل جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف شکایت ہی تھی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین ججز میں سے ایک جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس کا معاملہ مئی 2019 کے اواخر میں سامنے آیا۔

یہ بھی پڑھیں:جسٹس عیسیٰ کیس میں فیصلے کے خلاف درخواستیں، رجسٹرار نے اعتراض لگا کر واپس کردیں

سپریم جوڈیشل کونسل میں صدر مملکت کی جانب سے بھجوائے گئے ریرنس میں جسٹس عیسیٰ پر یہ الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے برطانیہ میں اپنی ان جائیدادوں کو چھپایا جو مبینہ طور پر ان کی بیوی اور بچوں کے نام ہیں۔ صدارتی ریفرنس میں اثاثوں کے حوالے سے مبینہ الزامات عائد کرتے ہوئے سپریم جوڈیشل کونسل سے آرٹیکل 209 کے تحت کارروائی کی استدعا کی تھی۔

یاد رہے کہ ججز کی بے ضابطگیوں اور دیگر شکایات درج کرانے کا واحد فورم سپریم جوڈیشل کونسل ہے۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ میں جسٹس عیسیٰ پر ریفرنس کے خلاف سماعتوں میں فیض آباد دھرنا کیس کا کئی مرتبہ ذکر کیا گیا تو یہ واضح رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 6 فروری 2019 کو فیض آباد دھرنا کیس کا فیصلہ سنایا تھا اور اس کیس میں عدالت عظمیٰ نے حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں، خفیہ ایجنسیوں اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کو ہدایت کی تھی کہ وہ اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کریں۔

سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس بھیجنے کے بعد 3 جون 2019 کو وزارت قانون و انصاف کے ترجمان اور وزیر اعظم کے دفتر کے اثاثہ جات وصولی یونٹ (اے آر یو) نے ایک مشترکہ بیان میں دعویٰ کیا کہ انہیں اعلیٰ عدالتوں کے ججز کی برطانیہ میں رجسٹرڈ جائیدادوں کی مصدقہ نقول موصول ہوگئیں جن کی بنیاد پر سپریم جوڈیشل کونسل ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024