• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

گال ٹیسٹ: بابر کی شاندار سنچری، پاکستانی ٹیم 218 پر آؤٹ، سری لنکا کو 40 رنز کی برتری

شائع July 17, 2022
بابراعظم نے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 119 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
بابراعظم نے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 119 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم  119 رنز بنا کر  آؤٹ ہوئے — فوٹو: پی سی بی
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 119 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے — فوٹو: پی سی بی

کپتان بابراعظم نے شان دار سنچری کی بدولت قومی کرکٹ ٹیم کو گال ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سری لنکا کے 222 رنز کے جواب میں ایک مشکل صورت حال سے نکال کر 218 رنز تک پہنچادیا جبکہ میزبان ٹیم نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 40 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

سری لنکا کے شہر گال میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری بنائی اور 119 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم ٹیم کو پہلی اننگز میں 4 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔

گال ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے جب اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 24 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو تجربہ کار بلے باز اظہر علی اور بابر اعظم وکٹ پر موجود تھے۔

کھیل کے آغاز سے ہی سری لنکن باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کی اور پاکستانی بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا، قومی ٹیم کے کھلاڑی بڑی شراکت قائم نہ کر سکے اور مسلسل آؤٹ ہوتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: گال ٹیسٹ: سری لنکا 222 رنز پر آؤٹ، پاکستان کے دو وکٹوں پر 24 رنز

دوسرے روز پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اظہر علی تھے جو گزشتہ روز کے انفرادی اسکور میں اضافہ کیے بغیر 3 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئے جبکہ محمد رضوان 19 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والی سلمان علی آغا صرف 5 رنز بنا سکے، محمد نواز کی اننگز بھی 5 رنز تک ہی محدود رہی، شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ لیگ اسپنر یاسر شاہ نے 18 اور حسن علی 17 رنز بنا کر ٹیم کو بڑے خسارے سے بچانے کے لیے کپتان کا حتی الامکان ساتھ دیا۔

کپتان بابراعظم نے مردبحران کا کردار ادا کرتے ہوئے ٹیم کو مکمل تباہی سے نہ صرف بچایا بلکہ ٹیم کا مجموعہ 218 رنز تک پہنچا کر خسارہ 4 رنز تک محدود کردیا

قومی ٹیم کے کپتان نے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 119 رنز بنائے اور تھیکشانا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے پراباتھ جے سوریا نے بہترین باؤلنگ کی اور 5 وکٹیں حاصل کیں، دیگر باؤلرز میں مہیش تھیکشانا اور رامیش مینڈس نے 2،2، کاسن راجیتھا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو محمد نواز نے 33 کے مجموعے پر کپتان کرونارتنے کو آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔

دوسرے روز جب کھیل کا اختتام ہوا تو سری لنکا نے ایک وکٹ پر 36 رنز بنا لیے تھے اور 40 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

پاکستان نے گال ٹیسٹ کے پہلے روز سری لنکا کی پوری ٹیم کو 222 رنز پر آؤٹ کرنے ک بعد اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں پر 24 رنز بنائے تھے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے سری لنکا کے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان

گزشتہ روز امام الحق صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے، تجربہ کار بلے باز اظہر علی اور عبداللہ شفیق بھی بڑی شراکت داری میں ناکام رہے اور 21 کے مجموعے پر دوسری وکٹ گر گئی تھی، عبداللہ شفیق 13 رنز بنا کر جے سوریا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے تھے۔

دن کے اختتام پر اظہر علی 3 اور کپتان بابر اعظم ایک رن بنا کر کھیل رہے تھے۔

اس سے قبل گال میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا تھا اور پوری ٹیم 222 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

سری لنکا کی جانب سے دنیش چندیمل 76 اور مہیش تھیکشانا 38 بنا کر نمایاں رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کشیدگی کے باوجود پاکستان کی ٹیم سری لنکا کا دورہ جاری رکھے گی

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، حسن علی اور یاسر شاہ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس سے قبل پاکستان نے میچ کے لیے ایک دن قبل ہی فائنل الیون کا اعلان کیا تھا اور تجربہ کار فواد عالم کو ٹیم سے ڈراپ کرکے آغا سلمان کو ٹیسٹ ڈیبیو کرایا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024