• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

دوسروں پر الزام لگانے والا عمران نیازی جھوٹا، چور اور سازشی ہے، مریم اورنگزیب

شائع May 8, 2022
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کسی نے ملک کے خلاف سازش کی ہے تو وہ عمران خان نے کی ہے—فوٹو:ڈان نیوز
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کسی نے ملک کے خلاف سازش کی ہے تو وہ عمران خان نے کی ہے—فوٹو:ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی کرپشن کے ریکارڈ عوام کے سامنے آ رہے ہیں، دوسروں پر الزام لگانے والا عمران نیازی خود جھوٹا، چور اور سازشی ہے۔

لاہور پریس کلب میں پریس کانفرس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی قیادت میں مافیا عوام کو چار سال لوٹتا رہا، سابق دور میں مہنگائی، قرضوں اور معاشی زبوں حالی کے تاریخی ریکارڈ بنے، 60 لاکھ لوگ بے روزگار ہوئے، دو کروڑ افراد خط غربت سے نیچے گئے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آج فرح گوگی کی اربوں کی کرپشن کی کہانیاں ہر شہری کی زبان پر ہیں، فرح گوگی کو فرنٹ پرسن بنا کر قوم کے اربوں روپے لوٹنے کا حساب دینا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے پیکا سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست واپس لے لی

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کشمیر فروشی پر پاکستان اور کشمیر کے عوام عمران نیازی کو کبھی معاف نہیں کریں گے، عمران نیازی کے خلاف کسی نے سازش نہیں کی، عمران نیازی خود بہت بڑا سازشی ہے، عوام نے تنگ آ کر عمران نیازی کو اقتدار سے باہر پھینکا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج وہ اپنی بدزبانی سے پاکستان کے عوام کو پیغامات دے رہے ہیں، عمران خان نے آج بھی ایک تقریر میں اپنے اندر کی غلاظت انڈیلی جو پاکستان کے عوام نے بھی دیکھی، اگر پاکستان کے نوجوانوں کی تربیت عمران خان کے ہاتھوں ہوئی تو والدین ابھی سے توبہ شروع کردیں۔

انہوں نے کہا کہ جس قسم کی ذہنیت اور غلاظت وہاں سے آتی ہے میرا نہیں خیال کہ کوئی بھی والدین چاہیں گے کہ ان کے بچوں کی تربیت ایک ایسا شخص کرے جس کی اپنی تربیت میں کمی ہو۔

'عمران کو شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے کا غم کھایا جا رہا ہے'

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج کنٹینر پر کھڑے ہو کر وہ کافر ہونے اور غدداری کے فتوے بانٹ رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم اورنگزیب کا پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ختم کرنے کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ وہ فتوے اس لئے بانٹے جا رہے تھے کہ کوئی ان سے ان کی چار سالہ کارکردگی کا نہ پوچھ لے، چار سال انہوں نے پاکستان کے عوام کے لیے کیا کیا ہے؟ چار سال یہ اقتدار میں رہے اور صرف الزامات لگائے، اگر کسی نے غلط کام کیا تھا تو اس عرصے میں انہوں نے حساب کیوں نہیں لیا؟ عوام سوال کرتے ہیں کہ عمران خان نے ثبوت فراہم کر کے اپنے لگائے گئے الزامات کو ثابت کیوں نہیں کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو شہباز شریف کے وزارت عظمی کی کرسی پر پارلیمان اور عوام کے ذریعے بیٹھنے کا غم کھایا جا رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئینی طریقے سے ایک نااہل، چور اور کرپٹ وزیراعظم کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے گھر بھیجا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کسی رکن نے شہباز شریف کو وزارت عظمی کے لئے ووٹ نہیں دیا، عمران خان کے اتحادی ان کی چوری، کرپشن اور جھوٹ بولنے کی وجہ سے انہیں چھوڑ کر گئے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان نے توشہ خانہ سے جتنا کمایا اتنا زندگی بھر نہیں کمایا، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے چار سالوں میں مافیاز اور کارٹلز کے ساتھ مل کر آٹا، بجلی اور گیس، چینی اور گھی چوری کیا، نوجوانوں کو بے روزگار کیا۔

'عمران مائیک لے کر عوام کے پاس جائیں، ان کے منہ پر طمانچے پڑیں گے'

مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران خان کشکول لے کر در در پھرتے رہے، ان کے برعکس شہباز شریف کشکول توڑ کر دوست ممالک گئے کہ ہمیں پاکستان کے عوام کے لئے منصوبے چاہئیں، شہباز شریف نے آپ جیسے بھکاریوں کی طرح اپنے ملک کی عزت کو روندتے ہوئے ہاتھ نہیں پھیلائے، یہی آپ میں اور شہباز شریف میں فرق ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کووڈ کے پیسے بھی نہیں چھوڑے، عوام کو رسوا کیا، ان کے پاس گھر کے کرایہ کے پیسے بھی نہیں چھوڑے، چار سال میں 16 فیصد مہنگائی کے ذمہ دار عمران خان ہیں، تمام بنیادی اشیائے ضروریات زندگی کی قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیشنل ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لیا جارہا ہے، مریم اورنگزیب

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان عوام کے پاس مائیک لے کر جاؤ، آپ کے منہ پر طمانچے پڑیں گے، جو بوجھ عوام پر ڈالا ہے، اس کا جواب عمران خان کو دینا پڑے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہر طرف سے سوال ہو رہا ہے کہ فرح گوگی کون تھی جس نے پنجاب کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا، فرح گوگی اربوں کھربوں کے پیسے لے کر فرار ہے، وہ وقت دور نہیں جس نے عمران خان کے کہنے پر اور عمران خان کے بے نامیوں نے ملک کو لوٹا، ان سے لوٹی ہوئی رقم کا حساب لیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں ہمارے ساتھ سازش ہوئی، عمران خان نے کون سا ایٹم بم بنایا تھا کہ امریکا اس کے خلاف سازش کرتا، عمران خان نے ملک کے عوام کو بے روزگار کیا، کشمیر فروشی کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے ملک کے خلاف سازش کی ہے تو وہ عمران خان نے کی ہے، جولائی میں کہا کہ سازش ہوئی ہے پھر مارچ تک خاموش کیوں رہے؟ انہوں نے کہا کہ عوام نے ان جیسے چوروں، نااہلوں کو ووٹ کے ذریعے باہر پھینکا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر پاکستان کے نوجوان کو روزگار ملے گا تو عمران خان کو جوتوں کا ہار ملے گا، عمران خان کو پتا ہے کہ اگر عوام کو سہولیات میسر آئیں گی تو ان کے گلے میں جوتوں کے ہار ڈالے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت کی مدت پوری ہونے کے بعد عام انتخابات ہوں گے، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام سے کہتے ہیں کہ خونی مارچ ہوگا، خونی مارچ کی قانون اجازت نہیں دیتا، وہ اپنی نالائقی اور اپنی کارکردگی کو چھپانے کی وجہ سے ایسے بیانات دے رہے ہیں، جو وقت ان کے ہاتھ سے گذر گیا ہے اس پر وہ ماتم کر رہے ہیں، اسی وجہ سے وہ خونی مارچ جیسے بیانات دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران نیازی نے اربوں کی منی لانڈرنگ کر کے الیکشن کمیشن میں جواب نہیں دیا، جب الیکشن کمیشن جواب مانگے تو وہ گالیاں دیتے ہیں، عدالتیں آئین کے تحفظ کے لئے کھلیں تو عمران خان عدالتوں کو گالی دیتے ہیں، ان کی سیاست گالی سے شروع اور گالی پر ختم ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج نوجوان پوچھ رہا ہے کہ آپ چار سال کرپشن کا الزام لگاتے رہے لیکن ثابت کچھ نہیں کر سکے۔

وزیراعظم ہاؤس میں ایسٹ میکنگ یونٹ آپ کے لئے اثاثے بناتا رہا، دوسروں پر گاڑیوں کا الزام لگاتے رہے لیکن گاڑیاں آپ خود لے کر گئے، نوجوان سوال کرتے ہیں کہ کب تک جھوٹ بولیں گے، آج نوجوان ایک کروڑ نوکریوں کا حساب مانگ رہا ہے جس کا وعدہ عمران خان نے کیا تھا۔

'ریاست مدینہ، کرپشن پر سیاست کرنے کے بعد سازش کا ڈھونگ رچایاگیا'

عمران خان نے کشکول لے کر ملک کو بھکاری بنایا، عوام اس کا حساب مانگ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان یاد رکھیں ظلم حد سے بڑھ جائے تو مٹ جاتا ہے، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مدینہ کی ریاست پر سیاست کی، اس کے بعد کرپشن پر سیاست کی اور اس کے بعد سازش کا ڈھونگ رچایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سازش کے حوالے سے کمیشن کی رپورٹ کے بعد دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہمیں میڈیا کو ادھر ادھر کرنے کی ضرورت نہیں، میڈیا عمران خان کے تمام جھوٹوں کو دکھا رہا ہے، جتنا جھوٹ عمران خان بولیں گے اس میں فائدہ ہمارا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال اپوزیشن، پارلیمان اور میڈیا کی زبان بندی کی گئی، سینسر شپ کی گئی، میڈیا کے کئی پروگرامز بند کئے گئے، صحافیوں کو ان کے گھروں کے باہر گولیاں ماری گئیں، ہم ان تمام صحافیوں کے ساتھ کھڑے رہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں میڈیا، پارلیمان کی زبان بندی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ تنقید بہتری کے لیے ہو تو ہمیشہ اسے قبول کیا ہے، اس تنقید کے بعد بہتری بھی لائے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024