آسکر ایوارڈز کا میلہ کوڈا اور ڈیون کے نام
فلمی دنیا کا سب سے بڑا آسکر ایوارڈ پہلی بار ایسی فلم نے جیت لیا جو سنیما کی بجائے ایک اسٹریمنگ سروس پر ریلیز ہوئی تھی۔
ویسے تو خیال کیا جارہا تھا کہ نیٹ فلیکس پر ریلیز ہونے والی فلم دی پاور آف دی ڈاگ بہترین فلم کا ایوارڈ اپنے نام کرے گی مگر غیرمتوقع طور پر یہ اعزاز ایپل ٹی وی پلس پر ریلیز ہونے والی فلم کوڈا نے اپنے نام کرکے نئی تاریخ رقم کی۔
94 ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں قوت سماعت سے محروم ماں باپ اور بھائی جبکہ سننے کی صلاحیت رکھنے والی بیٹی/ بہن کے ان سے تعلقات کے گرد گھومتی اس فلم نے بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ جیتا۔
اس فلم کو 3 شعبوں میں نامزد کیا گیا تھا اور اس نے تینوں کو اپنے نام کیا۔
بہترین فلم کے ساتھ ساتھ بہترین اڈاپٹڈ اسکرین پلے اور بہترین معاون اداکار (ٹروئے کوٹسر) کے ایوارڈز اس فلم نے جیتے۔
مگر سب سے زیادہ ایوارڈز سائنس فکشن فلم ڈیون نے اپنے نام کیے جو کہ اسے ٹیکنیکل کیٹیگریز جیسے ساؤنڈ، اسکور اور ایڈیٹنگ پر ملے۔
اداکار ول اسمتھ نے کیرئیر میں بہترین اداکار کا پہلا آسکر ایوارڈ فلم کنگ رچرڈ میں کام کرنے پر ملا جس میں انہوں نے سرینا اور وینس ولیمز کے باپ رچرڈ ولیمز کا کردار ادا کیا تھا۔
اس موقع پر ایک حیران کن واقعہ بھی پیش آیا اور اپنی اہلیہ کے حوالے سے مذاق پر ول اسمتھ نے اسٹیج پر کرس راک کو مارا اور چیخ کر کہا کہ اپنے منہ سے میری بیوی کا نام مت نکالو۔
بعد ازاں انہوں نے اس رویے پر معذرت بھی کرتے ہوئے کہا کہ محبت آپ سے کچھ بھی کروا سکتی ہے۔
اداکارہ جیسیکا چیسٹن نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فلم دی آئیز آف ٹیمی فائی میں کام کرنے پر حاصل کیا۔
بہترین معاون اداکارہ کا اعزاز ویسٹ سائیڈ اسٹوری میں کام کرنے والی آرینا ڈی بوس کے نام رہا۔
یہ 1961 میں اسی نام سے بننے والی فلم کا ری میک تھا اور حیران کن طور پر اس وقت بھی بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ یہی کردار ادا کرنے والی اداکارہ کو دیا گیا تھا۔
آرینا آسکر ایوارڈ جیتنے والی پہلی ایفری لاطینی اداکارہ بھی ہیں جبکہ بہترین معاون اداکار کا اعزاز جیتنے والے ٹروئے کوٹسر حس سماعت سے محروم دوسرے اداکار ہیں جن کو یہ ایوارڈ ملا۔
جین کیمپین نے دی پاور آف دی ڈاگ پر بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ جیتا اور وہ اکیڈمی ایوارڈز کی تاریخ میں تیسری خاتون ہیں جو یہ اعزاز جیتنے میں کامیاب رہی۔
بہترین غیرملکی فلم کا ایوارڈ جاپانی فلم ڈرائیو مائی کار کے نام رہا جبکہ اوریجنل اسکرین پلے کا ایوارڈ بلفاسٹ نے جیتا۔
بہترین اوریجنل گانے کا ایوارڈ نو ٹائم ٹو ڈائی، بہترین کاسٹیوم ڈیزائن کا ایوارڈ کریولا، بہترین انیمیٹڈ فلم کا ایوارڈ انکانٹو، بہترین ویژول ایفیکٹس کا ایوارڈ ڈیون، بہترین سنیمافوٹوگرافی کا ایوارڈ ڈیون، بہترین پروڈکشن ڈیزائن کا ایوارڈ ڈیون، فلم ایڈیٹنگ کا ایوارڈ ڈیون، بہترین اوریجنل اسکور کا ایوارڈ ڈیون اور بہترین ساؤنڈ کا ایوارڈ بھی ڈیون کے نام رہا۔
پاکستانی نژاد برطانوی اداکار کی لائیو ایکشن مختصر فلم نے بیسٹ لائیو ایکشن شارٹ فلم دی لانگ گڈ بائے کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔