• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

عامر لیاقت کے بچوں نے دانیہ ملک کے خلاف ایف آئی اے میں شکایت درج کروادی

شائع July 23, 2022
دعا عامر نے والدہ کے ہمراہ ایف آئی اے مین شکایت درج کروائی—فائل فوٹو: فیس بک
دعا عامر نے والدہ کے ہمراہ ایف آئی اے مین شکایت درج کروائی—فائل فوٹو: فیس بک

گزشتہ ماہ انتقال کر جانے والے معروف اینکر پرسن اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے بچوں اور سابق پہلی بیوی بشریٰ اقبال نے دانیہ ملک کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں شکایت درج کروادی۔

ایک روز قبل بشریٰ اقبال نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے بتایا تھا کہ وہ عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک کے خلاف ایف آئی اے کے سائبر کرائم میں مقدمہ درج کرنے جا رہے ہیں۔

اب انہوں نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم میں دانیہ ملک کے خلاف شکایت درج کروادی۔

ایف آئی اے میں شکایت درج کروانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عامر لیاقت کی صاحبزادی دعا عامر نے بتایا کہ انہوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کو دانیہ ملک کے خلاف شواہد بھی پیش کردیے۔

دعا عامر نے میڈیا سے تعاون کی اپیل بھی کی—فوٹو: فیس بک
دعا عامر نے میڈیا سے تعاون کی اپیل بھی کی—فوٹو: فیس بک

دعا عامر کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش تھی کہ دانیہ ملک کے خلاف کارروائی ہو لیکن بعد میں وہ خود ہی پوسٹ مارٹم کے معاملے میں کود پڑیں، جس وجہ سے انہیں ان کے خلاف ایکشن لینا پڑا۔

انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے حکام نے انہیں دانیہ ملک کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے اور انہیں بتایا گیا ہے کہ شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ہر ممکن کارروائی کی جائے گی۔

دعا عامر نے اس دوران میڈیا سے بھی ساتھ دینے کی اپیل کی۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ اقبال کا دانیہ ملک کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ کرنے کا اعلان

ایف آئی اے میں شکایت درج کرواتے وقت دعا عامر کے ہمراہ والدہ بشریٰ اقبال اور ان کے وکیل بھی موجود تھے۔

بشریٰ اقبال اور عامر لیاقت کے درمیان دسمبر 2020 میں طلاق ہوگئی تھی، دونوں کی شادی دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک چلی۔

بشریٰ اقبال اس وقت دو بچوں بیٹے احمد اور بیٹی دعا عامر کے ہمراہ رہتی ہیں۔

بشریٰ اقبال ، عامر لیاقت کی سابق پہلی جب کہ دانیہ ملک تیسری بیوی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
بشریٰ اقبال ، عامر لیاقت کی سابق پہلی جب کہ دانیہ ملک تیسری بیوی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

عامر لیاقت نے بشریٰ اقبال سے شادی ختم ہونے سے قبل ہی اگست 2018 میں ماڈل طوبیٰ انور سے شادی کی تھی، جنہوں نے ان سے فروری 2022 میں خلع لے لی تھی۔

فروری 2022 میں ہی عامر لیاقت نے پنجاب کی رہائشی 18 سالہ دانیہ ملک سے تیسری شادی کرلی تھی، جنہوں نے محض تین ماہ بعد مئی میں تنسیخ نکاح کے لیے پنجاب کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی مگر ان کی خلع ہونے سے قبل ہی عامر لیاقت انتقال کر گئے تھے۔

مزید پڑھیں: دانیہ شاہ کا عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کیلئے عدالت سے رجوع

عامر لیاقت کے انتقال کے ایک ماہ بعد تین دن قبل ہی دانیہ ملک نے سندھ ہائی کورٹ میں شوہر کا پوسٹ مارٹم کروانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور اب ان کی درخواست پر آئندہ ہفتے 28 جولائی کو سماعت ہوگی۔

عامر لیاقت 10 جون کو کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر بے ہوش کی حالت میں پائے گئے تھے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر وہ جاں بر نہ ہوسکے تھے۔

ان کے انتقال کے بعد ان کے پوسٹ مارٹم پر بھی تنازع رہا، ان کے بچوں نے پوسٹ مارٹم کروانے سے انکار کردیا تھا، تاہم پولیس بضد تھی کہ قانونی کارروائی کے لیے ان کا پوسٹ مارٹم ہونا لازمی ہے۔

عامر لیاقت کے بچوں اور سابق پہلی بیوی نے پوسٹ مارٹم نہ کروانے سے متعلق ابتدائی طور پر کراچی کی مقامی عدالت اور بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ سے بھی آرڈرز حاصل کیے تھے۔

ایک نامعلوم شہری نے بھی عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کی درخواست دی تھی، جس پر عدالت نے ان کی قبرکشائی کا حکم بھی دیا تھا، لیکن بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے عامر لیاقت کے بچوں کی درخواست پر وہ حکم بھی معطل کردیا تھا۔

اب دانیہ ملک نے عامر لیاقت کی قبرکشائی کرکے ان کا پوسٹ مارٹم کروانے کی درخواست سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی ہے، جس پر مزید سماعت 28 جولائی کو ہونے کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024