• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

'اپنے وسائل معاشرے کو واپس لوٹانا میرا فرض ہے'

شائع July 15, 2022 اپ ڈیٹ July 16, 2022
بل گیٹس نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ دنیا کی ترقی کی جانب واپس لوٹنا ممکن ہے— فائل فوٹو : نیٹ فلکس
بل گیٹس نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ دنیا کی ترقی کی جانب واپس لوٹنا ممکن ہے— فائل فوٹو : نیٹ فلکس

مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے اپنی تمام دولت عطیہ کرنے اور دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست سے نکلنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

ٹوئٹر پر سلسلہ وار ٹوئٹس میں مائیکروسافٹ کے سابق ایگزیکٹیو نے کہا کہ 'گزشتہ چند برسوں میں عالمی سطح پر کئی بڑے دھچکوں نے بہت سے لوگوں کی حوصلہ شکنی کی ہے اور وہ یہ سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ کیا دنیا مزید بگڑنے والی ہے؟'

انہوں نے لکھا 'کورونا وبا تاریخ کے سب سے بڑے دھچکوں میں سے ایک ہے، یوکرین کے خلاف جنگ پوری دنیا کے لیے ایک بہت بڑا المیہ ہے، موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والا نقصان پہلے سے کی جانے والی پیش گوئیوں سے کہیں زیادہ خطرناک ہے، امریکا صنفی مساوات اور خواتین کی صحت کے حوالے سے ایک اہم پوزیشن سے پیچھے ہٹ گیا ہے'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'لیکن میں اب بھی پر امید ہوں، یہ دھچکے 2 دہائیوں کی تاریخی پیش رفت کے تناظر میں سامنے آرہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ اس نقصان کو کم کرنا اور دنیا کی ترقی کی جانب واپس لوٹنا ممکن ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ 'ملینڈا اور میں نے 2000 میں گیٹس فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی تھی کیونکہ ہم سمجھتے تھے کہ ہر شخص کو صحت مند اور بھرپور زندگی گزارنے کا موقع ملنا چاہیے، ہمارا نقطہ نظر آج بھی رہی ہے لیکن حالیہ دور کے بڑے بحران ہم سب سے اس حوالے سے مزید اقدامات اٹھانے کا تقاضا کررہے ہیں'۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ 'اپنے بورڈ کے تعاون اور رہنمائی کے ساتھ ہم اپنے اخراجات کو آج تقریباً 6 ارب ڈالر سالانہ سے بڑھا کر 2026 تک 9 ارب ڈالر سالانہ تک لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں، اخراجات میں اس اضافے کو ممکن بنانے میں مدد کے لیے میں رواں ماہ اپنی فاؤنڈیشن کو 20 ارب ڈالر عطیہ کر رہا ہوں'۔

انہوں نے کہا کہ 'وبائی امراض کو روکنے، کم عمری میں ہونے والی اموات کی روک تھام، بیماریوں کے خاتمے، خوراک کی حفاظت اور موسمیاتی موافقت کو بہتر بنانے، صنفی مساوات کے حصول اور تعلیم کی سہولیات کو بہتر بنانے جیسے بڑے مسائل کو حل کرنے میں فاؤنڈیشن کے کردار پر مجھے بہت فخر ہے'۔

انہوں نے لکھا 'اگرچہ فاؤنڈیشن ہمارے نام پر ہے لیکن بنیادی طور پر ہمارے آدھے وسائل وارن بوفٹ کی جانب سے آئے ہیں، ان کی ناقابل یقین سخاوت ایک بہت بڑی وجہ ہے کہ فاؤنڈیشن اس قدر خدمات سرانجام دینے میں کامیاب رہی، میں ان کی دوستی اور رہنمائی کی کتنی قدر کرتا ہوں اس کا میں کبھی بھی مناسب طور پر اظہار نہیں کرسکتا'۔

سلسلہ وار ٹوئٹس کے اختتام پر بل گیٹس نے لکھا کہ 'میں مستقبل میں اپنی تمام دولت فاؤنڈیشن کو دینے کا ارادہ رکھتا ہوں، میں دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں نیچے آتا جاؤں گا اور بالآخر اس فہرست سے باہر ہو جاؤں گا'۔

انہوں نے کہا کہ 'اپنے وسائل معاشرے کو واپس اس طرح لوٹانا میرا فرض ہے جس سے مصائب میں کمی اور لوگوں کی زندگیوں میں بہتری آئے، مجھے توقع ہے کہ دیگر امیر افراد بھی اس تحریک کا حصہ بنیں گے'۔

واضح رہے کہ فوربز میگزین کا دنیا کی امیر ترین شخصیت کا ٹائٹل 1995 سے 2010 تک اور پھر 2013 سے 2017 تک بل گیٹس کے پاس رہا ہے۔

2017 میں ان کی جگہ ایمیزون کے بانی جیف بزوس نے لے لی تھی، بعدازاں 2022 میں یہ اعزاز ٹیسلا کے سربراہ ایلن مسک کو حاصل ہوا۔

اس وقت دنیا کے امیر ترین افراد کی اس فہرست میں بل گیٹس 102.3 ارب ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024