ورلڈ کپ 2022 میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والی فٹ بال استعمال ہوگی
قطر میں شیڈول فٹ بال ورلڈ کپ 2022 میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والی فٹ بال ‘الریحلہ’ استعمال ہوگی اور یوں عالمی ایونٹ میں پاکستانی کی نمائندگی ہوگی۔
سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر شیخ زوہیب رفیق سیٹھی کا کہنا تھا کہ قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے میچوں میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والا فٹ بال ‘الریحلہ’ استعمال کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: قطر کا ورلڈ کپ کیلئے آنے والے شائقین کی ٹینٹ میں میزبانی کا فیصلہ
شیخ زوہیب رفیق سیٹھی نے کہا کہ سیالکوٹ کی معروف کمپنی فارورڈ اسپورٹس نے ایڈیڈاز کے لیے الریحلہ فٹ بال تیار کیا ہے جو باضابطہ طور پر فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں استعمال ہوگی اور یہ سیالکوٹ سمیت پاکستان کے لیے بھی ایک بڑا اعزاز اور فخر کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ ورلڈ کپ میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والا فٹ بال استعمال ہو رہی ہو بلکہ یہ تیسراموقع ہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں فارورڈ اسپورٹس کا برانڈ استعمال کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ الریحلہ بال کو قطر کی ثقافت کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے، اس کی تیاری میں استعمال ہونے والا مواد بائیو بیسڈ ری سائیکلنگ میٹریل ہے اور اس کی تیاری میں ماحول دوست پانی پر مبنی کیمیکل استعمال ہوا ہے۔
شیخ زوہیب سیٹھی نے بتایا کہ یہ بال 20 پینلز پر مشتمل ہے اور اسے دنیا کے بہترین فٹ بال میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے روایتی طور پر فٹ بال ہاتھ سے سلے ہوئے تھے تاہم ایک نئی ٹیکنالوجی تھرموس بانڈنگ پہلی بار 2014 کے ورلڈ کپ میں متعارف کرائی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا نے ورلڈ کپ میں روس کی شرکت پر پابندی عائد کردی
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ملکی برآمدات کے حوالے سے اہم شہر ہے اور میں والی بال، ہاکی اسٹکس، کرکٹ بیٹ اور کھیلوں میں استعمال ہونے والا لباس سمیت کھیلوں کا سامان بنانے کے لیے بھی مشہور ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کی صنعت بین الاقوامی معیار کی ٹیکنالوجی استعمال کر رہی ہے۔
شیخ زوہیب سیٹھی نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ اس ورلڈ کپ میں بین الاقوامی فٹبال اسٹارز اور ٹیمیں سیالکوٹ میں تیار کردہ فٹ بال کے ساتھ کھیلیں گی، جس سے پاکستان میں نہ صرف فٹ بال انڈسٹری کو فروغ ملے گابلکہ کھیلوں کے حوالے سے صنعت پر بھی اس کا مثبت اثر پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی صنعت پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
خیال رہے کہ قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ رواں برس نومبر میں شروع ہوگا اور 21 نومبر کو پہلا میچ میزبان قطر ارو ایکواڈور کے سرمیان البیت اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ فٹ بال میں شرکت کرنے والی 32 ٹیموں کو 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ میں شامل تمام 4 ٹیمیں آپس میں ایک،ایک میچ کھیلیں گی، 9 دسمبر کو کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز ہوگا جبکہ 13 اور 14 دسمبر کو دونوں سیمی فائنل کھیلے جائیں گے۔
ورلڈ کپ کا فائنل 18 دسمبر کو لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔