• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بجٹ میں کٹوتی، آزاد کشمیر کابینہ کا احتجاجاً بجٹ پیش نہ کرنے کا فیصلہ

شائع June 13, 2022
چوہدری انوار الحق نے کہا کہ بجٹ میں کٹوتیوں سے خطے پر منفی اثر پڑے گا—فائل فوٹو / فیس بک
چوہدری انوار الحق نے کہا کہ بجٹ میں کٹوتیوں سے خطے پر منفی اثر پڑے گا—فائل فوٹو / فیس بک

آزاد جموں و کشمیر کابینہ کے اراکین اور پارلیمانی سیکریٹریز کے اجلاس میں وفاق کی جانب سے خطے کی بجٹ گرانٹس میں کٹوتی کے باعث 23-2022کا بجٹ پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی زیر صدارت اجلاس میں 16 میں سے 13 وزرا، 4 میں سے 3 مشیروں اور معاونین خصوصی اور 5 میں سے 3 پارلیمانی سیکریٹریز نے شرکت کی۔

قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری انوار الحق بھی اس موقع پر موجود تھے جو ان دنوں آزاد کشمیر کے قائم مقام صدر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

اجلاس میں بجٹ میں کٹوتی کے معاملے پر اسمبلی کے اندر اور باہر موجود اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کے لیے 12 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم عبدالقیوم نیازی مستعفی

الیکٹرانک، پرنٹ اور اور سوشل میڈیا پر بھی اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرنے کے لیے مزید 2 کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔

ایک سرکاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم سردار تنویز الیاس نے افسوس کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں پر بجٹ میں کٹوتی کر رہی ہے جہاں پی ٹی آئی کی حکومت ہے۔

اجلاس میں انہوں نے کہا کہ ’آزاد جموں کشمیر نہ صرف کشمیر کی آزادی کا بیس کیمپ ہے بلکہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جارحیت کے پیش نظر علاقائی لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے، یہ بجٹ میں کٹوتیوں کا متحمل نہیں ہوسکتا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم حکومتِ پاکستان کو خطے کی حساس نوعیت کے ساتھ ساتھ بجٹ میں کٹوتیوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے بھی آگاہ کریں گے‘۔

مزید پڑھیں: نئے قائد ایوان کا انتخاب، آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کا اجلاس پیر کو طلب

اسپیکر چوہدری انوار الحق نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں کٹوتیوں سے خطے پر منفی اثر پڑے گا۔

پریس ریلیز کے مطابق وزرا کا کہنا تھا کہ کشمیری پہلے ہی پاکستان کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور اگر پاکستان کو اب بھی ان کی قربانیوں کی ضرورت پڑی تو وفاقی حکومت ان کا پورا بجٹ روکنا چاہے تو روک سکتی ہے۔

دریں اثنا آزاد جموں کشمیر کے وزیر برائے لوکل گورنمنٹ اور دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد نے بھی وفاقی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ بجٹ میں کٹوتیوں کے ذریعے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے لوگوں کے خلاف تلخ دشمنی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت سے کہا گیا تھا کہ وہ آئندہ مالی سال کا ترقیاتی بجٹ 29 ارب روپے تک کا تیار کرے۔

یہ بھی پڑھیں: مالی سال 21-2020: آزاد جموں و کشمیر کے 139 ارب روپے کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس شامل نہیں

تاہم انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی ہمیں نہ صرف وفاقی حکومت کی جانب سے براہ راست مالی معاونت کیے گئے منصوبوں کے بلز کی ادائیگی کے لیے کہا گیا ہے بلکہ 29 ارب روپے سے غیر ملکی فنڈ سے چلنے والے منصوبوں کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کا بھی کہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے پش نظر آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں ہمارے پاس عملی طور پر بمشکل 8 سے 9 ارب روپے رہ جائیں گے جس کی وجہ سے پارلیمانی پارٹی اس بات پر متفق ہے کہ آئندہ بجٹ کی تیاری ناممکن ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024