• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

امریکی رکن کانگریس کی وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات

شائع April 20, 2022
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی رکن کانگریس نے ملاقات کی—فوٹو: اے پی پی
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی رکن کانگریس نے ملاقات کی—فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی خاتون رکن کانگریس الہان عمر نے ملاقات کی جہاں پاک-امریکا تعلقات کی اہمیت اجاگر کی گئی اور دوطرفہ تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور برابری کی بنیاد پر مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دورے پر موجود امریکی رکن کانگریس الہان عمر سے ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری تعلقات سے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ میں مدد مل سکتی ہے۔

امریکا میں سینیٹر منتخب ہونے والی پہلی دو مسلمان خواتین میں سے ایک الہان عمر پاکستان کے دو روزہ دورے پر آج صبح اسلام آباد پہنچی تھیں۔

الہان عمر نے پاکستان پہنچنے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف اور وزیرمملکت برائے خارجہ سمیت دفترخارجہ کے عہدیداروں او دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے الہان عمر کی سیاسی جدوجہد، حوصلہ اور عزم کو سراہتے ہوئے پاکستان کے اولین دورے پر خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے عوامی رابطوں میں اضافہ ہوگا اور پاکستان کی پارلیمان اور امریکی کانگریس کے درمیان تبادلے بھی گہرے ہوں گے۔

امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے دورہ پاکستان سے امریکی کانگریس اور پاکستان کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔

وزیراعظم سے ملاقات کے دوران پاک-امریکا دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے امریکا کو پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے دونوں مالک کے درمیان تعاون، خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں، کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے پاک-امریکا تعلقات کو بڑھانے کے لیے پاکستانی برادری کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قومی ترقی اور بہتری کے لیے ان کی کاوشوں کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی رکن کانگریس سے ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں اور کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے کو معاشی اہمیت کو سمجھنے اور سماجی ترقی کے فروغ کے لیے احساس میں اضافہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پرامن اور مستحکم جنوبی ایشیا ترقی اور بہتری پر توجہ دے سکتا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے زور دیا کہ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر کوششوں کی اشد ضرورت ہے۔

الہان عمر کی صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات

امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے دورہ پاکستان میں صدر مملکت عارف علوی اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جہاں دونوں ممالک کے تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق ‘صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے امریکی رکن کانگریس الہان عمر کی ملاقات ہوئی’۔

صدرمملکت نے کہا کہ ‘پاکستان، امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط، خطے میں امن اور ترقی کو فروغ دیں گے’۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار

انہوں نے کہا کہ ‘باہمی مفاد کے لیے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، دوطرفہ تبادلوں سے دونوں ممالک کے درمیان افہام و تفہیم میں بہتری آئے گی’۔

امریکی رکن کانگریس سے گفتگو کے دوران انہوں نے بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے سلوک پر بات کی اور کہا کہ ‘مودی حکومت کی طرف سے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف مظالم ڈھائے جارہے ہیں، بھارت مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ہے اور ان کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے’۔

اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو بھی اجاگر کیا۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ ‘آئی ٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سب سے اہم شعبہ ہے اور امریکی تاجر اس شعبے میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں’۔

اس موقع پر امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید بہتر اور مضبوط کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق الہان عمر نے اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہا۔

امریکی رکن کانگریس کی عمران خان سے ملاقات

سابق وزیراعظم عمران خان سے الہان عمر کی بنی گالا میں ملاقات ہوئی— فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر
سابق وزیراعظم عمران خان سے الہان عمر کی بنی گالا میں ملاقات ہوئی— فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر

الہان عمر نے اس سے قبل سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے وزیراعظم عمران خان کے حکومت گرانے کی سازش کے الزامات مسترد کردیے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا کہ ‘امریکی خاتون رکن کانگریس الہان عمر نے بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی’۔

بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں ‘دونوں نے اسلاموفوبیا اور اس سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا’۔

اعلامیے کے مطابق الہان عمر نے عمران خان اور عالمی سطح پر مسلمانوں کے لیے کام کی تعریف کی۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے 27 مارچ کو اسلام آباد میں ایک جلسے میں خط لہراتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی حکومت کے خلاف بیرون ملک سے سازش ہو رہی ہے، بعد ازاں نے انہوں نے امریکا کا نام لیا تھا۔

الہان عمر نے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے بھی ملاقات کی جہاں انہوں نے کہا کہ پارلیمان سے پارلیمان کے رابطے پاک-امریکا تعلقات مضبوط کرنے کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔

راجا پرویز اشرف نے الہان عمرا کی جانب سے اقلیتوں کے بنیادی انسانی حقوق بالخصوص امریکا میں خواتین اور بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے کو سراہا اور کانگریس کے اراکین کو تعلقات مضبوط کرنے کے لیے پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

امریکی رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ ان کا ملک پاکستان میں تعلیم، صحت اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

الہان عمر نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی راطے بہتر کرنے کے لیے اسپیکر کو امریکی کانگریس کے دورے کی دعوت دی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Kashif Apr 21, 2022 01:18am
ا م ر ی ک ا مردہ باد کا مطلب اس کی دوسری ملت و اقوام کی آزادی میں مداخلت والی متکبرانہ پالیسی کا ہونا ہے۔ اس کےعلاوہ وہ اپنے رہن سہن اور اندرونی معاملات میں عام اقوام کی طرح محترم ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024