• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

عمران خان کےخلاف ایسے بیانات دیے گئے تو پاکستان کے ہر طبقے سے ردعمل آئے گا، فواد چوہدری

شائع May 9, 2022
فواد چوہدری نے موجودہ حکومت پر تنقید کی —فوٹو: ڈان نیوز
فواد چوہدری نے موجودہ حکومت پر تنقید کی —فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیراعظم کے بیان پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف اس طرح کے بیانات دیے گئے تو پاکستان کے ہر طبقے سے ردعمل آئے گا۔

اسلام آباد میں سابق وزیر توانائی حماد اظہر اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے کل دو بیانات سامنے آئے، جن میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف ان کی تقریروں پر کیس کریں گے اور دوسرا بیان ہے کہ مریم نواز کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کا خطاب پاکستان کے خلاف 'سازش' ہے، قانونی کارروائی کریں گے، وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی جانب سے پاک فوج کے کور کمانڈرز کے خلاف گفتگو کے بعد پریس ریلیز آئی، جس کے بعد شہباز شریف کا یہ بیان آیا ہے کہ ان کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک مہم چلائی جارہی ہے کہ فوج کی سینئر قیادت اور فوج کے درمیان تفرقہ ڈالا جائے جو انتہائی تشویش کی بات ہے، اس کے باوجود یہ ہو رہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح طور پر یہ بات کہی ہے کہ فوج کو سیاست میں ملوث نہ کیا جائے اور ان کی یہ بات درست ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ مخصوص طریقے سے جان بوجھ کر یہ بات پھیلائی جارہی ہے، پھر ان کے چند صحافی جن کے رابطے کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، ایک صحافی نے کہا کہ فلاں کور کمانڈر تبدیل کیے جائیں گے اور فوج میں یہ تبدیلیاں آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک صحافی نے کہا کہ یہ طے ہوا ہے کہ پی ٹی آئی اور عمران خان سے تو فوج خود ہی حساب کتاب کر لے گی، اسی طرح چند وہ لوگ جن سے وہ ملتے رہتے ہیں ان کی گفتگو بڑی قابل اعتراض ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مخالفین جتنے مرضی کنٹینر کھڑے کرلیں 20 لاکھ لوگوں کا سمندر اسلام آباد آئے گا، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ یوں لگ رہا ہے کہ ایک مخصوص طبقے کو پاکستان کے اداروں کے ساتھ کھل کر کھیلنے کا موقع دیا جارہا ہے، دوسری طرف شہباز شریف کہتے ہیں ہم عمران خان کی تقریروں پر بات کریں گے حالانکہ عمران خان نے اپنی تقریروں میں کسی کا نام نہیں لیا اور اداروں کو محفوظ رکھنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے اداروں کو محفوظ رکھنے کی جتنی کوشش کی ہے، ایسی مثالیں بہت کم ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اگر فوج کا ادارہ کمزور ہوگا تو پاکستان کمزور ہوگا، اس وقت پاکستان کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کی سازش ہے، اس میں پاکستان کے جانے مانے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ طبقہ جو دراصل پاکستان کے خلاف ہے، ایک طبقہ پاکستان کی فوج کے خلاف ہے، پاکستان کی سب بڑی پارٹی اور سب سے بڑے لیڈر کے خلاف اگر وزیراعظم اس طرح کے بیان دیں گے اور ان کے بیان کو اس طرح سیاسی استعمال کریں گے تو ردعمل آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ردعمل پاکستان کے صرف ایک طبقے تک محدود نہیں رہے گا، یہ پاکستان میں ہر جگہ محسوس ہوگا، لہٰذا شہباز شریف کو مشورہ دوں گا کہ اس طرح کی گفتگو سے اجتناب کریں۔

مزید پڑھیں: وزیر اعلیٰ ولد وزیر اعظم حکومت کچے دھاگے سے بندھی ہوئی ہے، فواد چوہدری

فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی گفتگو کو ہم سنجیدہ نہیں لے رہے ہیں لیکن آپ نے جو گفتگو کی ہے وہ کافی نہیں ہے، مریم نواز کی گفتگو پر وہ خود معافی مانگیں یا ان کی پارٹی ان کی طرف سے معافی مانگے اور یہ معافی قوم سے مانگنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ ان کو غیر سنجیدہ قرار دے کر آگے بڑھنے کی کوشش کریں، ان کے بیانات پر معافی ہر صورت مانگنی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سیاسی حالات دگرگوں ہیں جس کی وجہ سے معیشت انتہائی برے حالات کا شکار ہے، پاکستان کے عوام کا ایک بڑا حصہ اس بات پر اتفاق رائے کرچکا ہے کہ عمران خان کی حکومت کو غیر ملکی سازش اور غیر ملکی احکامات پر ہٹایا گیا تھا اور یہ عوام کو قبول نہیں ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس وقت کے حکمران طبقے کے لیے عوام میں نفرت پائی جاتی ہے، اس نفرت کو آگے بڑھنے سے روکنے کا ایک ہی طریقہ ہے، عوام کے پاس جائیں اور عوام سے نیا مینڈیٹ لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ الیکشن زیادہ نقصان کرکے کریں گے یا کم نقصان کرکے کریں گے یہ سوچنے کی بات ہے اور ہماری لانگ مارچ کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کی حتمی تاریخ کا اعلان 20 مئی کو ہوگا جو 20 مئی سے 29 مئی کے درمیان ہوگی اور اسلام آباد کے اندر پاکستان کی تاریخ کا نہیں جنوبی ایشیا کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بہتر یہ ہوگا کہ لانگ مارچ سے پہلے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے، اس سے آپ پاکستان کی سیاست نارمل کر سکتے ہیں اور اگر آپ نارمل نہیں کریں گے تو تمام تر نتائج کی ذمہ داری آپ پر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد مارچ کے لیے 20 مئی کے بعد کسی بھی وقت کال دوں گا، عمران خان

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جھوٹے پرچے کرنے کی روایت زندہ نہ کریں، یہ حکومت پہلی حکومت ہے جس نے توہین مذہب کا قانون اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا۔

انہوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سابق سربراہ ڈاکٹر رضوان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شہباز شریف، حمزہ شہباز اور شریف خاندان اور دیگر ارکان کے خلاف ٹی ٹی کیس کی تحقیقات کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر رضوان نے محنت اور دلیری سے اس کیس کی تحقیقات کی اور منطقی انجام تک پہنچایا، جس کو پاکستان کی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024