• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کراچی: سی ٹی ڈی نے تحریک طالبان پاکستان کے 'انتہائی مطلوب دہشت گرد' کو گرفتار کر لیا

شائع June 19, 2022
سی ٹی ڈی اور رینجرز نے سائٹ ایریا کی نورس چورنگی کے قریب مشترکہ آپریشن کیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
سی ٹی ڈی اور رینجرز نے سائٹ ایریا کی نورس چورنگی کے قریب مشترکہ آپریشن کیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

سندھ پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 'انتہائی مطلوب دہشت گرد' کو گرفتار کر لیا۔

محکمے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سی ٹی ڈی اور رینجرز نے انٹیلی جنس کی اطلاع پر کراچی کے ضلع غربی میں سائٹ ایریا کی نورس چورنگی کے قریب مشترکہ آپریشن کیا۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ چھاپے کے دوران گرفتار دہشت گرد کی شناخت محمد الیاس کے نام سے ہوئی ہے جس کے قبضے سے غیر قانونی ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

بیان میں بتایا گیا کہ انتہائی مطلوب دہشت گرد سعودی عرب میں چھپا بیٹھا تھا، دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ اور اس کے ساتھیوں نے سائٹ ایریا میں 2013 میں شیر احمد خان کو قتل کیا تھا۔

محکمہ انسداد دہشت گردی نے کہا کہ محمد الیاس ٹی ٹی پی میں 2012 میں شامل ہوا تھا، اس کی دوسرے کیسز میں بھی تفتیش کی جارہی ہے جبکہ قریبی تھانوں سے بھی مزید تصدیق کا عمل جاری ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ مہینے خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 اہم اور انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ہنگو: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 4 مطلوب دہشت گرد ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بیان میں بتایا تھا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ دونوں دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

واضح رہے کہ 31 مئی کو حکومت پاکستان اور ٹی ٹی پی نے اس بار جنگ بندی کو غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے اور قبائلی سرحدی علاقے میں تقریباً 2 دہائیوں سے جاری عسکریت پسندی کے خاتمے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ دونوں فریقین کی جانب سے جنگ بندی میں غیر معینہ مدت تک کے لیے توسیع کی گئی ہے تاکہ تنازع کو ختم کیا جاسکے جس کے سبب بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور پاکستانی قبائلی علاقے میں ہزاروں لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: حکومت، کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان غیر معینہ مدت تک جنگ بندی پر اتفاق

یہ پیش رفت افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دونوں فریقین کے اعلیٰ سطح کے وفود کی ملاقات میں وسیع مذاکرات کے بعد ہوئی تھی۔

گزشتہ سال کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے ساتھ ایک ماہ تک جاری رہنے والی جنگ بندی میں توسیع کرنے سے انکار کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ حکومت پہلے سے کیے گئے فیصلوں پر عمل کرنے میں ناکام رہی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024