• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

جاپان: کمپنی ملازم نے تمام شہریوں کے نجی ڈیٹا سے بھری یو ایس بی کھو دی

شائع June 25, 2022
ملازم  نے ہوش کھونے سے قبل ایک ریسٹورنٹ میں شراب پیتے ہوئے کئی گھنٹے گزارے—فائل فوٹو : اے ایف پی
ملازم نے ہوش کھونے سے قبل ایک ریسٹورنٹ میں شراب پیتے ہوئے کئی گھنٹے گزارے—فائل فوٹو : اے ایف پی

جاپان کے شہر اماگاساکی میں ایک کمپنی ملازم نے نشے کی حالت میں پورے شہر کے لوگوں کی نجی معلومات سے بھری یو ایس بی کھو دی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ٹیکس سے مستثنیٰ گھرانوں کو سہولتیں فراہم کرنے والی کمپنی کے مذکورہ ملازم نے دفتر کے ساتھیوں کے ہمراہ شراب پینے سے قبل یو ایس بی اپنے بیگ میں رکھ دی تھی۔

جاپانی نشریاتی ادارے ’این ایچ کے‘ کی خبر کے مطابق اس نے سڑک پر ہوش کھونے سے قبل ایک مقامی ریسٹورنٹ میں شراب پیتے ہوئے کئی گھنٹے گزارے، بالآخر جب اس کے اوسان بحال ہوئے تو اسے احساس ہوا کہ اس کا بیگ اور یو ایس بی دونوں غائب ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہزاروں ماڈلز کی ذاتی اور اہم معلومات افشا ہونے کا انکشاف

کمپنی ملازم نے رات کو دفتر کے ساتھیوں سے ملاقات سے قبل شام کو تمام شہریوں کی ذاتی معلومات کو یو ایس بی میں منتقل کیا تھا۔

شہری حکام نے بتایا کہ یو ایس بی میں محفوظ کی گئی معلومات میں تمام شہریوں کے نام، تاریخ پیدائش اور پتے شامل تھے۔

اس میں ٹیکس کی تفصیلات، بینک اکاؤنٹ نمبر اور سوشل سیکیورٹی سے استفادہ کرنے والے خاندانوں کی معلومات سمیت مزید حساس ڈیٹا بھی شامل ہے۔

مزید پڑھیں: اسٹیٹ بینک کی عوام کو فون کالز پر نجی معلومات نہ دینے کی ہدایت

مذکورہ ملازم کا نام فی الحال ظاہر نہیں کیا گیا ہے، شہری حکام نے بتایا کہ یہ اس کمپنی ملازم کی خوش قسمتی ہے کہ یو ایس بی میں موجود ڈیٹا پہلے ہی انکرپٹڈ اور پاس ورڈ کے ساتھ لاک ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تاحال ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ کسی نے یو ایس بی میں محفوظ معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی ہو۔

تاہم اس شرمناک واقعے نے حکام کو معافی مانگنے پر مجبور کردیا، شہر کے میئر اور دیگر عہدیداروں نے شہریوں سے باقاعدہ معذرت کی۔

اماگاساکی شہر کے ایک عہدیدار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ہمیں اس بات کا گہرا افسوس ہے کہ ہم نے عوام کے شہر کی انتظامیہ پر اعتماد کو گہرا نقصان پہنچایا ہے‘۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024