• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

سعد رفیق نے ’پروجیکٹ عمران کو لانچ کرنے کے مقاصد‘ بتادیے

شائع July 26, 2022
خواجہ سعد رفیق احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
خواجہ سعد رفیق احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر برائے ریلوے اور ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو آئین میں دیے گئے طریقہ کار کے مطابق ان کی ایک 'سازش' کو ناکام بناتے ہوئے سبکدوش کیا ، اس سازش کا مقصد الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے ذریعے انتخابی نتائج حاصل کرنا، مسلح افواج میں میرٹ سے بالاتر تقرریاں اور 1973 کے آئین کو پامال کرکے انہیں دو تہائی اکثریت سے اقتدار میں واپس لانا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے الزام لگایا کہ ’پروجیکٹ عمران‘ کے سہولت کار ملک میں سیاسی قیادت کا خاتمہ کرتے ہوئے صدارتی نظام حکومت متعارف کروانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو ہٹانے کی بنیادی وجہ معاشی بدحالی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے کسی قدم کے جواب میں فیصلہ ہوا تو ٹکا کر جواب دیا جائے گا، خواجہ سعد رفیق

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اسٹیبلشمنٹ کی حمایت کے بغیر آئینی طریقے سے گھر بھیجا گیا۔

سعد رفیق نے کہا کہ حکمران اتحاد میں شامل سیاسی جماعتوں کو اندازہ نہیں تھا کہ ان کی حکومت کو اداروں میں بیٹھے پروجیکٹ عمران کے سہولت کاروں کی سازشوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ پروجیکٹ عمران خان کو لانچ کرنے میں بڑی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور 2018 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کا مینڈیٹ چھینا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے صرف ملک کو عدم استحکام سے بچانے کے لیے دھاندلی زدہ انتخابات کے نتائج کو قبول کیا۔

انہوں نے عمران خان کے سہولت کاروں سے کہا کہ ان کا منصوبہ ناکام ہو چکا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 2011 سے جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے نوجوان نسل کے اذہان کو آلودہ کیا جا رہا ہے جب کہ اسی پروپیگنڈے کے تحت سابق وزیر اعظم کو فرشتہ بنا کر پیش کرنے کی کوششیں کی گئیں۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم کا مقصد ایک حکومت کو گراکر اپنی حکومت بنانا نہیں، سعد رفیق

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ شرمناک معاہدے کر کے ملکی معیشت کو تباہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کی کارروائی سے متعلق بات کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ عدالتیں صرف آئین کی تشریح کر سکتی ہیں اور وہ تشریح بھی صرف سپریم قانون کے مطابق ہی کرسکتی ہیں۔

اس سے قبل سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق اپنے خلاف پیراگون ریفرنس کی سماعت کے سلسلے میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے پنجاب بار کونسل کے سیکریٹری اشرف راہی کے قتل کے خلاف وکلا کی ہڑتال کے باعث سماعت 5 اگست تک ملتوی کر دی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024