• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ابھی ٹینکوں کے آگے لیٹنے کی ضرورت نہیں ہے، عمران خان کا کارکن کو جواب

شائع June 29, 2022
عمران خان نے کارکنوں سے کہا کہ 2 جولائی کے جلسے کی تیاری کریں — فوٹو: ڈان نیوز
عمران خان نے کارکنوں سے کہا کہ 2 جولائی کے جلسے کی تیاری کریں — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کیا اور جب خطاب کے دوران کارکن نے کہا کہ خان صاحب، حکم کریں ٹینکوں کے آگے لیٹنے کو تیار ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ ابھی اس کی ضرورت نہیں ہے۔

اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 2 جولائی کو اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: پنجاب پولیس اور بیوروکریسی حکومت کے غیرقانونی احکامات نہ مانیں، عمران خان

انہوں نے کہا کہ جو حکومت ہماری اوپر مسلط کی گئی، وہ 30 سال سے چوری کر رہے تھے اور کرپٹ لوگ تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا ان لوگوں کو ہمارے بھلے کے لیے نہیں بلکہ اپنی غلامی کے لیے لے کر آیا ہے، اس حکومت نے آتے ساتھ ہی اپنے کرپشن کے کیسز ختم کیے، نیب ختم کیا۔

عمران خان نے کہا کہ جو چور ہے وہ اپنا احتساب نہیں کر سکتا، شہباز شریف نے ایف آئی اے اور نیب کو اپنے نیچے کیا اور نیب ترمیم کرکے 1100 ارب روپے کے کیسز ختم کردیے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو ماہ میں جتنی مہنگائی کی گئی ہے پاکستان کی تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی، ایک طرف لوگوں پر مہنگائی مسلط کی اور عام آدمی کے لیے پیٹرول، ڈیزل، گیس اور سب چیزیں مہنگی کردیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف اشیا کی قیمتیں آسمان پر ہیں اور معیشت زمین پر ہے جبکہ مزید مہنگائی ہوگی، بجلی، پیٹرول، گیس اور کھانے کی اشیا مہنگی ہوں گی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کیا وجہ تھی کہ ہماری حکومت کو گرا کر ان چوروں کو بٹھایا اور آج لوگ کہہ رہے ہیں پاکستان قرضوں کی قسطیں واپس نہیں کر پائے گا اور ڈیفالٹ کر جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: معیشت ٹھیک کرنے کیلئے زرداری، شریفوں کے باہر پڑے اربوں ڈالر واپس لانا ہوں گے، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ آج آئی ایم ایف کے پیر پکڑے ہوئے ہیں کہ خدا کے واسطے ہمیں پیسے دے دو، ہم جتنی مہنگائی آپ چاہیں کردیں گے، ہمارے ساتھ بھی آئی ایم ایف تھا لیکن ہم نے مہنگائی روک کر رکھی اور اب لوگوں کو پتا چل رہا ہے کہ مہنگائی کیا ہے۔

کارکنوں کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ خواتین اور کارکن سب لوگوں کے دروازوں میں جا کر کھٹکھٹانا ہے کہ ہمارے لیے، اپنے لیے اور اپنے مستقبل کے لیے نکلنا ہے، لوگوں کو بتانا ہے کہ یہ ذمہ داری صرف عمران خان کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے کہ مظاہرے کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم 2 جولائی کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ثابت کریں گے کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے۔

اس موقع پر ایک کارکن نے عمران خان سے کہا کہ ‘خان صاحب، ہم ٹینکوں کے آگے بھی لیٹ جائیں گے، حکم کریں آپ’، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ اس کی ابھی ضرورت نہیں ہے، کوئی ضرورت نہیں ہے، ہمیں صرف اس وقت اپنی قوم کی خواتین اور نوجوانوں کی ضرورت ہے۔

کنونشن کے دوران کارکنوں نے مختلف نعرے لگائے اور عمران خان نے ان کا جواب بھی دیا، جب کارکنوں نے کہا کہ عمران خان قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں تو انہوں نے کہا کہ قدم بڑھا رہا ہوں، پہلے مجھے بات مکمل کرنے دیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024