• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سابق چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ مقرر

شائع April 22, 2022 اپ ڈیٹ April 23, 2022
وسیم خان نے کہا ہے کہ کھیل کی ترقی کے لیے کام شروع کرنے کا بے تابی سے منتظر ہوں—فائل فوٹو:اے پی
وسیم خان نے کہا ہے کہ کھیل کی ترقی کے لیے کام شروع کرنے کا بے تابی سے منتظر ہوں—فائل فوٹو:اے پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان کو جنرل منیجر کرکٹ آئی سی سی مقرر کر دیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے اعلان کے مطابق وسیم خان لیسٹر شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب اور چانس ٹو شائن کے چیف ایگزیکٹو کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، وہ آئندہ ماہ اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ وہ جیوف ایلارڈائس سے عہدے کا چارج لیں گے جو آئی سی سی کے سی ای او کے طور پر تقرر سے قبل اس عہدے پر گزشتہ 8 سال سے تعینات تھے۔

آئی سی سی کے سبکدوش ہونے والے جنرل منیجر کرکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مجھے وسیم خان کو آئی سی سی میں خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، وہ ہمارے کھیل اور اس کے اسٹیک ہولڈرز کے بارے میں وسیع معلومات رکھتے ہیں اور بین الاقوامی کرکٹ کا ان کا تجربہ آئی سی سی کی عالمی کرکٹ کی ترقی کی حکمت عملی کو نافذ کرنے اور اسے آگے بڑھانے میں بہت فائدہ مند ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں:پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز نے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا استعفی منظور کر لیا

دوسری جانب وسیم خان نے اپنے تقرر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئی سی سی میں شامل ہونا اپنے لیے ایک اعزاز سمجھتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں کھیل کو ترقی دینے اور مزید آگے بڑھانے کے لیے اپنے اراکین کے ساتھ کام شروع کرنے کا بے تابی سے منتظر ہوں۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ میں خواتین کرکٹ کی ترقی کے لیے آئی سی سی کے عزم کے حوالے سے بہت پرجوش ہوں اور میں اس سلسے میں آئندہ دہائی کے دوران اپنا کردار ادا کرنے کا منتظر ہوں۔

یاد رہے کہ وسیم خان نے یکم فروری 2019 کو پی سی بی میں تین سالہ کنٹریکٹ پر ذمہ داریاں سنبھالی تھیں لیکن انہوں نے اپنا معاہدہ ختم ہونے سے چار ماہ قبل ہی گزشتہ سال ستمبر میں بورڈ کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:وسیم خان کرکٹ کمیٹی کی سربراہی سے دستبردار

وسیم خان نے وارک بزنس اسکول سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی تھی اور وہ ایک سابق پروفیشنل کرکٹر بھی ہیں۔

انہوں نے 1995 سے 2001 تک انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلی تھی، اپنے کاؤنٹی کیریئر کے دوران انہوں نے واروکشائر، سسیکس اور ڈربی شائر کی نمائندگی کی۔

انہوں نے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ میں بھی کرکٹ کھیلی ہے، اپنے فرسٹ کلاس کرکٹ کیریئر کے دوران 58 میچوں میں وسیم خان نے 5 سنچریوں اور 17 نصف سنچریوں کی مدد سے 2 ہزار 835 رنز بنائے تھے، جس میں ان کا کیریئر بیسٹ اسکور 181 رنز تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024