• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

عمران خان کے موبائل فون سیالکوٹ جلسے کے بعد چوری ہوگئے، شہباز گل

شائع May 16, 2022
شہباز گل نے کہا کہ جو ویڈیو بیان ریکارڈ کروایا ہے وہ ان فونوں سے نہیں ملے گا—فائل/فوٹو: اے پی پی
شہباز گل نے کہا کہ جو ویڈیو بیان ریکارڈ کروایا ہے وہ ان فونوں سے نہیں ملے گا—فائل/فوٹو: اے پی پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دو موبائل فون سیالکوٹ جلسے کے بعد ایئرپورٹ سے چوری ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شہباز گل نے کہا کہ ‘پرسوں سیالکوٹ میں ایک طرف جان بوجھ کر عمران خان کو کوئی سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی اور دوسری طرف ان کے دو فون چوری کیے گئے’۔

مزید پڑھیں: ویڈیو ریکارڈ کروالی، جس میں سازش کرنے والوں کے نام لیے ہیں، عمران خان

انہوں نے کہا کہ ‘آپ تو بالکل بوکھلا گئے ہیں، خان نے جو ویڈیو بیان ریکارڈ کروایا ہے وہ ان فونوں سے نہیں ملنا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘عمران خان کے جلسہ گاہ جانے کے بعد ایئر پورٹ سے فون چوری کروائے گئے’۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ہفتے کو سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب میں ایک مرتبہ پھر کہا تھا کہ ان کی زندگی خطرے میں ہے اور کہا تھا کہ انہوں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کروائی ہے، جس میں ان لوگوں کے نام ہیں جو گزشتہ برس سے ‘میرے خلاف سازش کر رہے تھے’۔

انہوں نے کہا تھا کہ ‘بند کمروں کے اندر اور ملک سے باہر میرے خلاف سازش ہو رہی ہے اور وہ عمران خان کی زندگی ختم کرنا چاہتے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میرے خلاف ہونے والی سازش کو جانتا ہوں اور میں ایک ویڈیو ریکارڈ کروا کر ایک محفوظ جگہ میں رکھی ہے، اگر میرے ساتھ کچھ ہوتا ہے یہ ویڈیو قوم کے سامنے آئے گی’۔

ویڈیو کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس میں ہر ایک کا نام لیا ہے جو گزشتہ برس سے میرے خلاف سازش کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: مجھے کچھ ہوا تو پاکستانی عوام انصاف دلوائیں، عمران خان

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ‘وہ سمجھتے ہیں عمران خان ہماری راہ میں رکاوٹ ہیں اور اس کو ہٹانے کی ضرورت ہے اور اسی لیے میں نے ویڈیو ریکارڈ کروائی ہے کیونکہ میں اس کو سیاست نہیں جہاد سمجھتا ہوں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اگر میرے ساتھ کچھ ہوجاتا ہے تو پھر میں چاہتا ہوں کہ تمام پاکستانیوں کو معلوم ہو کہ اس سازش کے پیچھے کون تھے’۔

عمران خان نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ ‘میں نے ہر ایک کا نام لیا ہے جس نے منصوبہ بنایا، یہ کرپٹ ٹولا کیسے غیرملکی سازش کا حصہ بنا اور ان کے ساتھ شامل دیگر ان لوگوں کے نام بھی ہیں جو میری حکومت کے خاتمے میں شامل تھے’۔

انہوں نے کہا تھا کہ ‘میں نے ویڈیو اس لیے ریکارڈ کروائی کیونکہ یہ تاریخ رہی ہے کہ طاقت وروں کو قانون کے نیچے نہیں لایا جاتا اور وہ ہمیشہ محفوظ رہتے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ جنہوں نے اس ملک سے دھوکا کیا ہے، ان کے چہرے سب کے سامنے آئیں’۔

پی ٹی آئی رہنما فیصل واڈا نے رواں برس مارچ کے آخر میں سب سے پہلے عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کا خدشہ ظاہر کیا تھا جبکہ اسی دوران ان کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جارہی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024