شاہین شاہ آفریدی گھٹنے کی انجری کے سبب سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر
پاکستانی کرکٹ ٹیم کےفاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے میں معمولی زخم کے باعث سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے۔
قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے گال میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے مہمان ٹیم کی پہلی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کرکٹ کے تینوں طرز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اہم باؤلر شاہین شاہ آفریدی ٹیسٹ کے چوتھے روز گھٹنے پر معمولی چوٹ لگنے سے زخمی ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں: شاہین شاہ آفریدی کیلئے بڑا اعزاز، کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا
اس ضمن میں حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلی ٹیسٹ کے چوتھے دن گھٹنے پر چوٹ لگنے کی وجہ سے شاہین آفریدی 24 جولائی کو گال میں شروع ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ فاسٹ باؤلر سری لنکا میں ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ رہیں گے جہاں چوٹ سے ان کی بحالی ٹیم کے طبی عملے کی نگرانی میں جاری رہے گا۔
22 سالہ شاہین شاہ آفریدی 2018 میں کرکٹ ڈیبیو کرنے کے بعد سے اب تک 25 ٹیسٹ میچوں میں 99 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
خیال رہے کہ سری لنکا کے گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں اوپنر عبداللہ شفیق نے دوسری اننگز میں 160 رنز بنا کر پاکستان کو 342 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کامیابی دلا دی تھی اور قومی ٹیم نے دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
قبل ازیں، جمعرات کو سری لنکا کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ باؤلر مہیش تھیکشنا کو انگلی میں چوٹ کے باعث دوسرے ٹیسٹ سے باہر کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہین شاہ آفریدی خیبر پختونخوا پولیس کے خیر سگالی سفیر مقرر
اسپنر نے ابتدائی ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی اننگز میں 68 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کی تھیں جس کے بعد پہلا میچ کھیلنے والے آل راؤنڈر لکشیتھا ماناسنگھے کو متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
رواں ماہ آسٹریلیا کے دوسرے ٹیسٹ کے وسط میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے بلے باز پتھم نسانکا اتوار کو پاکستان کے خلاف گال میں شروع ہونے والے آخری میچ میں ٹیم میں واپس آئیں گے۔
سری لنکا کے لیے عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بہتری کے لیے یہ سیریز بہت اہمیت کی حامل ہے، پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد سری لنکا 48.15 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے، دوسری جانب پاکستان 58.33 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔